تازہ ترین

وزارتِ داخلہ کی تازہ ہدایت

لاک ڈائون میں توسیع،31اگست تک سکول بھی بند رہیںگے

تاریخ    30 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


نیوز ڈیسک
نئی دہلی//مرکزی حکومت نے کورونا وائرس کے حوالے سے ریڈ زون والے علاقوں کے باہر لاک ڈائون کی بندشوں میں نرمی کے تیسرے مرحلے(ان لاک سوم) سے متعلق رہنما خطوط جاری کرتے ہوئے 31اگست تک تمام اسکول،سنیما ہال اور میٹرو کو مسلسل بند رکھنے کا اعلان کیا ہے،جبکہ اس عرصے میں محدود نقل و حرکت والی سرگرمیوں سے متعلق علاقوں(کنٹین منٹ علاقوں) میں سختی کے ساتھ لاک ڈائون کا نفاذ عمل میں لانے کی ہدایت دی ہے۔ مرکزی وزارت داخلہ نے بدھ کو ا ن لاک  3  کے ہدایت نامے جاری کئے جس کے تحت رات کا کرفیو ختم کردیا گیا ہے لیکن اسکول کالج، میٹرو، سنیما ہال، سوئمنگ پول اور شراب خانوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بیان کے مطابق یہ ہدایات یکم اگست سے نافذ ہوں گی جو 31 اگست تک جاری رہیں گی۔ 5 اگست سے یوگا انسٹی ٹیوٹ اور جم کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔15اگست کی تقریبات منائی جاسکیں گی لیکن وہاں جسمانی دوری کی پیروی کرنا لازمی ہوگا۔رہنما خطوط میں کہا گیا ہے کہ مختلف ریاستوں اور کسی بھی ریاست کے اندر میں لوگوں یا سامان کی نقل و حرکت کے لئے کسی علیحدہ اجازت یا ای اجازت نامے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ سماجی، سیاسی، کھیل، تفریحی، تعلیمی، ثقافتی، مذہبی پروگراموں اور بڑے پیمانے پر لوگوں کے اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی۔ رہنماء خطوط میں کہا گیا ہے کہ س دوران آروگیہ سیتو ایپ کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا۔ محدود نقل و حرکت والی سرگرمیوں سے متعلق علاقوںمیں لاک ڈاؤن پابندیوں پر 31 اگست تک سختی سے عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے جبکہ ان علاقوں سے باہر تمام سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ محدود نقل و حرکت والی سرگرمیوں سے متعلق علاقوںکے اندر سخت پیمانے پرکنٹرول نافذ کیا جائے گا اور صرف ضروری سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔