تازہ ترین

بڑے جانور کی قربانی سے متعلق اخبار میں اشتہار

بانہال کے مدرسہ کے سربراہ کیخلاف ایف آئی آردرج

تاریخ    1 اگست 2020 (00 : 03 AM)   


ایم ایم پرویز
رام بن//ضلع صدر وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) رام بن کی طرف سے ضلع مجسٹریٹ کے سامنے مدرسہ فیض الاسلام ناگبل بانہال کے سربراہ غلام رسول کے خلاف تحریری شکایت درج کرنے پر پولیس اسٹیشن بانہال میں کیس درج کیاگیاہے۔ذرائع نے بتایا کہ جامعہ اسلامیہ فیض الاسلام بانہال کے زیر اہتمام عید الاضحی پر اجتماعی قربانی کے عنوان سے ایک اشتہار سامنے آیا جس میں ایک اخبارمیں بڑے اور درمیانے درجے کے جانوروں کی قیمت کا ذکر کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق شکایت کنندہ نے غلام رسول کے ذریعہ دیئے گئے اخباری اشتہار پر اعتراض جتایا۔اس سلسلے میں شکایت کنندہ وی ایچ پی کے ضلع صدر آشیش شرما نے ضلع مجسٹریٹ کے سامنے ایک تحریری شکایت درج کروائی،,جس میں بتایا گیا ہے کہ بانہال میں کچھ ایسی سرگرمیاں جاری ہیں جو ضلع میں بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کرسکتی ہیں۔شکایت کنندہ نے الزام لگایاکہ بانہال میں اب غیر قانونی مویشی منڈیاں اور ذبح خانے کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عید کے موقعہ پر ایسی سرگرمیاں انجام دی جارہی ہیں جس سے پرامن ماحول بگڑ سکتاہے۔شکایت کنندہ نے کہاکہ اشتہار میں بڑے جانور کاذکر کیاگیاہے جو گائے بھی ہوسکتی ہے۔ شکایت موصول ہونے کے بعد ضلع مجسٹریٹ ناظم ضیا خان نے ایس ڈی ایم بانہال سے کہا کہ اگرشکایت درست پائی جائے تومتعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔ایس ڈی ایم بانہال کو ایک خط بھی پہنچایا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ ضلع مجسٹریٹ رام بن کو اخبارات میں پوسٹر شائع کرنے سے متعلق شکایت موصول ہوئی ہے جس کی وجہ سے ضلع میں امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی میں خلل پڑنے کا خدشہ ہے۔ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے ایس ڈی ایم سے کہا کہ وہ شکایت کے مندرجات کو دیکھیں اور اس معاملے کی تفصیل سے انکوائری کریں اورمطلوبہ کاروائی کو یقینی بنائیں۔اس دوران غلام رسول کے خلاف پولیس تھانہ بانہال میں دفعہ (295-A) آئی پی سی کے تحت ایف آئی آرزیر نمبر 113 درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

تازہ ترین