آج اور کل بازار کھلیں گے

احتیاطی رہنما خطوط کی پاسداری لازمی

تاریخ    29 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   
(File Photo)

بلال فرقانی

حکام پر مشتمل نگرانی ٹیمیں متحرک،کسی بھی خلاف ورزی کو بخشانہیں جائے گا

 
سرینگر// ضلع انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سرینگر میں عید سے قبل بدھ اور جمعرات کو اشیائے ضروریہ کی دکانوں کو کھلنے کی اجازت ہوگی تاہم اس دوران کرونا وائرس سے متعلق احتیاطی رہنما خطوط کی عملداری کو یقینی بنا یاجانا چاہے۔ صوبائی کمشنر کشمیر نے 21جولائی کوعید کے پیش نظر28جولائی سے مرحلہ وار بنیادوں پر3دنوں تک لاک ڈائون میں نرمی دینے کا اعلان کیا تھا۔ عید انتظامات کا جائزہ لینے کے دوران صوبائی انتظامیہ کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ڈویژنل کمشنر کشمیر ،پی کے پولے، نے کہاتھا’’ وادی میں28جولائی سے30جولائی تک بازار کھلے رہیں گے ،تاکہ لوگ قربانی کے جانوروں اور دیگر اشیاء کی خریداری بغیر کسی رکاوٹ کے کرسکیں۔ ‘‘28جولائی کو تاہم سرینگر میں بازار نہیں کھلے اور بندشیں جاری رہیں،جس کے نتیجے میں کاروباریوں اور دکانداروں کو عید سے قبل بندشوں کی وجہ سے نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔اس دوران منگل کو ضلع انتظامیہ نے کہاکہ عید کے پیش نظر اشیائے ضروریہ کی دکانیں29اور30جولائی کو صبح9بجے سے شام5بجے تک کرونا وائرس سے متعلق رہنما خطوط کو عملاتے ہوئے کھلی رہیں گی۔ ضلع انتظامیہ نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی،جس میں دکانوں کو سر بمہر کرنے کے علاوہ جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔ غیر ضروری چیزوں کا کاروبار کرنے والے سبھی تجارتی مراکز اور دکان اگلے احکامات تک بند رہیں گے۔ضلع مجسٹریٹ سری نگر نے عیدکے پیش نظر چہل پہل کودیکھتے ہوئے انفورسمنٹ ٹیمیں تشکیل دی ہیں ،جو تمام بازاروں میں ہورہی نقل وحمل اورخریدوفروخت پرکڑی نظررکھیں گی اورجہاں کہیں بھی ان ٹیموں کوتاجر وں یاعام شہریوں کی جانب سے کسی خلاف ورزی کے شواہد ملیں گے ،وہاں یہ ٹیمیں فوری کارروائی عمل میں لانے کی مجاز ہوں گی ۔انفورسمنٹ ٹیموں کویہ اختیار دیاگیاہے کہ وہ خلاف ورزی کی صورت میں دکانات کوسربمہر کرنے کیساتھ ساتھ دکاندارو ں سے جرمانہ بھی وصول کرسکتے ہیں ۔شہر سری نگرکے تمام تحاصیل میں عوامی نقل وحمل اورکاروباری سرگرمیوں پر نگرانی وانفورسمنٹ ٹیموں کی کڑی نظررہے گی ۔ ضلع مجسٹریٹ سری نگر ڈاکٹر شاہداقبال چودھری نے عوام سے تعاون طلب کرتے ہوئے اسبات کی تاکید کی ہے کہ عیدخریداری اوردیگرسرگرمیوں کے دوران سبھی لوگ اپنی اوراپنوں کی صحت وسلامتی کیلئے رہنما خطوط اور لازمی ہدایات پرعمل کریں ۔انہوں نے کہاکہ 2دن بازار کھلے رہنے کے دوران قواعد وضوبط کی پاسداری کیساتھ ساتھ مختلف اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پربھی نظررکھی جائے گی ،اورجس کسی بھی دکاندارکوصارفین سے اضافی دام وصولنے کامرتکب پایاجائیگا ،اُس کیخلاف بھی چیکنگ ٹیمیں سخت ایکشن لینے کی مجا زہونگی ۔ صوبائی کمشنر نے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی  ہے کہ وہ کرونا ضوابط کو برائے کار لاتے ہوئے مختلف اوقات کار میں مرحلہ وار بنیادوں پر بازاروں کو کھولیںاور اس بات کو یقینی بنائیں کہ لوگ ان دنوں  بازاروں میں سماجی فاصلہ کے ضوابط کو عملائے،اور بھیڑ بھاڑ سے بچیں۔
 

تازہ ترین