تازہ ترین

مزید خبریں

تاریخ    22 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


نیوز ڈیسک

مشیر فاروق خان کیساتھ تعزیت پرسی جاری 

لیفٹیننٹ گورنر،بصیر خان،بھٹناگراورشرماسمیت ،کئی تنظیموں اور شعبہ جات کا اظہار رنج 

سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے مشیر فارو ق خان کی والدہ خالدہ بیگم کے اِنتقال پر دلّی تعزیت کا اِظہا رکیا ۔لیفٹیننٹ گورنر نے انہیں ایک نیک خاتون قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ انسان دوست خاتون اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ہمیشہ کام کرتی تھیں۔ایک تعزیتی پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے مرحومہ کی روح کے دائمی سکون کے لئے دعا کی اور سوگوار کنبے کے ساتھ اظہار ہمدردی اور یکجہتی کا اِظہار کیا۔لیفٹیننٹ گورنر کے صلاح کاروں بصیر احمد خان ، راجیو رائے بھٹناگر اور کے کے شرما نے بھی گہرے دُکھ کا اظہار کیا ہے ۔اپنے تعزیتی پیغامات میں صلاح کاروں نے سوگوار کنبے کے ساتھ اِظہار ہمدردی کرتے ہوئے مرحومہ کی روح کے ابدی سکون کے لئے دعا کی۔جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے لیڈر سیدفاروق اندرابی نے گہرے رنج وغم کااظہارکیاہے ۔انہوں نے اپنے تعزیتی بیان میںفاروق خان کے ساتھ تعزیت ،یکجہتی اورہمدردی ظاہر کرتے ہوئے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کواپنی جواررحمت میں جگہ اورجملہ غمزدگان کویہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق وصلاحیت عطافرمائے ۔ لیبر ڈیپارٹمنٹ اور پرووِڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (پی ایف او)نے ایک تعزیتی میٹنگ میں مشیر فاروق خان کے ساتھ تعزیت کا اِظہار کیا ۔کمشنر سیکرٹری محنت وروزگار سوربھ بھگت ، لیبر کمشنر عبدالرشید وار اور دیگر افسران اور محکمہ کے ملازمین میٹنگ میں موجود تھے۔شرکاء نے سوگوار خاندان سے دلّی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی روح کے دائمی سکون کے لئے دعا کی۔ادھر انجمن ترقی اردو کشتواڑ کے سینئر رکن اور ریاست کے سرکردہ اردو شاعر عشاق کشتواڑی نے بھی لیفٹنٹ گورنر کے مشیر فاروق خان کی والدہ کے انتقال پر رنج و غم کااظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی جنت نشینی کی دعا کی ہے۔ 
 
 

لیفٹیننٹ گورنر کا لال جی ٹنڈن کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی

سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے مدھیہ پردیش کے گورنر لال جی ٹنڈن کے اِنتقال پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا ہے۔مدھیہ پردیش کے گورنر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے انہیں ایک اعلیٰ پایۂ عوامی شخصیت اور منتظم قرار دیا ۔اُنہوں نے کہا کہ آنجہانی نے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے انتھک کوششیں کیں۔انہوں نے مزید کہا کہ لال جی ٹنڈن کو قوم کی مثالی خدمات کے لئے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے آنجہانی کی آتما کے دائمی سکون کے لئے دعا کی اور سوگوارکنبے کے ساتھ اِظہار ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیاہے۔
 
 

غلام قادر بیدار کا انتقال | این سی اور اپنی پارٹی کی تعزیت،ڈاکٹر فاروق نے پُرسادی

سرینگر/فیاض بخاری// نیشنل کانفرنس نے پارٹی کے انچارج کانسچونسی پٹن ریاض بیدار کے والد غلام قادر بیدار کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ریاض بیدار کے گھر جاکر تعزیت پرسی کی اور کہا کہ نیشنل کانفرنس من جملہ اس غم میں برابر شریک ہے۔پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ،جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی،پارلیمنٹ ممبر محمد اکبر لون سینئر لیڈران شریف الدین شارق، آغا روح اللہ، آغا سید محمود، جاوید احمد ڈار، سجاد شفیع اوڑی، ایڈوکیٹ شوکت احمد میر، فاروق احمد شاہ، بشارت بخاری ،خواجہ محمد یعقوب وانی ، پبلسٹی انچارج میر غلام محمد ساقی اور دیگر لیڈران نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے صدرسید الطاف بخاری ،سینئرلیڈران غلام حسن میر، محمد دلاور میر، رفیع احمد میر، ظفر اقبال منہاس، عثمان مجید، عبدالمجید پڈر، محمد اشرف میر، جاوید حسن بیگ اور شعیب لون نے بھی غمزدہ کنبہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لئے  مغفرت کی دعا کی ہے ۔
 
 

درجہ چہارم کی اسامیاں،1,15,220درخواستیں موصول

جموں//منگل کی صبح تک 2,15,100اُمید واروں نے بورڈ کے آن لائن پورٹل پر رجسٹریشن کی جبکہ 1,15,220  اُمید واروں نے درجہ چہارم اَسامیوں کے آن لائن درخواست پیش کرنے کا عمل مکمل کیا۔بورڈ نے جے کے ایس ایس بی کے آن لائن ایپلیکیشن پورٹل پر آن لائن درخواستیں جمع کروانے کے لئے 10؍ جولائی 2020 ء کو شروع ہونے کی تاریخ مقرر کی تھی ۔نیز اکاؤنٹس اسسٹنٹ کی اَسامیوں کے لئے 660 درخواستیں آن لائن جمع کروائی گئیںجبکہ یہ بات نوٹ کی گئی کہ کل 98,000 منفرد اَفرادنے بورڈ کے آن لائن ایپلیکیشن پورٹل پررسائی حاصل کی۔جموںوکشمیر سروس سلیکشن بورڈ نے درجہ چہارم اَسامیوںکے لئے جموںوکشمیر بھرتی ( خصوصی بھرتی) قواعد 2020 کے تحت مختلف محکموںمیں ضلع صوبائی یونین ٹریٹری کیڈر کے لئے 8575 درجہ چہارم اسامیوں کو  اشتہاری نوٹیفکیشن نمبر 1آف 2020 ،بتاریخ26.06.2020مشتہر کیا ہے۔بورڈ نے سری نگر اور جموں میں دو ہیلپ لائن اُمید واروں کی سہولیت کے لئے شروع کی ہے اور اگر کسی فرد کو درخواست پیش کرنے میں تکنیکی یاکسی وجہ سے مشکل پیش آرہی ہو توو ہ اِس ضمن میں مزید معلومات اور رہنمائی کے لئے ssbjkgrievance@gmail.comپرمیل بھیج سکتا ہے۔
 
 
 

جمعیت اہلحدیث کاغلام نبی پرے کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار

سرینگر//جمعیت اہلحدیث کی قدآور شخصیت غلام نبی پرے مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے۔مرحوم نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ تعلیم وتربیت اور جمعیت کی خدمت میں صرف کیا تھا ۔ صدر تنظیم پروفیسر غلام محمد بٹ نے اپنے ایک تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ جمعیت کی خدمات کے تعلق سے ان کی تاریخ بہت تابندہ ہے، وہ ایثار و انفاق کے پیکر بھی تھے اور اللہ نے انہیں زبردست انتظامی صلاحیتوں سے نوازا تھا ۔ جمعیت کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر عبداللطیف الکندی نے اپنے بیان میں موصوف کے انتقال کو بہت بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے سوگوارخاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ ادھر جمعیت کے سبھی شعبہ جات بالخصوص اس کے سرشتہ تعلیمات کلیات و مدارس اور شعبہ صحافت و طب نے سو گوارخاندان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔خواجہ غلام نبی پرے کی اچانک وفات پر دکھ اور صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے منور آباد ٹریڈ ایسویسی ایشن کے نائب صدر یار محمد خان اور خطیب مولوی طارق رحمان نے بھی اپنے ایک مشترکہ بیان میں سوگواران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کے بلند درجات کیلئے اللہ تعالیٰ سے دعا کی ہے ۔ 
 
 
 

پینے کے پانی کی عدم دستیابی |  باباگیل بونیار اوڑی میں پائپ لائن ناکارہ

اوڑی/ظفراقبال// باباگیل لمبر بونیار اوڑی میں پینے کے پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے لوگوں کو مختلف مسائل کا سامنا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق گائوںمیں برسوں قبل ایک پائپ لائن بچھائی گئی تھی جسے اتنا زنگ لگ چکا ہے کہ وہ بیکار ہوگئی ہے اور علاقے کی آبادی گزشتہ کئی مہینوں سے پینے کے پانی سے محروم ہے اور خواتین مقامی نالہ سے پانی لانے پر مجبور ہیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ آگر چہ کئی بارجل شکتی محکمہ کے افسران کو اس معاملہ سے آگاہ کیا گیالیکن ابھی تک اس سپلائی لائن کی مرمت نہیں کی گئی۔اوڑی میں تعینات جل شکتی محکمہ کے ایگزیکٹیو انجینئر عرفان لطیف نے اس سلسلے میںبتایا کہ انہیں ایسی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے تاہم وہ حقائق پتہ کرکے معاملہ حل کریں گے۔
 
 

منشیات مخالف مہم، سوپور میں ایک شخص گرفتار

سوپور/غلام محمد//سوپور پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے قصبہ میں ایک ناکے پر تلاشی کارروائی کے دوران منشیات فروش کو گرفتار کیا ہے اور اس کے قبضے سے نشیلی ادویات کوبرآمد کیا۔پولیس کے مطابق انہوں نے ہائیگام کراسنگ پر الطاف حسین میر ساکن میر محلہ ہائیگام سوپور کو گرفتار کر لیا جو اپنے علاقے میں منشیات کے دھندے میں ملوث تھا اور اس کے قبضے سے نشیلی ادویات کو برآمد کیا گیا ۔ مذکورہ شخص کے خلاف ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 2020/ 70 پولیس تھانہ تارزو سوپور میں درج کیا گیا ۔
 
 
 

ڈاکٹر مفتی مدثر معراج شعبہ اردو کشمیر یونیورسٹی کے سربراہ مقرر

سرینگر//کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ انگریزی میں تعینات ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر مفتی مدثر معراج فاروقی کو شعبہ اردو کا انچارج سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں کشمیر یونیورسٹی نے  ایک آرڈر زیر نمبر  F(Head Urdu) Adm/TW/KU/20بتاریخِ21جولائی2020جاری کیا ہے۔ڈاکٹر مفتی مدثرکو انگریزی،اردو،فارسی،عربی اور کشمیری پر دسترس حاصل ہے۔انہیں پوسٹ گریجویٹ سطح پر ایک استاد کی حیثیت سے 14سال تجربہ حاصل ہے۔انہوں نے کشمیری،اردو ،فارسی اور عربی زبانوں میں کئی شعراء کے کلام کا ترجمہ بھی کیا ہے۔
 
 
 

منصب دار زیارت غوثیہ کی وفات پر تعزیت

سرینگر//منصب دارزیارت غوثیہ خانیار پیر غلام نبی شاہ ڈورو شاہ آبادکی وفات پر زعمائے انجمن حمایت الاسلام بالخصوص صدر انجمن مولانا خورشید احمد قانونگو، سرپرست مولانا شوکت حسین کینگ ودیگر اراکین نے گہرے رنج و غم کااظہار کیا ہے۔ موصوف بہترین لہن کے انداز میں نعت خوانی میں و منقبت خوانی میں معروف تھے۔ موصوف نے ابتداء سے ہی بزم ہمدانیہ ، جو بعد میں انجمن حمایت الاسلام کے علمی کانفرنسوں میں شرکت کرکے بہترین کردار ادا کیا۔ موصوف کی وفات پر سجادہ نشین زیارت غوثیہ میر سید خالد حسین گیلانی اور انجمن حمایت الاسلام کے جنوبی کشمیر کے سیکریٹری ابوطارق غلام نبی میر نے بھی اظہار تعزیت کیا ہے۔  سید مجتبیٰ گیلانی اور سید اسلم اندرابی نے بھی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
 
 

 

نیشنل کانفرنس کا سوگامی کو برسی پر خراج عقیدت 

سرینگر//نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سابق وزیراور پارٹی لیڈر غلام نبی سوگامی کی 39ویں برسی پرانہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے پسماندہ طبقوں کی بھلائی کے لئے قابل قدر خدمات انجام دئے ۔پارٹی کے دیگر لیڈران نے بھی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا ہے اور اُن کی سیاسی خدمات کی سراہنا کی۔ پارٹی کے ایک بیان کے مطابق کورونا وائرس کے پیش نظر مرحوم کے یوم وصال کے سلسلے میں امسال کوئی بھی تعزیتی تقریب منعقد نہیں ہوگی۔
 
 
 

 سانبہ میں انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن مرکز کا معائنہ

 
سانبہ//کمشنر سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ ہردیش کمار نے بارین سانبہ میں جدید سہولیات آراستہ سے تعمیر کئے جارہے انسپکشن و سرٹیفکیشن مرکز پرجاری کام کا معائینہ کیا۔دورے کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر سانبہ نے دورے پر آئے افسران کو گاڑیوں کے معائینے کے لئے قائم کئے جارہے خود کار اِدارے کے بارے میں تفصیل دیتے ہوئے ہ یہ جموں وکشمیر میں اِس نوعیت کا پہلا مرکز ہوگا جہاں گاڑیوں کا معائینہ خود کار طریقے سے ہوگا۔ اُنہیں مزید بتایا گیا کہ آئی سی سی سانبہ 982.20 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے۔کمشنر سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ نے مرکز پر جاری تعمیراتی کا جائزہ لیتے ہوئے تعمیراتی ایجنسی جے کے پی سی سی کو مرکز میں تمام تعمیراتی کاموں کی تعمیر میں سرعت لاکر ایک ماہ کی مدت میں مکمل کرنے کے لئے کہا۔ ٹرانسپورٹ کمشنر جموںوکشمیر پردیپ کمار نے اِس موقعہ پر متعلقہ اَفسروں کو مشینری اور دیگر سازو سامان ورک سٹیشن پر فوری طور نصب کرنے کے لئے کہا تاکہ مرکز پر گاڑیوں کا خود کار معائینہ فوری طور شروع کیا جاسکے۔بعد میں کمشنر سیکرٹری اور ٹرانسپورٹ کمشنر نے ضلع ترقیاتی کمشنر سانبہ کے آفس کمپلیکس، اسسٹنٹ روڑ ٹرانسپورٹ آفیسر کے د فتر سانبہ اور ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسرلء دفتر جموںکا بھی دورہ کیا۔ اُنہوں نے ٹرانسپورٹ دفاتر کے مختلف شعبوں کا معائینہ کیا جن میں لرننگ لائسنس شعبہ ، ڈی ایل ٹرائیل گرائونڈ ، ٹرانسفر سیکشن وغیرہ شامل ہیں ۔انہوں نے دفتری کام کاج کے دوران کووِڈایس او پیز پر عمل پیر ا رہنے پر زور دیا اور ایک عوام دوست اور شفاف کام کاج کلچر یقینی بنانے کے متعلقہ حکام کو ہدایت دی۔دورے کے دوران ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسرجموں ، سب ڈویژنل مجسٹریٹ وِجے پورہ ، اسسٹنٹ روڑ ٹرانسپورٹ سانبہ کے علاوہ متعلقہ محکمہ کے دیگر اَفسران موجود تھے۔
 
 

مولاناسید سلمان کی رحلت |  امت مسلمہ کیلئے بڑا نقصان :جمعیت علماء جموں وکشمیر

سرینگر// جمعیت علماء اہل السنت والجماعت جموں وکشمیرنے عالم اسلام کی عظیم علمی وروحانی شخصیت حضرت مولانا سید سلمان مظاہری صاحب ناظم اعلیٰ جامعہ اسلامیہ مظاہرالعلوم سہارنپور کے انتقال پر رنج وغم اورتعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔جمعیت کے سکریٹری مولانا شیخ عبدالقیوم قاسمی نے کہا کہ مولاناسلمان مظاہری نے اپنی زندگی میں علمی اور دینی خدمات کی عظیم الشان مثال قائم کی ہے۔بیان کے مطابق موصوف شیخ الحدیث مولانا زکریا کے دامادوخلیفۂ مجاز اور شیخ الحدیث مولانا طلحہ کاندھلوی کے بھی خلیفۂ مجازتھے ۔
 
 
 

رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کی تعزیت 

سرینگر//رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی شمالی کشمیر کے چیئرمین خواجہ محمد شفیع اورتحصیل چیئرمین ٹنگمرگ ہلال احمد چیچی نے قاضی پورہ ٹنگمرگ کے سماجی کارکن مصر خان کی وفات پر ان کے گھر جاکر تعزیت کا اظہار اور مرحوم کے حق میں مغفرت کی دعا کی اور جملہ سوگواران سے تعزیت کااظہار کیا۔ 
 
 

کرالہ گنڈ ہندوارہ کے طالب علم کا کارنامہ 

مختلف اقسام کے چیزیں بناکرلوگوں کو حیران کردیا

کپوارہ/اشرف چراغ//شمالی کشمیر کپوارہ ضلع کے کرالہ گنڈقاضی آباد علاقے سے تعلق رکھنے والے کم عمر طالب علم نے ذہانت کی مثال قائم کر کے ایسے چیزیں تیار کی ہیں جنہیں دیکھ کر انسان دھنگ رہ جا تا ہے۔مذکورہ طالب علم نے بار بار اپنی قابلیت اور ہنرکامظاہرہ کرکے اپنے علاقہ اور پورے ضلع کے ساتھ ساتھ جمو ں و کشمیر میں اپنی قابلیت کا لوہا منوایا ہے۔شاکر نذیر نامی یہ طالب علم ایسے آلات اور مشینری بنانے کے لئے لکڑی ، پلاسٹک اور ٹین کے ٹکڑوں اور دیگر طرح کے ناقابل استعمال چیزوں کو اکھٹاکر کے ایک نہایت دلفریب اور خوبصورت مشینری تیار کرتا ہے جو انسانی روزمرہ زندگی میں کام آتے ہیں۔علاقہ قاضی آ باکے لوگوں نے مذکورہ طالب علم کی اس کوشش کو خوب سراہا اور کہا کہ ایسے ذہین طالب علمو ں کو رہنمائی کی سخت ضرورت ہے ۔ مقامی لوگو ں کا یہ بھی کہنا ہے کہ مذکورہ طالب علم ایک غریب اور پسماندہ گھر سے تعلق رکھتاہے اوراسکی مدد کرنے کے لئے ہرطرف عوام فکرمند ہے۔
 
 
 

گاندربل کی تعمیر و ترقی پہلی ترجیح: اشفاق جبار

گاندربل/ارشاد احمد//گاندربل کے سابق ممبر اسمبلی اور نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر شیخ اشفاق جبار نے کہا کہ گاندربل کی تعمیر و ترقی کے لئے سیاست سے بالاتر ہوکر یکجہتی کی ضرورت ہے۔انہوں نے سیاسی جماعتوں، سیول سوسائٹی گروپوںاوربزرگ شہریوں سے مطالبہ کیا کہ گاندربل کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے میں اپنا اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے حال ہی میں راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر جی سی مرمو سے گاندربل کی مختلف انجمنوں کے ہمراہ ملاقات کی جس میں ہم نے ان زیر تکمیل منصوبوں کے بارے میں تفصیل سے بات چیت کی جو سالوں سے نامکمل ہیں جن میں سنٹرل یونیورسٹی کشمیر، 93 میگاواٹ کے نیو گاندربل ہائیڈرو الیکٹرک پاور پروجیکٹ،ناگہ بل بی ہامہ شاہراہ کی کشادگی کیلئے درکاراراضی کا حصول ، نالہ سندھ سے ریت اورباجری نکالنے والے افراد کا مسئلہ،زیڈ موڑ ٹنل،گاندربل میں موجود سیاحتی مقامات کوفروغ دیناشامل ہے۔انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر نے یقین دلایا کہ تمام زیر تعمیر منصوبوں کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی متعلقہ اداروں کو ہدایت دی جائے گی۔ 
 
 
 
 
 
 
 
 

مرکزی سیکریٹری کی صدارت میں میٹنگ 

صنعتی مراعات کے خصوصی پیکیج کیلئے سبسڈی منظور 

جموں//مرکزی سیکریٹری محکمہ برائے ترقیائی صنعت اندرونی تجارت نے بااختیار کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت کی ۔دوران میٹنگ جموںوکشمیر کے لئے صنعتی مراعات کے خصوصی پیکیج کے تحت پلانٹ او رمشینری معاملا ت کے لئے ہائی ویلو سینٹرل کیپٹل انوسٹمنٹ سبسڈی منظور کی گئی۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت منوج کمار دِویدی ، ڈائریکٹرصنعت و حرفت کشمیر محمود شاہ ، جنرل منیجرجے کے ڈی ایف سی گوہر عارف موجود تھے اور سری نگر سے متعلقہ ڈی آئی سی کے جنرل منیجروں جبکہ ڈائریکٹر صنعت و حرفت جموں انو ملہوترا ، ڈائریکٹر فائنانس صنعت و حرفت آر سی کوتوال اور متعلقہ ڈی آئی سی کے جنرل منیجروںنے جموں سے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں شرکت کی۔میٹنگ کے دوران جموں ، سانبہ ، کٹھوعہ کے اِنڈسٹریل یونٹوں کے پلانٹ اور مشینری کے17.40کروڑ روپے کے 10 بڑے پیمانے کے 30فیصد سی سی آئی ایس کے معاملات منظور ی کے لئے بااختیار کمیٹی کے سامنے پیش کئے گئے جن میں سے 9معاملات منظور کئے گئے ۔ اِس کے علاوہ کمیٹی نے ضلع پلوامہ کشمیر صنعتی یونٹ کے لئے 2.25کروڑ روپے کی مالیت کے پلانٹ اینڈ مشینری اعلیٰ سطحی 30فیصد سی سی آئی ایس معاملے کو منظور ی دی۔
 
 
 
 
 
 

خطے کے امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل لازمی: پاکستان 

 سرینگر/ /پاکستان نے ایک مرتبہ پھر اعلان کیا ہے کہ خطے کے امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے ۔ پاکستانی دفترخارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے ریڈیوپاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ کے چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل تعریف ہے کہ او آئی سی کشمیر کاز کی حمایت کیلئے آگے آئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر حل کرنے سے ہمیشہ کتراتا رہا ہے اور بھارتی وزیر اعظیم نریندر مودی کی ہٹ دھرمی کے رویے نے علاقائی خوشحالی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ چاہتا ہے کہ تمام تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے لیکن بھارت کی غیر سنجیدگی اس معاملے کو مزید طول دیتی ہے ۔(سی این آئی )
 
 
 

انتظامی اداروں اور سیاسی عمل پر عوام کا اعتماد ختم ، سرکاری دفاتر میں جوابدہی کافقدان 

سیاسی استحکام کیلئے ریاستی درجہ کی بحالی ناگزیر: الطاف بخاری

تجارتی طبقہ 5اگست سے پریشانی کا شکار،بجلی وپانی فیس معاف کی  جائے

جموں// اپنی پارٹی صدر الطاف بخاری نے جموں وکشمیر میں سیاسی عدم استحکام سے بچنے کیلئے ریاستی درجہ کی بحالی پرزور دیاہے۔ پارٹی دفتر گاندھی نگر جموں میںلیڈران کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے الطاف بخاری نے کہاکہ جموں وکشمیر کو دوبارہ ریاست کا درجہ دینا اچھی انتظامیہ، اقتصادی ترقی اور خطہ میں امن واستحکام کے لئے عملی قدم ہوگا۔ میٹنگ کے دوران کویڈ19سماجی دوری اور صحت پروٹوکول پر سختی سے عمل کیاگیا۔انہوںنے کہاکہ جموں وکشمیر میں صورتحال اِس مرحلہ پر پہنچ چکی ہے لوگ انتظامی اداروں اور سیاسی عمل پر اعتماد کھوچکے ہیں، سرکاری دفاتر میں جوابدہی کے فقدان نے لوگوں میں بد نظمی اور عدم اطمینان کی سطح کو پہلے سے بڑھادیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ریاستی درجہ کی بحالی میں مزید تاخیر سے جموں و کشمیر کے اندر سیاسی عمل ، سیاستدانوں اور جمہوری اداروں میں بے بسی اعتماد کے فقدان کا احساس بڑھ سکتا ہے۔ دریں اثناء الطاف بخاری نے لیفٹیننٹ گورنر کی سربراہی والی انتظامیہ پرزور دیاکہ سبھی چھوٹے، متوسط اور بڑے تجارتی ودیگر کاروباری اداروں خصوصاً سیاحت کے شعبہ میں یکمشت پانی اور بجلی چارجز معاف کیا جائے کیونکہ یہ پہلے ہی گذشتہ سال 5اگست سے پریشانی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کم وبیش سبھی دکاندار، تاجر اور دیگر چھوٹے، متوسط اور بڑے تجارتی گھرانے بشمول نجی اسکول پچھلے سال اگست اور اب کورونا وباء کی وجہ سے سخت مالی مشکلات سے دو چار ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر تجارتی شعبہ کو یہ چارجز معاف کئے جائیں۔ اجلاس میں محمد دلاور میر، اعجاز احمد خان، وجے بقایہ، منجیت سنگھ، چوہدری قمر حسین، ممتاز احمد خان، کمل اروڑہ، وکرم ملہوترہ، سعید اصغر علی، نمریتہ شرما، یاور میر، رقیق احمد خان، مدن لال چلوترہ، بودھ راج، انوج منہاس، وجیندر دتہ، اعجاز علی کاظمی، نیلنجن اروڑہ، راج کمار لگوترہ، وائی بہو مٹو، امن دیپ سنگھ چوپڑہ، یاسر چوہدری، جنمیت سنگھ، سندیپ گندوترہ اور ستیشور سنگھ بھی موجود تھے۔
 
 
 
 

پکھرپورہ میں 3اعانت کاروں کی گرفتاری کا دعویٰ

قابل اعتراض مواد اورگولی بارود برآمد 

سرینگر //بڈگام پولیس اور فورسز نے مشترکہ کاروائی کے دوران 3بالائے زمین ورکروںکو گرفتار کرکے قابل اعتراض مواد اور گولہ بارود برآمد کیاہے۔ پولیس بیان کے مطابق ایک مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر بڈگام پولیس اور سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طور پر چیکنگ کے دوران پکھرپورہ میں جنگجوئوں کے 3معاون کاروں ، جن کی شناخت معراج الدین کمار، طاہر کمار ساکناں پکھرپورہ اور ساحل ہورہ ساکن تلسرہ کے بطورہوئی ، کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے 20 اے کے راونڈ، دو ڈیٹونیٹر رس اور حزب المجاہدین تنظیم کے پندرہ پوسٹر برآمد کرکے ضط کئے ۔ اس سلسلہ میں چرار شریف پولیس تھانہ میں ایف آئی آر زیر نمبر83/2020درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔ پولیس ریکاڈ کے مطابق اس بات کا پتہ چلا کہ گرفتارشدگان کار علاقے میں جنگجوئوں کو تمام طرح کی سہولیت بہم پہچانے میں ملوث تھے اور پکھر پورہ میں پچھلے کچھ مہینوں سے سرگرم تھے ۔
 
 
 
 
 
 

 درماندہ  2,46,634شہری یوٹی لوٹے 

 جموں//حکومت جموں وکشمیر نے کووِڈلاک ڈاون کے سبب ملک کے مختلف حصوں میں درماندہ جموںوکشمیر کے2,46,634شہریوں کو براستہ لکھن پور اور کووِڈخصوصی ریل گاڑیوں اور بسوں کے ذریعے تمام رہنما خطوط اور ایس او پیز پر عمل پیرا رہ کر یوٹی واپس لایا۔سرکاری اعداد و شما ر کے مطابق جموںوکشمیر کے مختلف اَضلاع کی اِنتظامیہ نے ملک کی مختلف ریاستوں اور یوٹیز سے75,448درماندہ مسافروں کو لے کر جبکہ براستہ لکھن پور1,71,186افراد کو حکومت نے90کووِڈ خصوصی ریل گاڑیوںکے ذریعے اودھمپو ر اور جموں ریلوے سٹیشنوں پر خیرمقدم کیا ۔حکومت نے لکھن پور کے ذریعے اَب تک بیرون ملک سے899 مسافرو ں کویوٹی واپس لایا ہے ۔اِس طرح جموںوکشمیر حکومت نے اب تک 90 کووِڈ خصوصی ریل گاڑیوں اور براستہ لکھن پور بسو ںکے کاروان میں اب تک بیرون یوٹی درماندہ 2,46,634شہریو ں کو کووڈِ۔19 وَبا سے متعلق تمام احتیاطی تدابیر کو مد نظر رکھ کر واپس لایا گیا۔تفصیلات کے مطابق 20؍ جولائی سے 21؍ جولائی 2020ء کی صبح تک لکھن پور کے راستے سے 2268 درماندہ مسافریوٹی میں داخل ہوئے جبکہ  907مسافر آج 69ویں دلّی کووِڈ خصوصی ریل گاڑی سے جموں پہنچے ۔اَب تک 69ریل گاڑیاں یوٹی کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے59,752درماندہ مسافر جموں پہنچے جبکہ 21خصوصی ریل گاڑیوں سے 15,696مسافر اودھمپور ریلوے سٹیشن پر اُترے۔
 
 
 

گھریلو پروازو ں کے ذریعہ 2,496مسافروںکی واپسی 

 جموں//جموں وکشمیر یونین ٹریٹری میں گھریلو پروازوں کے دوبار ہ چالوہونے کے58واں دِن 2,496مسافروں کو لے کر آج3 2 پروازیں جموں اور سری نگر ہوائی اڈے پر اتریں ۔709مسافروں سمیت08کمرشل پروازیں جموں ہوائی اڈے اور 1920 مسافروں کو لے کر15 پروازیں آج سری نگر کے ہوائی اڈے پر اتریں۔واضح رہے کہ25؍ مئی سے اب تک جموں ایئر پورٹ پر 431گھریلو پروازیں اتری ہیں جن میں 31,987مسافروں نے سفر کیا ۔ اسی طرح سری نگر ائیر پورٹ پر 704گھریلو پروازیںاتریں ہیں جن میں 91,758مسافروں نے سفر کیا ہے۔نیز جموں وکشمیر حکومت نے عالمی وَبا کے پیش نظر اَب تک متعدد ممالک سے تقریباً 3,331مسافروں کو خصوصی انخلأ پروازوں کے ذریعے جموںوکشمیر یوٹی میں واپس لایا ہے۔ہوائی اڈے پر اُترتے ہی تمام مسافروں کا کووِڈ۔19ٹیسٹ کیا گیا اوردونوں ہوائی اڈوں سے  اپنے منازل کی طرف تما م احتیاطی تدابیر پر عمل پیر ا رہ کر روانہ کئے گئے۔حکومت نے ہوائی پروازوں کے ذریعے یوٹی میں وارِد ہونے والے تمام مسافروں کی آمد سکریننگ نمونے لینے اور قرنطین مراکز کی طرف لے جانے کے لئے معقول ٹرانسپورٹ اِنتظامات کئے گئے ہیں اور اِس دوران مرکزی  شہری ہوا بازی اور صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارتوں کی جانب سے مقرر کئے گئے رہنما خطوط اور ایس او پیز کا خاص خیال رکھا جارہا ہے۔
 
 
 
 

تازہ ترین