تازہ ترین

تیسرے روز بھی28ہزار سے زائد کیس سامنے | ملک میں متاثرین کی تعداد9لاکھ سے متجاوز

تاریخ    15 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


یو این آئی
نئی دہلی// کوروناوائرس کی خوفناک صورتحال کے درمیان تیسرے دن بھی ملک میں 28 ہزار سے زیادہ نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس سے کورونا متاثرین کی تعداد9 لاکھ سے متجاوز کرچکی ہے اور اس دوران ایک دن میں550 سے زیادہ افراد کی موت ہوئی۔منگل کے روز صحت و خاندانی بہبود کی وزارت کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 28498 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ، جس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 9لاکھ06ہزار752 ہوگئی ہے ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 553ہلاکتوں کے بعد مجموعی تعداد 23ہزار727 ہوگئی ہے ۔ملک میں کورونا وائرس سے سب زیادہ متاثر ریاست مہاراشٹر ہے جہاں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 6497 نئے کیسزرپورٹ کئے گئے جس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2لاکھ60ہزار924 ہوگئی ہے ۔ اسی عرصہ کے دوران 193 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ اب اس ریاست میں ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 10ہزار482 ہوگئی ہے ۔کورونا وائرس کے کیسز کے معاملہ میں ریاست تامل ناڈو گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دوسرے مقام پر پہنچ گیا ہے ، جہاں کیسز کی تعداد 4ہزار328 سے بڑھ کر 1لاکھ42ہزار798 ہوگئی ہے اور اسی عرصے میں 57 اموات سے ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 2ہزار023 ہوگئی ہے ۔ قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا وبا کے حالات اب کچھ کنٹرول میں ہے اور کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کی شرح میں قدرے کمی آئی ہے ۔ دارالحکومت میں اب تک 1لاکھ13ہزار740 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد 3411 ہوگئی ہے ۔ملک کی مغربی ریاست گجرات کووڈ19 سے متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے چوتھے نمبر پر ہے ، لیکن اموات کی تعداد کے لحاظ سے یہ مہاراشٹراوردہلی کے بعد تیسرے نمبر پر ہے ۔ ریاست گجرات میں متاثرہ افراد کی تعداد 42 ہزار تک پہنچ چکی ہے اور اب تک 42ہزار722 افراد اس جان لیوا وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور 2ہزار055 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔کرناٹک میں 41ہزار581 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 757 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔اتر پردیش میں کورونا وائرس کے 38ہزار130 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں.۔
 

تازہ ترین