کولگام میں برادرکشی، افسر اور سپاہی ہلاک

دلنہ بارہمولہ میں گرینیڈ دھماکہ،بونیار میں فوجی اہلکار کی خود کشی

تاریخ    7 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


عارف بلوچ+فیاض بخاری
 اننت ناگ +بارہمولہ // کولگام پولیس سٹیشن میں برادر کشی کے ایک واقعہ میں ایس ایس بی کا ایک افسر اور ایک اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ دلنہ پولیس چوکی پر جنگجوئوں نے پیر کی شب گرینیڈ پھینکا اور بونیار اوڑی میں ایک فوجی اہلکار نے زندگی کا خاتمہ کیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا پولیس سٹیشن کولگام کی حفاظت پر مامور ایس ایس بی 49بٹالین کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر سندیپ کمار اور سپاہی ہیمت شرما کے درمیان مین گیٹ پر کسی بات پر جھگڑا ہوا۔ رات کے قریب ساڑھے نو بجے کانسٹیبل ہیمت شرما کو غصہ آیا اور وہ بے قابو ہوا جس کے دوران اس نے اپنی انساس رائفل سے اے ایس آئی کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا اور بعد مین خود پر بھی گولیاں چلائیں۔ دونوں کی لاشیں خون میں لت پت ہو کر گیٹ کے پاس پڑی تھیں جنہیں بعد میں اٹھایا گیا۔اس ضمن میں پولیس نے تحقیقات شروع کی ہے۔ادھر پولیس چوکی دلنہ بارہمولہ پر مشتبہ جنگجوئوں نے پیر کی رات سوا نو بجے گرینیڈ پھینکا جو نشانہ چوک کر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا تاہم اس سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔ادھر اوڑی کے بونیار علاقے میں فوج کے 226فیلڈ یونٹ سے وابستہ اہلکار 27سالہ ایس سری نواسن ساکن تلنگانہ نے دوران ڈیوٹی اپنی سروس رائفل کا استعمال کیا اور خود پر گولی چلائی جس سے وہ شدید زخمی ہوا۔ اگر چہ اسے یونٹ اسپتال لیجانے کی کوشش کی گئی لیکن وہ دم توڑ چکا تھا۔
 

تازہ ترین