تازہ ترین

کورونا کا قہر جاری| ملک میں مرنے والوں کی تعداد 39 ہزار کے قریب پہنچ گئی

تاریخ    5 اگست 2020 (00 : 03 AM)   


 نئی دہلی// ملک میں کورونا وائرس کے حالات دن بہ دن بدتر ہوتے جارہے ہیں اورگزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 52 ہزار سے زیادہ نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس سے متاثرہ افراد کی تعداد 18.5 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ 803 افراد کی ہلاکت کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 39 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے ۔منگل کو مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں52050 افراد کے کورونا سے متاثر ہونے کے بعد مجموعی تعداد بڑھ کر 1855746 ہوگئی۔راحت کی بات یہ ہے کہ اس عرصے کے دوران 44306 افرادکورونا سے شفایاب ہوئے ہیں ، جس سے صحت مند افراد کی کل تعداد 1230510 ہوگئی ہے ۔ زیادہ تر ریاستوں میں صحت مند افراد کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے فعال کیسز میں صرف 6941 عدد کا اضافہ ہوا ہے ، جس کی وجہ سے ان کی تعداد 586298 ہوگئی ہے ۔ اسی دوران مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 38938 ہوگئی ہے ۔ملک میں کورونا وائرس سے سب زیادہ متاثر مہاراشٹر ہے جہاں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مریضوں کی تعداد میں 1519 تک کمی آئی ہے ، جس سے ایکٹیوکیسز 147324 رہ گئے اور 266 اموات کے ساتھ ہلاک شدگان کی تعداد 15842 ہو گئی ہے ۔ اسی عرصے کے دوران 10221 افراد جان لیوا وبا سے شفایاب ہوئے ہیں ۔ کرناٹک میں اسی عرصہ کے دوران 121 عدد مریضوں کی کمی ہوئی ہے جس سے اب اس ریاست میں 74477 فعال کیسز ہیں۔ ہلاکتوں کی تعداد 98 سے بڑھ کر 2594 ہوگئی ہے ۔ اب تک ریاست میں کل 62500 افراد شفایاب ہوئے ہیں۔آندھرا پردیش میں گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس مریضوں کی تعداد میں 1973 کا اضافہ ہوا ، جس سے فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 76377 ہوگئی۔ ریاست میں اب تک 1537 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور مجموعی طور پر 88672 افراد جان لیوا وائرس سے شفایاب ہوچکے ہیں۔ تمل ناڈو میں سرگرم کیسز کم ہوکر 56698 رہ گئے ہیں اور4241 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ وہیں ریاست میں اب تک 202283 افراد صحت مند ہوچکے ہیں۔آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں 40191 فعال کیسز ہیں اور اس وبا سے 1778 افراد کی موت ہوئی ہے جبکہ 55393 مریض شفایاب ہوچکے ہیں ۔
 

تازہ ترین