تازہ ترین

کرگل وجے دیوس ؔ | جی سی مرمو اور کرشن ماتھر کا فوجیوںکو خراج عقیدت

تاریخ    27 جولائی 2020 (30 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
جموں//یواین آئی //’کرگل وِجے دیوس ‘ کے تاریخی موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنرگریش چندر مرمو نے کرگل جنگ میں لڑنے والے بہادر بھارتی فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔اُنہوں نے کہا’’میں اپنے فوجیوں کی بے مثال بہادری اور قربانی کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے کرگل کی اونچائی پر ہندوستان کی سرزمین کو دراَندازیوں سے آزاد کروانے کے لئے بہادری سے جدوجہد کی۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے مشاہدہ کیا کہ ہمارے بہادر فوجیوں نے ملک کی علاقائی سا  لمیت کے تحفظ کے لئے جو بے مثال قربانیاں دی ہیں وہ آنے والی نسلوں کو ترغیب دیتی رہیں گی۔ادھر لداخ یونین ٹریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر رادھا کرشن ماتھر نے کرگل وجے دیوس کی مناسبت سے کہا ہے کہ یہ دن صرف لداخ کے لئے ہی نہیں بلکہ پورے ملک کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرگل جنگ کے دوران لداخ کے لوگوں کی بے لوث قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے۔ گورنر نے ان باتوں کا اظہار یہاں ستوپا میں جنگی یادگار پر پھول مالا چڑھانے کی تقریب کے حاشئے پر میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا: 'یہ دن صرف لداخ کے لوگوں کے لئے ہی نہیں بلکہ پورے ملک کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ہمیں اس دن ایک طرف بھارت کی فتح پر خوشی ہے اور دوسری طرف اپنے فوجی افسروں  اور جوانوں پر فخر ہے جنہوں نے اس دن قربانیاں پیش کیں'۔بتادیں کہ 26 جولائی 1999 میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے تین مہینوں پر محیط کرگل جنگ کے دوران کم سے کم 527 بھارتی فوجیوں نے قربانی پیش کی تھی۔