گول سلبلہ روڈ پر پانی کی نکاسی کا نظام ہی نہیں

سارا پانی کھڈوں میں جمع ، نالیوں کی حالت بھی دگر گوں

تاریخ    30 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


زاہد بشیر
گول// گول بازار سے سلبلہ جانے والی سڑک کی حالت نہایت ہی ابتر ہے جہاں بالخصوص بارشوں کے دوران گاڑیوں کی تو دورکی بات ہے انسانوں کا پیدل چلنابھی دشوار بن جاتا ہے ۔ اگر چہ حال ہی میں اس سڑک پر کھڈے بھرنے پر سرکاری خزانے سے رقومات نکالی گئیں لیکن اس کے با وجود سڑک کی حالت میں کوئی بہتری نہیں آئی ۔ لوگوں نے سڑک کے کنارے ریت ، بجری وغیرہ جمع کر رکھی ہے اورساتھ ہی مٹی کی وجہ سے نالیاں مکمل طو رپر بند پڑی ہیں جس کے نتیجہ میں بارشوں کے دوران یہ سڑک ندی کی صورت اختیار کرجاتی ہے ۔سڑک کی حالت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں لیکن متعلقہ حکام اور انتظامیہ اس پر کوئی بھی توجہ نہیں د ے رہی۔ اس سڑک پر سفر کرنے والے لوگوں کاکہناہے کہ اگر چہ سڑک پر تمام تعمیری کام محکمہ تعمیرات عامہ کے زیر نگرانی ہی ہوتا ہے لیکن اس کے با وجود سڑک کی حالت جوں کی توں ہوہے ۔انہوں نے بتایاکہ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ محکمہ اور ٹھیکیداروں کے بیچ سانٹھ گانٹھ ہے اورمعیاری کام نہیں کیاجارہاہے ۔ گول سلبلہ روڈ پر غیر قانونی ڈیمپنگ اور نالیوں میں جمع مٹی کی وجہ سے سارا بارش کا پانی لوگوں کے رہائشی مکانات اور زرعی اراضی میں جاتا ہے جس وجہ سے لوگوں کو کافی نقصان ہوتا ہے ۔ اس سلسلے میں تحصیلدار گول نثاق الفاروق گنائی نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سڑک کا دورہ کریں گے اور جہاں جہاں بھی غیر قانونی ڈمپنگ ہو گی اسے ہٹانے کی ہدایت دی جائے گی جبکہ نالیوں کو ٹھیک کروایاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ قانون کی خلاف ورزی پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
 

تازہ ترین