تازہ ترین

دن میں سات کورونا ہلاکتیں، تعداد195

تاریخ    14 جولائی 2020 (44 : 05 PM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//شمالی کشمیر کے ٹنگمرگ کا ایک60سالہ شہری منگل کے روز کورونا وائرس کی وجہ سے جاں بحق ہوگیا۔ یہ آج دن میں کورونا سے ہونے والی ساتویں موت تھی۔ اس طرح جموں کشمیر میں کورونا کی وجہ سے اب تک مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر195تک پہنچ گئی ہے۔ 
سکمز صورہ کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ پروفیسر فاروق جان نے نیوز ایجنسی جی این ایس کو بتایا کہ ٹنگمرگ کا شہری نمونیا میں مبتلاءتھا۔وہ گذشتہ روز سے زیر علاج تھا ، اُس کا کورونا ٹیسٹ رپورٹ میں مثبت ظاہرہوا تھا اور وہ آج انتقال کرگیا ۔ 
اس سے قبل بارہمولہ میں تعینات ایک سی آر پی ایف اہلکار اور دو خواتین کے کورونا ٹیسٹ اُن کی موت کے بعد مثبت ظاہر ہوئے تھے۔
صدر اسپتال سرینگر کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر نذیر چودھری نے نیوز ایجنسی جی این ایس کو بتایا کہ 35سالہ سی آر پی ایف اہلکار66ویں بٹالین سے وابستہ تھا اور وہ بارہمولہ میں تعینات تھا۔اُس کا کورونا ٹیسٹ اُس کی موت کے ایک دن بعد مثبت ظاہر ہوا ہے۔مذکورہ اہلکار نوشیرا راجوری کا باشندہ تھا اور وہ نمونیا میں مبتلاءتھا۔
اس دوران جی ایم سی اننت ناگ کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر مجیدمہراب نے جی این ایس کو بتایا کہ سمتھن اور کولگام کی رہنے والی دو خواتین ،جو اُن کے اسپتال میں10جولائی کو انتقال کرگئی تھیں، کے کورونا ٹیسٹ مثبت ظاہر ہوئے ہیں۔
 آج صبح بارہمولہ، شوپیان اور جموں کے تین مزید شہری کورونا کی وجہ سے جاں بحق ہوئے تھے۔
اعداد و شمار کے مطابق ابھی دن وادی کشمیر میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد177ہے جبکہ جموں صوبے میں18اموات ہوئی ہیں۔
 

تازہ ترین