تازہ ترین

سینئرکے اے ایس افسر تصدق جیلانی فوت

لیفٹنٹ گورنر اور مشیروں کا اظہارِ رنج و غم

تاریخ    1 اگست 2020 (00 : 03 AM)   


پرویز احمد
 سرینگر //سینئر کے ائے ایس افسر اور محکمہ سماجی بہبود کے سپیشل سیکریٹری تصدیق جیلانی جے وی سی بمنہ میں کوروناوائرس سے زندگی کی جنگ ہار گئے۔ پرنسپل جے وی سی بمنہ ڈاکٹر ریاض انتو نے بتایا ’’تصدق جیلانی کورونا وائرس سے لڑنے کے بعد پیدا ہونے والی بیماری کی وجہ سے فوت ہوگئے‘‘۔ڈاکٹر ریاض انتو نے بتایا ’’ موت کی  اصل وجہ سانس لینے میں مشکلات کے بعد حرکت قلب بند ہونا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا’’ تصدیق جیلانی کو 14 جولائی کو اسپتال میں داخل کیا گیا لیکن وہ  اسپتال میں 18دنوں تک زیر علاج  رہنے کے بعد جمعہ کو دیر شام گئے فوت ہوگئے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ جیلانی شوگر کی بیماری میں مبتلا تھے اورآئی سی یو میں زیر علاج تھے۔ ادھر گورنر گریش چندر مرمو،گورنر کے مشیر  فاروق احمد خان،گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹناگر، ڈی سی سرینگر اور ڈائریکٹر انفارمیشن ڈاکٹر سحرش اصغر نے بھی انکی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ گورنر گریش چندر مرمو نے سینئر کے ائے ایس افسر اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے سپیشل سیکریٹری تصدیق جیلانی کی اچانک موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔گورنر نے اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا ’’ وہ  تندہی اور ایمانداری سے کام کرنے والے جوشیلے افسر تھے، مگر بدقسمتی سے ہم نے انہیں جلدی کھو دیا ‘‘۔لیفٹنٹ گورنر نے اپنے پیغام میں انکے اہلخانہ کے ساتھ تعزیت کی ہے اور مرحوم کیلئے دعاکی ہے۔ گورنر گریش چندر مرمو کے مشیروں فاروق احمد خان اور راجیو بھٹناگر نے سینئر کے ائے ایس افسر نے موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مشیران کا کہنا تھا کہ وہ ایک قابل افسر تھے جنہوں نے ہمیشہ اپنی قابلیت کو ثابت کیا تھا۔   دونوں مشیروں نے انکی موت کو ایک بڑا نقصان قرار دیا۔ ڈی سی سرینگر شاہد اقبال چودھری نے تصدیق جیلانی کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹیوٹر پر تحریر کیا ’’ مجھے یہ بتاتے ہوئے کافی دکھ ہورہا ہے کہ تصدیق جیلانی وائرس سے زندگی کی جنگ ہار گئے، وہ صحتیاب بھی ہوئے تھے لیکن صحتیاب ہونے کے بعد پیدا ہونے والی بیماریوں سے وہ صحتیاب نہ ہوسکے‘‘۔انہوں نے اپنی تحریر میں مزید لکھا ’’ اللہ انہیں جنت الفردوس عطا کریں‘‘۔ محکمہ اطلاعات و نشریات کی ڈائریکٹر سحرش ااصغر نے تصدیق جیلانی کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ  وہ ہمیشہ اپنے ساتھوں میں نرم گوشے،  دوستانہ تعلق اور سال 2014میں کئے گئے کام کیلئے یاد کئے جائیں گے۔  انہوں نے کہا کہ وہ  انتہائی قابل اور ملازمین کے مسائل کو حل کرانے میں  پیش پیش رہتے تھے۔ محکمہ سوشل ویلفیئر کے سپیشل سیکریٹری تصدق جیلانی  انتظامیہ میں کئی اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے ۔ انہوں نے ڈائریکٹر رورل ڈیولپمنٹ،ڈی سی اننت ناگ، ڈائریکٹر اسٹیٹس، ڈائریکٹر ٹورئزم ،ڈائریکٹر ایسٹیٹس، ایڈیشنل کمشنر سیلز ٹیکس اور دیگر عہدوں پر اپنے فرائض انجام دیئے۔