تازہ ترین

کورونا کے خلاف جنگ

’کیئر کشمیر ‘ کی طرف سے ماسکوں کی مفت تقسیم کاری شروع

تاریخ    29 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خلاف جدوجہد کرنے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر غیر سرکاری تنظیم ’کیئر کشمیر‘ نے نجی اسکولوں کی ایسوسی ایشن ، اخلاقی تعلیم، ماحولیات و ریلیف کونسل اور کشمیر ویلفیئر ٹرسٹ کے اشتراک سے منگل کو سرینگر میں جامع سطح پرمفت ماسک تقسیم کرنے کی مہم کا آغاز کیا۔ معروف سینئر وکیل اور نائب صدر کیئر کشمیر ظفر شاہ نے کرن نگر میں پرائیوٹ اسکول ایسو سی ایشن آف جموں کشمیر کے مرکزی دفتر میں مفت ماسک تقسیم کاری مہم کا افتتاح کیا۔ایڈوکیٹ ظفر شاہ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کشمیر میں بڑھتے ہوئے کرونا کیسز پر تشویش کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر لوگ کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے میں تعاون نہ کریں گے تو صورتحال خراب سے خراب تر ہونے کا احتمال ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کا بنیادی ڈھانچہ پہلے ہی ناکافی ہے اور لوگوں کے ذریعہ احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے سے مزید پریشانیوں کا سامناہوسکتا ہے۔ اخلاقی تعلیم، ماحولیات او ریلیف کونسل کے چیئرمین منظور احمد وانگو کا کہنا تھا’’نہ صرف ہم مفت ماسک تقسیم کریں گے بلکہ ہم لوگوں کوماسک کے استعمال سے متعلق فوائد کے بارے میں آگاہ کرنے کے لئے ایک مہم بھی شروع کر رہے ہیں،ہم اس سلسلے میں مختلف ذرائع ابلاغ کے ذریعہ بچوں اور ان کے والدین تک پہنچیں گے‘‘۔انہوں نے بتایاکہ لوگوں میں ایک لاکھ فیس ماسک تقسیم کرے گی اور طلب کے مطابق مزید اضافہ کیا جائے گا۔پرائیوٹ ایسو سی ایشن کے صدر انجینئر جی این وار نے کہا’’ہمارے اسکول رضاکارانہ طور پر اس مشن میں آگے آئے ہیں،اسکول ماسکوں کی تقسیم کاری کے علاوہ ، وہ بچوں کو کلاس اسائنمنٹ کے ساتھ ماسک استعمال کرنے کی ضرورت کے بارے میں بھی جانکاری دیں گے‘‘۔

تازہ ترین