تازہ ترین

سعودی عرب میں مقیم 160ممالک کے شہریوں کا حج کیلئے انتخاب

تاریخ    14 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


الریاض// مملکت سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے 160ممالک کے شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد رواں برس حج کیلئے ناموں کو حتمی شکل دے دی۔ ٹوئٹر پر حرمین شریفین کے بیان میں کہا گیا کہ وزارت حج نے مملکت میں مقیم 160ممالک کے شہریوں کو حج کے لئے منتخب کرلیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ تمام خوش قسمت امیدواروں کو ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کیا گیا ہے ۔’عرب نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا تھا کہ درخواستوں کو عازمین کے تحفظ اور اچھی صحت کو یقینی بنانے کے لیے اعلیٰ معیار کے مطابق جانچا گیا۔حج کے لئے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 10 جولائی مقرر کی گئی تھی اور اچھی صحت کو بنیادی نکتہ قرار دیا گیا تھا۔حج کی سعادت حاصل کرنے والے عازمین میں 70فیصد کا تعلق بیرون ممالک سے ہوگا جبکہ 30فیصد سعودی عرب کے ہی شہری ہوں گے ۔سعودی وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ 28 ذیقعد سے 12 ذی الحج تک کسی نے بغیر اجازت نامے کے منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں حج کے مقامات میں داخلے کی کوشش کی تواس پر10ہزار سعودی ریال جرمانہ ہوگا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی نے خلاف ورزی کو دہرایا تو اس پر جرمانہ بھی دوگنا ہوگا۔وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ مقدس مقامات کی طرف جانے والے راستوں پر سیکیورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں گے تاکہ قانون توڑنے والے کو روک کر ان پر جرمانے کو یقینی بنایا جائے گا۔