عمر اکمل کی سزا3سال سے کم کرکے ڈیڑھ سال کردی گئی

تاریخ    30 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


 لاہور/پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل کو راحت دیتے ہوئے سزا تین سال سے کم کرکے ڈیڑھ سال کر دی گئی ہے ۔تاہم عمر اکمل نے اپنی سزا میں ڈیرھ سال کمی کو بھی ناکافی قرار دیا ہے ۔ڈسپلنری پینل نے عمر اکمل کو اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر تین سال پابندی کی سزا سنائی تھی جس کے بعد عمر اکمل نے ڈسپلنری پینل کے خلاف اپیل دائر کر رکھی تھی۔13 جولائی کی واحد سماعت میں محفوظ کیا گیا فیصلہ آج آزاد ایڈجوکیٹر جسٹس ریٹائرڈ فقیر محمد کھوکھر نے سناتے ہوئے عمر اکمل کی سزا آدھی کردی۔لاہور میں اپنی سزا کے خلاف فیصلہ سننے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمر اکمل کا کہنا تھا کہ سزا میں اس کمی سے بھی مطمن نہیں ہوں تاہم وکلا کی ٹیم کا شکرگزار ہوں جنہوں نے اچھے انداز میں کیس لڑا۔اپیل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ وکلا اور فیملی کی مشاورت سے کروں گا۔ عمر اکمل کے مطابق ایسے ہی کیسز میں دیگر کرکٹرز کو بہت کم سزائیں دی گئی تھیں۔واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ 2020 کے آغاز سے پہلے دو مختلف واقعات میں عمر اکمل نے مشکوک لوگوں سے ملاقات کی تھی تاہم اس بارے میں ٹیسٹ کرکٹر نے پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کو آگاہ نہیں کیا تھا۔ جس پر لیگ شروع ہونے سے ایک روز پہلے 20 فروری کو انہیں فوری طور پر معطل کردیا گیا تھا۔یو این آئی
 

تازہ ترین