تازہ ترین

راجوری وپونچھ سے 32نئے معاملات کی تصدیق

تاریخ    29 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


سمت بھارگو
راجوری//راجوری اور پونچھ سے تعلق رکھنے والے 32 مزید افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے ایک تحصیلدار بھی شامل ہے۔ضلع مجسٹریٹ پونچھ راہل یادو نے بتایا کہ ضلع میں چار افراد کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیاہے جو سب سفری پس منظر رکھنے والے ہیں اور انہیں انتظامی قرنطینہ میں رکھاگیاتھا۔انہوں نے بتایاکہ ان معاملات کے بعد مینڈھر اور پونچھ کے متعدد علاقوں میں پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری شیر سنگھ نے بتایا کہ راجوری میں 28 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیاہے۔انہوں نے بتایا’ ’کالاکوٹ سب ڈویژن سے ایک تحصیلدار کاٹیسٹ مثبت آیاہے جو تشویش کا باعث ہے کیونکہ بہت سے لوگ ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کے اجراء کے سلسلے میں تحصیل کمپلیکس جاتے ہیں‘‘۔اسی طرح کالاکوٹ سے چار ، نوشہرہ سے چار ، سندر بنی سے تین ، دراج سے تین ، سموت بدھل سے ایک آرمی پورٹر اور تھنہ مندی سے سافٹ ڈرنک ڈسٹریبوٹر سمیت کل 28 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔انہوں نے بتایا’’ہمیں آج 1019رپورٹس موصول ہوئیں جن میں سے 28مثبت ہیں‘‘۔دریں اثنا ، ضلع مجسٹریٹ راجوری محمد نذیر شیخ نے بتایا کہ کالاکوٹ میں میونسپلٹی حدود کے کچھ علاقے کو ریڈ زون قرار دیا گیا ہے۔
 
 

کشتواڑ میں کورونا کے 4نئے معاملات

 
عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ میں کوروناوائرس کے 4 نئے معاملات سامنے آئے ہیں جس کے ساتھ ہی ضلع میں کل مریضوں کی تعداد  133  ہوگئی ہے۔ذرائع نے بتایاکہ 3افراد کا تعلق چھاترو سے ہے جو پہلے مثبت آئے افراد کے رابطے میں آئے تھے اور سبھی کو انتظامی قرنطینہ میں رکھاگیاجبکہ ایک شخص سفری پس منظر رکھتاہے جس کی رپورٹ بھی مثبت آئی اور وہ بھی قرنطینہ میں ہی تھا۔مثبت آئے افراد کو آئیسو لیشن وارڈ منتقل کردیاگیاہے۔اس وبائی بیماری سے مزید  3افرد صحت ہوچکے او ر اب صحت یاب ہونے والوں کی کل تعداد 54 ہوگئی ہے۔