شیخ داود کالونی بٹہ مالومیں پانی کی عدم دستیابی

محکمہ جل شکتی کے خلاف خواتین کا احتجاجی دھرنا

تاریخ    30 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


ارشاد احمد
سرینگر//شہر سرینگر کے بٹہ مالو علاقے میںپینے کے پانی کی عدم دستیابی کے خلاف خواتین نے سڑک پر نکل کر محکمہ جل شکتی کے خلاف احتجاجی دھر نا دیا ۔شیخ داود کالونی بٹہ مالوکی خواتین نے ریکہ چوک رابطہ سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑا کرکے ٹریفک کی نقل وحرکت بند کرتے ہوئے محکمہ جل شکتی کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔مظاہرین میں شامل خواتین نے تپتی دھوپ اور شدت کی گرمی کے باوجود سڑک کے بیچوں بیچ بیٹھ کر محکمہ جل شکتی کے خلاف نعرے بازی کی۔دھرنے میں شامل خواتین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شیخ داود کالونی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں مسلسل ایک ماہ سے پانی کی شدید قلت ہے۔انہوں نے بتایا کہ کئی مرتبہ ہم نے محکمہ کے اعلیٰ حکام تک اس جانب توجہ مبذول کروائی لیکن علاقہ میں پانی کی سپلائی بحال نہیں کی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ اگرچہ محکمہ کی جانب سے علاقے میں پانی کے ٹینکر بھیجے جاتے ہیں لیکن ایک دو مٹکوں یا بالٹیاں بھرنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔انہوں نے علاقہ میں فوری طور عیدالاضحی سے قبل پانی کی سپلائی بحال کرنے کی اپیل کی۔خواتین کا احتجاج مسلسل ایک گھنٹے تک جاری رہا۔ اس موقع پر ایس ایچ او بٹہ مالو نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو یقین دہانی کروائی جس کے بعد خواتین پرامن طور پر منتشر ہوئیں۔
 

تازہ ترین