تازہ ترین

کرناہ ،بالاکوٹ اور پونچھ میں آر پار گولہ باری،خاتون زخمی

تاریخ    24 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


اشرف چراغ+ حسین محتشم+جاوید اقبال
کپوارہ+پونچھ+مینڈھر//کپوارہ//کپوارہ کے کرناہ سیکٹرمیں ہندپاک افواج کے درمیان گولہ باری کے تبادلے میں ایک جوان سال خاتون زخمی ہوئی جبکہ بالا کوٹ اورپونچھ سیکٹر میں دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان جمعرات کو گولہ باری کا تبادلہ ہوا تاہم اس دوران کسی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔اطلاعات کے مطابق کرناہ سیکٹر میں حاجی ترہ کے نزدیک بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کوپاکستانی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے  خودکار ہتھیاروں سے بھارت کی چوکیوں کو نشانہ بنایا،جس کابھارتی افواج نے موثراوربھرپور جواب دیا۔معلوم ہوا ہے کہ گولہ باری کے دوران32برس کی پروینہ بیگم زوجہ فریداحمدشدیدزخمی ہوئی۔مقامی لوگوں نے زخمی خاتون کو فوری طور سب ضلع اسپتال ٹنگڈار پہنچایاجہاں اسے ابتدائی طبی امداد دی گئی۔مقامی لوگوں کے مطابق دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان گولہ باری اتنی شدید تھی کہ لوگ گھروں میں سہم کر رہ گئے اورانہوں نے مکانوں کی نچلی منزلوں میں پناہ لی۔جمعرات کے روز پونچھ ضلع کے دو سیکٹروں میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی جس دوران ہندوپاک افواج کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔جموں میں مقیم دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دیوندر آنند کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیاہے کہ پاکستانی فوج نے جمعرات کی صبح 11 بجے پونچھ سیکٹر کے قصبہ اور کیرنی علاقوں میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی۔انہوں نے بتایا’’بھارتی فوج نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی‘‘۔فوج کی جانب سے جاری ایک اور پریس نوٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستانی فوج نے ضلع پونچھ کے مینڈھرسب ڈویڑن میں لائن آف کنٹرول کے بالاکوٹ سیکٹر میں فائرنگ اور گولہ باری کی۔بیان کے مطابق ’’جمعرات کی شام 05:15منٹ پر پاکستانی فوج نے بالاکوٹ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر مارٹرگولوں سے گولہ باری کی جس کا بھارتی فوج بھرپور جواب دے رہی ہے‘‘۔ایک پولیس افسر نے بتایا کہ پونچھ میں فائرنگ ایک گھنٹہ سے زیادہ جاری رہی جبکہ بالاکوٹ میں اس کی شروعات شام 05بج کر 15منٹ پر ہوئی اور یہ سلسلہ آخری اطلاعات موصول ہونے تک جاری تھا۔اس دوران کسی طرح کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔