تازہ ترین

جزوری سیاحتی سرگرمیوں کی بحالی 14جولائی سے کورونا ٹیسٹ لازمی ، سیاحوں کو پہلے ہی ہوٹل اور ٹکٹ بک کرنیکامشورہ

تاریخ    13 جولائی 2020 (30 : 01 AM)   


سید امجد شاہ
جموں //14جولائی سے سیاحتی سرگرمیوں  کی جزوی طو رپر بحالی کی اجازت دیتے ہوئے حکام نے سیاحوں کیلئے کورونا ٹیسٹ کو لازمی قرار دیاہے ۔ساتھ ہی سیاحوں کو مشورہ دیاگیاہے کہ وہ ہوٹل اور ٹکٹ کی بکنگ پہلے ہی کریں ۔پہلے مرحلے کے تحت حکومت نے سیاحوں کی آمد کے سلسلے کو بحال کرتے ہوئے ان کیلئے قواعد جاری کئے ہیں ۔انہیں مشورہ دیاگیاہے کہ وہ ہوائی سفر کریں اور لازمی طو رپر اپنا کورونا ٹیسٹ کروائیں۔انہیں یہ مشورہ بھی دیاگیاہے کہ ایئرپورٹ پر اترنے کے بعد وہ ہوٹل کی طرف سے بک کی گئی گاڑی پر ہی سفر کریں ۔قواعد میں کہاگیاہے کہ ہوٹل ، ہائوس بوٹ اور گیسٹ ہائوسز کی طرف سے ہی سیاحوں کیلئے ٹرانسپورٹ کا بندوبست کیاجائے گاجس میں سماجی دوری کے اصول کو اپنایاجائے گا۔قواعد میں بتایاگیاہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ2005کے تحت کارروائی کی جائے گی۔اس سلسلے میں جاری ہونے والے حکمنامہ میں بتایاگیاہے کہ پہلے مرحلے میں بیرونی سیاح جموں وکشمیر آئیں گے اور انہیں یہ سفر بذریعہ ہوائی جہاز کرناہوگا۔حکمنامہ میں 56سال سے زائد عمر کے سیاحوں کو یہ مشورہ دیاگیاہے کہ وہ جموں وکشمیر آنے سے اجتناب کریں ۔سیاحوں سے کہاگیاہے کہ وہ کورونا رپورٹ کے نتائج آنے تک پہلے سے بک کئے گئے ہوٹل سے باہر نہیں جاسکیں گے ۔یہ رپورٹ عام طور پر 24گھنٹوں میں آتی ہے ۔ہوٹل انتظامیہ سے بھی کہاگیاہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرے۔ہوٹلوں اور ٹریول ایجنسیوں کی فہرست بھی محکمہ سیاحت کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔سیاحوں سے کہاگیاہے کہ وہ اپنی آمد پر ایئرپوٹ پر RT-PCRٹیسٹنگ کروائیں ۔کسی بھی سیاح کے مثبت ہونے پر پروٹوکول کے مطابق اس کا علاج کیاجائے گا۔دریں اثناء تمام سیاحوں کوہدایت دی گئی ہے کہ وہ آروگیہ ستیو ایپلی کیشن کا استعمال کریں ۔