بھارت بنگلہ دیش شراکت داری پڑوسیوں کیلئے رول ماڈل :جے شنکر

تاریخ    29 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


یو این آئی
نئی دہلی// وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش سے بھارت کی شراکت داری، پڑوسیوں سے اچھے تعلقات کے سلسلے میں رول ماڈل ہے۔ ایس جے شنکر نے ان خیالات کا اظہار بھارت کی طرف سے ‘براڈ گیج ریلوے’ کے 10 انجن بنگلہ دیش کے حوالے کیے جانے کی ایک ورچووئل تقریب میں کیا۔ جس میں وزیر برائے ریلوے پیوش گوئل بھی موجود تھے۔آن لائن تقریب میں بنگلہ دیش کے وزیرِ خارجہ اے کے ابوالکلام عبدالمومن اور وزیرِ ریلوے محمد نور الاسلام سبحان نے بھی شرکت کی۔جے شنکر کا کہنا تھا کہ بھارت کا بنگلہ دیش کو دیا جانے والا 10 ارب ڈالرز کا رعایتی قرض، بھارت کے کسی بھی ملک کو دیے جانے والے قرض سے زیادہ ہے۔انہوں نے بنگلہ دیش کے ساتھ تجارتی تعلقات کے بارے میں کہا کہ 2019 تک بھارت بنگلہ دیش سے ایک ارب ڈالرز کی برآمدات کرتا تھا۔ ایک سال میں اس میں 43 فی صد اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے بنگلہ دیش کی تجارتی برادری کو دعوت دی کہ وہ بھارت کے ساتھ اپنے تعلقات کو اور وسعت دیں۔بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ عبد المومن نے بھارت کے ساتھ باہمی تعلقات کو چٹان کی طرح ٹھوس قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے گزشتہ چند برس کے دوران وزیرِ اعظم شیخ حسینہ واجد اور وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت میں باہمی تعلقات کے سلسلے میں ایک سنہرا باب تخلیق کیا ہے۔قبل ازیں وزارتِ خارجہ کے ترجمان انوراگ شری واستو نے کہا تھا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ ہمارے تعلقات تاریخی ہیں۔ ہم اس کے اس مؤقف کی ستائش کرتے ہیں کہ جموں و کشمیر کا معاملہ بھارت کا اندرونی معاملہ ہے۔
 

تازہ ترین