منیٰ، مزدلفہ اور عرفات کی مساجد میں جراثیم کش صفائی کا کام مکمل

تاریخ    28 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


یو این آئی
ریاض //اس سال محدود پیمانے پر حج سے قبل منیٰ، مزدلفہ اور عرفات کی تمام مسجدوں میں جراثیم کش صفائی اور سینیٹائزیشن کا کام مکمل ہو گیا۔ یہ اطلاع سعودی وزارت اسلامی امور نے دی ہے ۔متعلقہ سعودی وزارت کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ مسجد نمرہ میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ مسجد کے اندر ایئرکنڈیشننگ کے نئے سسٹم نے کام کرنا شروع کر دیا ہے ۔ عازمین حج کیلئے خصوصی رفع حاجت گاہیں تیار کرائی گئی ہیں۔ ان کے لئے گزر گاہوں کا بھی خصوصی نظم کیا گیا ہے ۔مزدلفہ میں مسجد المشعر الحرام کو بھی تمام سہو لتوں سے آراستہ کر دیا گیا ہے ۔مسجد نمرہ میں جو قالین بچھائے گئے ہیں وہ ایک لاکھ 10 ہزار مربع میٹر سے زیادہ رقبے کا احاطہ کرتے ہیں۔ سی سی کیمرے اور فریضہ حج ادا کرنے والوں کیلئے مسجد کے احاطے میں رہنما اسکرین بھی نصب ہیں۔سعودی عرب میں حالیہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب اس سال کورونا وائرس کے پیش نظر محدود پیمانے پر حج کا نظم کیا گیا ہے ۔ اس سلسلے کا اعلان پچھلے مہینے ہی کر دیا گیا تھا۔ (یو این آئی)
 

تازہ ترین