تازہ ترین

میرواعظ احمد اللہ شاہ کی خدمات زریں باب

۔90ویں یوم وصال پر انجمن نصرۃ الاسلام کا خراج عقیدت

تاریخ    7 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


 سرینگر//سرکردہ عالم دین اور انجمن نصرۃ الاسلام کے سابق صدر میر واعظ کشمیرمولانا احمداللہ شاہ کا90 واں یوم وصال نہایت عقید اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔بیان میں انجمن نے مولانا احمداللہ شاہ کی دینی، تبلیغی ،سماجی اور روحانی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدات ادا کرتے ہوئے انہیں ایک سچے عاشق رسول ﷺ متبع سنت اور شریعت و طریقت کے ایک پیشوا ہونے کے علاوہ انتہائی خلیق اور حسن اخلاق کا مجسمہ قرار دیا۔بیان میں کہا گیا کہ مولانا احمداللہ شاہ نے اپنے دور میں اُس وقت کی ایک عظیم وبا یعنی پیغمبر آخر الزماں حضرت محمد مصطفی ﷺ کی ختم نبوت کیخلاف رچائی جارہی سازشوں کا نہ صرف پردہ چاک کیا بلکہ اس فتنے کیخلاف عوام میں ایک زور دار تحریک چلاکر کشمیری مسلمانوں کو کفر اور ارتداد کی آندھی سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی اور تادم وفات اپنے منصبی فرائض اور ذمہ داریاں خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دیتے رہے۔بیان میں کہا گیا کہ مولانا احمداللہ شاہ کو ہی کشمیر میں سب سے پہلے یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے کشمیر میں شخصی مظالم کیخلاف اور عوام کے سیاسی اور سماجی حقوق کو بحال کرنے کے حوالے سے وائسرائے ہند کو پیش کئے گئے تاریخی میمورنڈم میں دستخط کئے جس کے نتیجے میں آپ کو حکومتی سطح پر سخت تکالیف اور مصائب کا سامنا کرنا پڑا اور مختلف بہانوں سے آپ کا قافیہ حیات تنگ کیا گیا۔ خیال رہے کہ امسال سربراہ انجمن میرواعظ عمر فاروق کی مسلسل نظر بندی اور COVID-19 کی وجہ سے انجمن نصرۃ الاسلام کے تعلیمی ادارے بند رہنے کی وجہ سے نہ تو خراج عقیدت کی کوئی تقریب منعقد کی جاسکی اور نہ ہی ا یصال ثواب کے حوالے سے کسی مجلس کا انعقاد ممکن ہو سکا ہے۔
۔۔