وادی میں تیزآندھی سے مکانوں کی چھتیں اُڑ گئیں

بجلی گُل،درخت جڑوں سے اُکھڑ گئے،ژالہ بار ی سے فصلوں کو نقصان

تاریخ    6 جولائی 2020 (00 : 02 AM)   
(فائیل فوٹو)

عظمیٰ ڈیسک
سرینگر // وادی میںاتوار کی شام کو موسم نے کروٹ لی اور متعدد علاقوں میںتیز ہوائوں کے نتیجے میں مکانوں اور دکانوں کی چھتوں کو نقصان پہنچا جبکہ پھلدار درخت بھی جڑوں سے اکھڑ گئے۔ اس دوران ژالہ باری سے کھڑی فصلوں کو نقصان  ہونے کی بھی اطلاع ہے ۔شہر سرینگر میں بھی کچھ وقت کیلئے تیز ہوائیں چلیں جس سے کئی علاقوں میں بجلی سپلائی متاثر ہوئی، تاہم ہوائوں کے چلنے سے گرمی میں کسی حد تک کمی واقعہ ہوئی۔ اُدھرسوپور سے نمائندے غلام محمد کے مطابق سوپور اور اس سے ملحقہ علاقوں میں تیزآندھی سے مکانوں اور دکانوں کی چھتوں کو نقصان پہنچا ۔قصبہ میں ساڑھے 7بجے پہلے آسمان پر کالے بادل چھا گئے، اس کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے تیز ہوائیں چلنے لگیں ۔تیز ہوائیں اس قدر شدید تھیں کہ راہگیر محفوظ جگہوں کی تلاش کرتے رہے اور بجلی بھی گل ہو گئی جبکہ قصبہ کے بائی پاس ، سنگرامہ ، فروٹ منڈی روڑ پر زبردست ژالہ باری بھی ہوئی  ۔ادھر سرحدی قصبہ کرناہ میں تیز آندھی کے نتیجے میں سلمان گائوں سمیت متعدد علاقوں میں مکانوں اور دکانوں کی چھتیں اُڑ گئیں جبکہ ژالہ باری کے نتیجے میں کھڑی فصلوں کو نقصان ہوا ۔سلمان گائوں میں محمد آصف لون ولد محمد اکبر لون کے مکان کی چھت اُڑ گئی جبکہ مکان میں موجود لوگ بال بال بچ گئے ۔علاقے میں کئی  درخت بھی جڑوں سے اکھڑ گئے جبکہ بجلی بھی گل رہی ۔اس دوران ترال ، پلوامہ ، اونتی پورہ میں بھی تیز آندھی کے نتیجے میں نقصان کی اطلاع ہے جبکہ شوپیاں میں بھی بارشیں ہو رہی تھیں ۔
 

تازہ ترین