مزید خبرں

تاریخ    20 جولائی 2020 (30 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک

۔AAY کنبوں کو رعایتی نرخوں پر چینی فراہم کی جارہی ہے 

سر ینگر//اِنتظامی کونسل کی میٹنگ لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو کی صدارت میں منعقد ہوئی ، نے محکمہ خوراک ، شہری رسدات اور امور صارفین کو نیشنل ایگریکلچر کواپریٹیو مارکیٹنگ فیڈ ریشن اِنڈیا لمٹیڈ ( این اے ایف ای ڈی ) سے 3000 میٹرک ٹن چینی خریدنے کو منظوری دی ۔ اس منظوری کے تحت محکمہ سالانہ 2800میٹرک ٹن جموںوکشمیر سپیشل شگر سکیم کے تحت خریدے گا جو2,33,429  موجودہ انتودیا انا یوجنا ( اے اے وائی ) اور مائیگرنٹوں کی امداد کے لئے سالانہ اضافی 200 میٹرک ٹن حاصل کرنے خصوصی شگر سکیم کے دائرے میں آنے والے کنبوں کو فراہم کیا جائے گا۔ اے اے وائی راشن کارڈ ہولڈروں میں ایک کلوگرام رعایتی نرخوں پر چینی فی راشن کار ڈ ہولڈر فراہم کیا جائے گا جو عوامی تقسیم کاری نظام کے ذریعے حکومت ہند کی رعایتی نرخ 13.50 روپے فی کلو گرام جنوری2020ء سے فراہم کیا جائے گا۔
 
 

ترقیاتی سرگرمیوں میںبلدیاتی و پنچائتی راج اداروں کی شرکت اہم 

 شوپیان کے بلدیاتی و پنچایتی راج اِداروں کے نمائندے  اوربھاجپااراکین ایل جی سے ملاقی 

سر ینگر// لیفٹننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے عوام اور بلدیاتی اور پنچایتی راج اداروں کے نمائندگان کو ترقیاتی سرگرمیوں میں عملی طور حصہ لینے کیلئے کہا۔ لیفٹیننٹ گورنر شوپیان کے بلدیاتی اور پنچایتی راج اِداروں کے نمائندگان کے ساتھ راج بھون میں تبادلہ خیال کر رہے تھے جنہوںنے ایل جی کو انہیں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔وفد کی قیادت جاوید احمد قادری ، سہ پربھاری ، بی جے پی کسان مورچہ جے اینڈ کے اور صدر میونسپل کمیٹی شوپیاں کررہے تھے۔ اشوک بالی نائب صدر میونسپل کمیٹی شوپیان، بلاک ڈویولپمنٹ کونسل کے چیئرپرسنز اور ممبران جن میں اے کے پنڈتا ، محمد یوسف کالس ،عبدالحمید شاہ ، غلام حسن ریشی ، منظور احمد ملک اور محمد سلیم شیخ ، امام صاحب کیلر، شوپیاں ، حرمین ، زینہ پورہ اور کالجی والور کے علاوہ محمد یونس شاہ ، بی جے پی کے ضلع صدر شوپیان اور بی جے پی کے ضلع سیکریٹری غلام محمد بٹ نے شوپیان ضلع سے متعلق مختلف ترقیاتی مسائل اٹھائے جن میں موجودہ سڑکوں پر میکڈم بچھانے اور سڑک رابطہ سہولیات سے محروم علاقوں میں پی ایم جی ایس وائی کے تحت سڑکوں کی تعمیر ، کیلر میں آبپاشی سہولیات ، سکولوں اور واٹر سپلائی سکیموں کی توسیع ،پیر کی گلی سے شوپیان تک ٹرانسپورٹ سہولیت کی فراہمی اور عوامی افادیت حامل دیگر مسائل لیفٹیننٹ گورنر کے گوش گزار کئے ۔ کیلر میں آبپاشی کی سہولیات میں اضافہ، اسکولوں کی اپ گریڈیشن؛ پانی کی فراہمی میں اضافہ، پیر کی گلی سے شوپیاں اور عوامی اہمیت کے دیگر امور پر آمدورفت قابل ذکر ہے۔ وفد نے لیفٹیننٹ گورنر کو ایم جی نریگا کے تحت تعینات کئے گئے عملے کی بہبودی سے متعلق معاملات کی جانب بھی لیفٹیننٹ گورنر کی توجہ مبذول کروائی ۔واٹرسپلائی سکیمو ں کی توسیع سے متعلق لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یوٹی حکومت نے سال  2020ء تک مرکزی معاونت والے جل جیون مشن کے تحت تمام کنبوں کو نل کے ذریعے پانی فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے ۔اُنہوں نے کہاکہ حکومت دیہات میں پانی سمیتیاں قائم کر رہی ہے اور پنچایتی راج اداروں کو اِس ضمن میں اہداف کے حصول کے لئے اہم رول ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوامی مسائل اور مقامی سطح کی ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ایک مفصل عوامی رابطہ پروگرام شروع کیا ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کے ارکان کو یقین دِلایاکہ اُن کی جائز مانگوں اور مسائل کا بغور جائزہ لے کر اُن کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔
 
 

 درماندہ 2,39,966شہری یوٹی لوٹے

 جموں//حکومت جموں وکشمیر نے کووِڈلاک ڈاون کے سبب ملک کے مختلف حصوں میں درماندہ جموںوکشمیر کے 2,39,966شہریوں کو براستہ لکھن پور اور کووِڈخصوصی ریل گاڑیوں اور بسوں کے ذریعے تمام رہنما خطوط اور ایس او پیز پر عمل پیرا رہ کر یوٹی واپس لایا۔سرکاری اعداد و شما ر کے مطابق جموںوکشمیر کے مختلف اَضلاع کی اِنتظامیہ نے ملک کی مختلف ریاستوں اور یوٹیز سے73,692درماندہ مسافروں کو لے کر جبکہ براستہ لکھن پور1,66,274افراد کو حکومت نے88کووِڈ خصوصی ریل گاڑیوںکے ذریعے اودھمپو ر اور جموں ریلوے سٹیشوں پر خیرمقدم کیا ۔حکومت نے لکھن پور کے ذریعے اب تک بیرون ملک سے896مسافرو ں کویوٹی واپس لایا ہے ۔اِس طرح جموںوکشمیر حکومت نے اب تک 88 کووِڈ خصوصی ریل گاڑیوں اور براستہ لکھن پور بسو ںکے کاروان میں اب تک بیرون یوٹی درماندہ 2,39,966شہریو ں کو کووڈِ۔19 وَبا سے متعلق تمام احتیاطی تدابیر کو مد نظر رکھ کر واپس لایا گیا۔تفصیلات کے مطابق 18؍ جولائی سے 19؍ جولائی 2020ء کی صبح تک لکھن پور کے راستے سے3945 درماندہ مسافریوٹی میں داخل ہوئے جبکہ  946مسافر آج 67ویں دلّی کووِڈ خصوصی ریل گاڑی سے جموں پہنچے ۔اَب تک 67ریل گاڑیاں یوٹی کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے57,996درماندہ مسافر جموں پہنچے جبکہ 21خصوصی ریل گاڑیوں سے 15,696مسافر اودھمپور ریلوے سٹیشن پر اُترے۔
 
 
 
 

سروس سلیکشن بورڈ کی درجہ چہارم کی اسامیاں

 10جولائی2020ء سے 95,150درخواستیں موصول

جموں//اتوار کی صبح تک  1,84,250اُمید واروں نے بورڈ کے آن لائن پورٹل پر رجسٹریشن کی جبکہ 95,150 اُمید واروں نے درجہ چہارم اسامیوں کے آن لائن درخواست پیش کرنے کا عمل مکمل کیا۔بورڈ نے جے کے ایس ایس بی کے آن لائن ایپلیکیشن پورٹل پر آن لائن درخواستیں جمع کروانے کے لئے 10؍ جولائی 2020 ء کو شروع ہونے کی تاریخ مقرر کی تھی جبکہ یہ بات نوٹ کی گئی کہ کل 90600 منفرد اَفرادنے  بورڈ کے آن لائن ایپلیکیشن پورٹل پررسائی حاصل کی۔جموںوکشمیر سروس سلیکشن بورڈ نے درجہ چہارم اَسامیوںکے لئے جموںوکشمیر بھرتی ( خصوصی بھرتی) قواعد 2020 کے تحت مختلف محکموںمیں ضلع صوبائی یونین ٹریٹری کیڈر کے لئے 8575 درجہ چہارم اسامیوں کو  اشتہاری نوٹیفکیشن نمبر 1آف 2020 ،بتاریخ26.06.2020مشتہر کیا ہے۔بورڈ نے سری نگر اور جموں میں دو ہیلپ لائن اُمید واروں کی سہولیت کے لئے شروع کی ہے اور اگر کسی فرد کو درخواست پیش کرنے میں تکنیکی یاکسی وجہ سے مشکل پیش آرہی ہو توو ہ اِس ضمن میں مزید معلومات اور رہنمائی کے لئے ssbjkgrievance@gmail.comپرمیل بھیج سکتا ہے۔
 
 

 انجینئرس ایند ایمپلائز کارڈی نیشن کمیٹی کا انتباہ

محکمہ بجلی کی نجکاری کیخلاف ایجی ٹیشن ہوگی

سرینگر//بجلی کی نجکاری کو ملازمین و انجینئروںنے یکسر مسترد کرتے ہوئے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر ایسا کیاگیا گیا تو وہ ایجی ٹیشن چھیڑ دیں گے۔ جموں کشمیر انجینئرس ایند ایمپلائز کارڈی نیشن کمیٹی نے کہا کہ محکمہ بجلی کی نجکاری سے26ہزار ملازمین کو حکومت قربانی کا بکرا بنا رہی ہے۔محکمہ بجلی کی3ملازمین انجمنوں الیکٹریکل ایمپلائز یونین ،ڈپلومہ انجینئرس ایسو سی ایشن(الیکٹریکل) اورالیکٹرک ایمپلائز گریجویٹ ایسو سی ایشن نے مشترکہ بیان میں کہا کہ زمینی حقائق کا ادراک کئے بغیر جموں کشمیر کی حکومت بجلی کی نجکاری کرنے جارہی ہے ۔مشترکہ پلیٹ فارم جموں کشمیر انجینئرس ایند ایمپلائز کارڈی نیشن کمیٹی  کے ذمہ داراوں محمد مقبول نجار، انجینئر قیصر الہیٰ میر اور  انجینئر منشی ماجد علی نے کہا کہ جموں کشمیر کو دیگر مرکزی زیر انتظام والے علاقوں کے ہم پلہ کے طور پر دیکھنا چشم پوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فریقین کیلئے یہ حیران کن ہے کہ نئی قائم کی گئی کمپنیوں،جو ابھی ابتدائی مرحلے میں ہی ہے،کی نجکاری کی تجویز ان کارپوریشنوں پر ایک اور وار ہے۔ بجلی محکمہ کے اس اتحادی پلیٹ فارم کا کہنا ہے کہ سرکار کیوں نئے تجربے کر رہی ہے،اور نئے قائم کئے کارپوریشنوں کوسنبھلنے کا وقت کیوں نہیں دیتی،ایک سوال ہے،جس کا کوئی بھی جواب نہیں ہے۔ 
 
 
 

بارہمولہ میں 21جولائی تک لاک ڈاؤن کا نفاذ 

 بارہمولہ //فیاض بخاری//ضلع بارہمولہ میںکوڈ 19 مثبت معاملات کے پھیلاؤ کو کم کرنے کیلئے احتیاطی اقدام کے طور پر ضلع مجسٹریٹ بارہمولہ ڈاکٹر  غلام نبی ایتو نے لاک ڈاؤن میں 21 جولائی تک توسیع کی ہے۔ ضلع انتظامیہ نے 17 جولائی جمعہ سے 3 دن لاک ڈاون کا ایک حکم نامہ جاری کیا تھا اور اب اس میں مزید دو دن بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ڈی سی آفس سے جاری کردہ حکم کے مطابق ضلع بھر میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005 کی دفعہ 144 سی سی پی سی کے تحت پابندیاں عائد کردی گئی ہیں جس میں تمام دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہیں گے، پبلک ٹرانسپورٹ کی نقل و حرکت پر بھی مکمل پابندی ہوگی اور صرف نجی گاڑیوں کو ہی نقل وحرکت کی اجازت ہوگی۔ اس آرڈر میں بارہمولہ / سوپور ، ایس ڈی ایمز ، تحصیلداروں ، نائب تحصیلداروں ، ایس ڈی پی اوز ، ایس ایچ اوز اور دیگر ڈیوٹی مجسٹریٹوں کے ایس ایس پیز کو بھی پابندیوں پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔
 
 

گاندربل میں ماسک نہ پہنے پر پولیس کی کارروائی

82افراد سے 10ہزارروپے جرمانہ وصول 

گاندربل//ارشاد احمد//گاندربل کے مختلف علاقوں میں ماسک نہ پہننے پر82 افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے موقع پر ہی 10,500روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔ضلع گاندربل میں کوروناوائرس کے معاملات میں اضافہ ہورہا ہے اور اس کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ نے کئی علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے ماسک نہ لگانے والوں پر جرمانہ عائد کیا۔پولیس نے کوروناوائرس سے بچنے کے لئے رہنما خطوط پر عمل نہ کرنے کی پاداش میں 82افراد کے خلاف جرمانہ کیا ہے۔ اس بارے میں ایس ایس پی گاندربل خلیل پسوال نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ماسک نہ پہننے والے افراد سے 10,500روپے بطور جرمانہ وصول کیا گیا ہے۔
 
 

گاندربل میں کورونا معاملات میں اضافہ

یونانی ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کی گئیں

گاندربل //ارشاد احمد//ضلع گاندربل میں کوروناوائرس کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے محکمہ صحت نے اب یونانی ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی گاندربل نے گورنمنٹ یونانی میڈیکل کالج اور اسپتال نواب باغ گاندربل کے 15 عہدیداروں کو فارغ کردیا ہے اور انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بلاک میڈیکل آفیسر گاندربل کو کوویڈ کیئر سنٹر ہتہ برہ گاندربل میں فرائض کی انجام دہی کیلئے خدمات میسر رکھنے کیلئے فوری طور پر رپورٹ کریں۔ ذرائع نے بتایا کہ ان 12 عہدیداروں میں 7 کنسلٹنٹ ، 3 میڈیکل آفیسر اور 2 فارمسٹ شامل ہیں۔ چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی گاندربل کاکہنا ہے کہ ضلع میں کووڈ 19 کی وجہ سے مثبت مریضوں کی بڑھتی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے جواہر نویہ ویدیالیہ سکول ہتہ برہ کوویڈ کیئر سنٹر میں تبدیل 
کیاگیا ہے اور عملے کی کمی کی وجہ سے 12 یونانی عملہ کو وہاں تعینات کردیا گیا ہے۔مذکورہ سکول میں کوروناوائرس سے متاثرہ 300مریضوں کیلئے رکھنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ 
بانڈی پورہ میں3بچوں کی ماں کی خودسوزی کا معاملہ
 
 

گرفتار ساس کا کورونا ٹیسٹ مثبت، قرنطینہ مرکز منتقل 

بانڈی پورہ //عازم جان //چٹے بانڈے بانڈی پورہ میں 3بچوں کی ماں کی خودکشی کے معاملے کے الزام میں گرفتار ساس کو کورونا وائرس مثبت آنے کے بعد کوڈ ہسپتال سنروانی پہنچایا ہے جبکہ نندکا کوڈ ٹیسٹ کرنے کے بعد گرفتار کرنے کی کارروائی کی جائیگی۔مبارک بٹ کی اہلیہ نے سسرال میں ہراسانی اور ظلم و جبر سے تنگ آکر خودسوزی کی۔ مذکورہ خاتون 90فیصد جھلس گئی تھی اور11جولائی کو صدر ہسپتال میں زندگی کی جنگ ہار گئی۔میکے والوں نے مذکورہ خاتون کو سسرال کے قبرستان کے بجائے میکے کے قبرستان واقع آیت مولہ میں سپرد خاک کیا۔ میکے والوں نے بانڈی پورہ بازار میں اتوار کو زبردست احتجاج کرت ہوئے سسرال والوں کیخلاف قانونی کارروائی کی مانگ کی ہے۔  ایس ایچ او آرہ گام کاکہنا ہے کہ معاملہ میں ایف آئی آر درج کرنے کے بعد تفتیش کیلئے پولیس نے ساس گی گرفتاری عمل میں لائی لیکن کورونا ٹیسٹ مثبت نکلا جس کے بعد اسے قرنطینہ مرکز بھیج دیا گیا جبکہ نند کا کوروانا ٹیسٹ کیا ہے اوررپورٹ آنے کے بعد گرفتار کرنے کی کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ اس جرم میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی اورکوئی رعایت برتی نہیں جائیگی۔
 
 

سابق رکن جماعت پر سیفٹی ایکٹ 

سب ضلع جیل کپوارہ منتقل

کپوارہ// اشرف چراغ //دیور لولاب میں کالعدم تنظیم جماعت اسلامی کے سابق رکن اور نجی مدرس 39سالہ ظہور عباس خان ولد محمد عباس خان ساکنہ دیور لولاب کو پولیس نے گرفتار کرکے اس پر پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کر دیا ہے۔ ظہور عباس کو پولیس نے 7جولائی کو گھر  سے گرفتار کیا تھا اوراسے پولیس تھانہ لال پورہ لولاب میں حراست میں رکھاگیا۔18جولائی کو ظہور عباس پر پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کرکے اسے سب جیل کپواڑہ منتقل کیا گیا۔
 
 
 
 
 
 
 

منشیات مخالف مہم،اونتی پورہ میں دو افرادگرفتار 

سرینگر //منشیات مخالف مہم کے دوران اونتی پورہ پولیس نے ناکہ چیکنگ کے دوران ایک گاڑی زیر نمبر JK01AE-4877سے ایک منشیات فروش کو گرفتار کرلیا جس کے قبضے سے 31 گرام ہیروئن برآمدکیا جس کی شناخت عادل شفیع میر ساکن بمنہ توحید آباد کے طور پر ہوئی۔ پولیس نے اس سلسلے میں پولیس تھانہ اونتی پورہ میں ایف ائی آر زیر نمبر 94/2020درج کیا گیا۔اس دوران پانپور پولیس نے تلباغ علاقے کے نزدیک منظور احمد راتھر نامی ایک شہری کی تلاشی لی جس کے قبضے سے 9 کلو خشخاش پوست بر آمد ہوئے ۔پولیس نے ان کے خلاف پولیس تھانہ پانپور میں ایف آئی آر زیر نمبر  53/2020درج کیا گیا۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 

 پلوامہ میں’ تعاون‘ پورٹل کا افتتاح ،کئی غیر سرکاری تنظیموں میں اسناد تقسیم

سرینگر//ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر راگھو لنگر نے غیر سرکاری تنظیموں، رضاکاروں اور انتظامیہ کو ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع کرنے کیلئے سی ایس آر پورٹل ’تعاون‘ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ترقیاتی کمشنر نے رضاکاروں اور غیر سرکاری تنظیموں کی یہ کہتے ہوئے سراہنا کی کہ اُنہوں نے کووڈ 19 کو قابو کرنے میں سرکار کی بھرپور مدد کی۔ تقریب میں کئی رضاکاروں اور سماجی کارکنوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اپنی تجاویز پیش کیں۔بعد میں اُنہوں نے مختلف غیر سرکاری اور رضاکار تنظیموں بشمول چنار فاونڈیشن، جموں و کشمیر یتیم ٹرسٹ،احساس ٹرسٹ فائونڈیشن،بارڈرلیس ورلڈ فائونڈیشن ،حیات فائونڈیشن، نوبل ہینڈس، آرٹ آف لونگ وغیرہ کی حوصلہ افزائی کرنے کی غرض نے اُن میں اسناد تقسیم کی گئیں۔تقریب سے قبل سٹیٹ بینک آف انڈیا کی پلوامہ شاخ نے ایک لاکھ روپیہ مالیت کا حفاظتی ساز و سامان انتظامیہ کو فراہم کیا۔
 
 

صحافی رشید راہل کیساتھ اظہار تعزیت

سرینگر// سینئر صحافی اور روزنامہ ’ایشین میل ‘ کے مدیر اعلیٰ رشید راہل کے والد نسبتی اور راہل فارما کے مالک شبیر احمد لون کے والد حاجی عبدالعزیز لون سنیچر کے روز اچانک انتقال کرگئے۔حاجی عبدالعزیز لون ساکنہ بژھ پورہ سرینگر سنیچر کو اچانک دل کا دورہ پڑا جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا ،جہاں انہوں نے زندگی کی آخری سانس لی۔سماج کے مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور صحافتی برداری نے حاجی عبدالعزیز کے انتقال پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔اس دوران نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، نائب صدر عمر عبداللہ، شیخ اشفاق جبار ، ایڈوکیٹ نذیر احمد ملک، پی ڈی پی لیڈرعبدالرئوف بٹ اور عوامی نیشنل کانفرنس سینئر نائب صدر مظفر شاہ نے رشید راہل کے ساتھ گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ادھر ایڈیٹرس گلڈ ،انجمن اردو صحافت ، جموں وکشمیرایڈیٹر ایسو سی ایشن ، پریس کلب ، ٹریڈ یونین لیڈر اعجاز احمد خان،، جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولوی غلام محمد ، جمعیت اہلحدیث ، آل انڈیا فارماسسٹس ایسو سی ایشن اورکے این ایس کے مدیر اعلیٰ محمد اسلم بٹ نے بھی  حاجی عبدالعزیز لون کے انتقال پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ۔
 

تازہ ترین