ریبن سوپور میں مسلح تصادم | 3جنگجو جان بحق

جنگجوئوں کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود ضبط،دورہائشی مکان بھی تباہ

تاریخ    13 جولائی 2020 (30 : 01 AM)   
(عکاسی: غلام محمد)

غلام محمد
سرینگر//شمالی قصبہ سوپور کے ریبن علاقے میں اتوار کو جنگجوئوں اور فورسز کے درمیان خونین تصادم آرائی میں3جنگجو جان بحق ہوئے،جبکہ گولہ باری کی وجہ سے2 رہائشی مکان زمین بوس ہوئے۔پولیس ذرائع کے مطابق علاقے میں جنگجوئوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد 22آر آر،ایس او جی اور 177 اور 179,92  بٹالین سی آر پی ایف نے ربن سوپورکا سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب محاصرے کیا۔پولیس حکام کے مطابق تلاشیوں کے دوران رات کی تاریکی میں قریب4بجے فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان مقابلہ آرائی شروع ہوئی،جو کئی گھنٹوں تک جاری رہی اور اس دوران لشکر طیبہ سے وابستہ3جنگجو جان بحق ہوئے۔مقامی لوگوں کے مطابق نذیر احمد ڈار اور ریاض احمد ڈار نامی شہریوں جن کے رہائشی مکانات میں جنگجوئوں نے پناہ لی تھی، وہ بھی مکمل طور پر تباہ ہوئے۔ کشمیر زون پولیس کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر کہا گیا کہ سوپور تصادم میں تین عدم شناخت جنگجوئوں کو ہلاک کیا گیا ، نیز مسلح تصادم کی جگہ سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ تاریکی کے دوران جنگجوئوں نے تقریباً صبح کے پانچ بجے فرار ہونے کی کوشش ،جس دوران انہوں نے فورسز کی تلاشی پارٹی پر فائرنگ کی ،تاہم فورسزاہلکاروں نے جوابی فائرنگ کر کے جنگجوئوں کو فرار ہونے کا موقع نہیں دیا۔پولیس ذرائع کے مطابق دن کے گیارہ بجے کے قریب کشمیر پولیس زون نے سماجی رابطہ گاہ ٹویٹر پر ٹویٹ میں ایک جنگجو کے جاں بحق ہونے کی اطلاع دیکر مزیدکہا کہ یہاں آپریشن جاری ہے ۔ دن کے تین بجے کے قریب یہاں موجود دوسراجنگجو اس جھڑپ میں جان بحق ہوا ۔کئی گھنٹوں تک طرفین کے مابین خاموشی کے بعد سہ پہر پھر سے جنگجوئوں اور فورسز کے درمیان جھڑپ شروع ہوئی،جس کے دوران ایک اور جنگجو جان بحق ہوا ۔ پولیس کے ایک سنیئر افسر نے جھڑپ میں تین جنگجوئوںکی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جھڑپ میں مارے گئے جنگجوئوں کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود ضبط کر لیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ جھڑپ کے مقام سے تینوں جنگجوئوں کی نعشیں بر آمد کرلی گئی ہے تاہم ان کی فوری طور پر شناخت نہ ہو سکی ہے ۔ ادھر جھڑپ کے ساتھ ہی قصبہ سوپور میں موبائیل انٹر نیٹ خدمات بند کر دی گئیں جبکہ حساس مقامات پر بندشوں کا بھی نفاذ عمل میں لایا گیا  ۔ ادھر پولیس بیان کے مطابق ربن سوپور کا پولیس اور فورسزنے جنگجوئوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد محاصر کیا۔تلاشی کارروائی کے دوران پولیس کو جب جنگجوئوں کاپتہ چلاتوانہیں سرینڈر کرنے کا موقعہ دیا گیاتاہم انہوں نے پولیس بیان کے مطابق تلاشی پارٹی پر فائرنگ کی ۔اس دوران شروع ہوئی جھڑپ میں تین جنگجو جاں بحق ہوئے۔پولیس بیان کے مطابق ان میں سے دو غیر ملکی جنگجو تھے جن کی شناخت ابورافعہ عرف عثمان اورسیف اللہ کے طور ہوئی جو پاکستان سے تھے۔تیسرے جنگجو کی تاہم ابھی تک شناخت نہیں ہوئی ۔مقام جھڑپ سے تین اے کے بندوقیں اور دیگرقابل اعتراض مواد بھی برآمد ہوا۔اس سلسلے میں تھانہ پولیس سوپور میں کیس درج کرکے مزیدتحقیقات شروع کی گئی ہے۔
 
 
 

چرسو اونتی پورہ میں  فورسز پر گرینیڈ سے حملہ

فوری کاروائی میں 2گرفتار

سیداعجاز

سرینگر// چرسوترال میں اتوار شام کو نامعلوم افراد نے سیکورٹی فروسزکی ایک گشتی پارٹی پرگرنیڈ داغاجوپھٹنے سے رہ گیا۔اطلاعات کے مطابق نامعلوم افراد نے چرسوترال میں سی آرپی ایف کی130بٹالین کی گشتی پارٹی پر گرنیڈ پھینکاجوپھٹنے سے رہ گیا۔اس سے وہاں افراتفری مچ گئی ۔پولیس نے موقعہ پر پہنچ کر بم ڈسپوزل اسکارڈ کو طلب کیا جس نے گرنیڈ کو ناکارہ بنادیا۔فوج اور پولیس نے اس کے بعد راہگیروں کے شناختی کارڈوں کی جانچ کی۔اس دوران پولیس بیان کے مطابق  تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ سفیداپاچی بائیک پر سوار فو نوجوانوں نے گرنیڈ داغا۔ جنہیں پولیس نے  علاقے کو محاصرے میں لیکرسیل اونتی پورہ سے گرفتار کیاگیا۔پولیس بیان کے مطابق ان کی شناخت عمراورزاہد کے طور ہوئی ہے۔
 

تازہ ترین