تازہ ترین

حضرت شاہ ہمدان ؒ کا عرس مبارک

پی ڈی پی اور حقانی میموریل ٹرسٹ کا گلہائے عقیدت

تاریخ    29 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


سرینگر// پی ڈی پی اور حقانی میموریل ٹرسٹ نے حضرت امیر کبیر میر سید علی ہمدانیؒ  کے عرس شریف پر مسلمانان برصغیر خصوصاً جموں و کشمیر کے مسلمانوں کو ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کی ہے۔پی ڈی پی کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ حضرت شاہ ہمدان ؒ نے نہ صرف کشمیر کی تاریخ بلکہ کشمیریوں کا مستقبل سنوارا ۔انہوں نے کہا کہ شاہ ہمدان نے کشمیر میں اسلام پھیلانے کے ساتھ ساتھ یہاں کے لوگوں کو ہنر مند بنایا جس کی وجہ سے یہاں لوگوں کی معاشی حالت سدھر گئی۔حقانی میموریل  ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمیداللہ حقانی نے شاہ ہمدانؒ کی گراں قدر تہذیبی، ثقافتی، تعمیری ، تبلیغی اور روحانی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ اہل کشمیر پر ان کے بے شمار احسانات تاریخ میں تا ابد روشن تر رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ حضرت شاہ ہمدان رحمتہ اللہ نے اپنے ساتھ 700سادات کو لایا تھا جو عالم بھی تھے اور مختلف علوم اور فنون اور صنعت و حرفت کے ماہر بھی تھے جس کی وجہ سے کشمیر کے کونے کونے میں صنعت و حرفت کو فروغ ملا۔ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری بشیر احمد ڈار نے حضرت شاہ ہمدان ؒکو گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے لا تعداد تصانیف رقم کی ہیں موجودہ زمانے میں ان کی تصانیف کے مطالعہ کرنے اورنوجوان نسل کو اس حوالے سے آگاہ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔