تازہ ترین

مزید خبرں

تاریخ    2 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


نیوز ڈیسک

جموں وکشمیرمیں درمیانی شدت کازلزلہ 

سرینگر//جموں کشمیرمیں منگل کی شب درمیانی شدت کا زلزلہ آیا۔زلزلوں سے متعلق قومی مرکز نے بتایا کہ جموں کشمیرمیںمنگل کی شب 11 بجکر 32 منٹ پر زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے جن کی زلزلہ پیما پرشدت4.6درج ہوئی اور یہ سطح زمین سے پانچ کلومیٹر نیچے آیا۔فوری طور کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔
 
 

ڈاکٹروں کا قومی دن  | اسٹیٹ لیگل سروس اتھارٹی کے اہتمام سے آن لائین تبادلہ خیال

جموں//جموں کشمیر ایس ایل ایس اے کی سرپرستِ اعلیٰ چیف جسٹس گیتا متل کی بصیرت افروز رہنمائی اور جموں کشمیر ایس ایل ایس اے کے ایگزیکٹو چئیر مین جسٹس راجیش بندل کی فعال نگرانی میں یہاں جے کے ایس ایل ایس اے کی جانب سے ڈاکٹروں کا قومی دن منایا گیا جس کا مرکزی خیال’’ کووڈ 19 سے ہونے والی اموات میں کمی لائی جائے ‘‘ تھا۔ جے کے ایس ایل ایس اے نے یہ یادگاری دن جموں کشمیر جوڈیشل اکیڈمی کے اشتراک سے میڈیکل ہیروز کے معاشرے کو تندرست رکھنے اور بے لوث خدمت فراہم کرنے کے عزم کے اعتراف میں آن لائین تبادلہ خیال اور یادگاری پروگرام منعقد کر کے منایا۔ آن لائین تبادلہ خیال پروگرام /ویبی نار کا انعقاد ڈاکٹروں اور صحت ورکروں کی انتھک کوششوں اور افراد اور معاشرے کی تندرستی کے تئیں اُن کے عزم اور کوششوں بالخصوص کووڈ 19 وباء کے بحران کے دوران ان کی خدمات کے تئیں ستائش اور اظہارِ تشکر کے طور پر منایا گیا ۔ تبادلہ خیال پروگرام میں ضلع سطح کی لیگل سروسز اتھارٹیز ، جوڈیشل آفیسرز ،  وکلاء اور جموں کشمیر اور لداخ یو ٹیز کے پیرا لیگل والنٹئیر نے شرکت کی ۔ تبادلہ خیال پروگرام کے ریسورس پرسن میں پروفیسر ایچ او ڈی جراحی ،جی ایم سی جموں ڈاکٹر سنجے کمار بھسین ، پروفیسر اور شعبہ کمیونٹی میڈیسن کے سربراہ ڈاکٹر ایس محمد سلیم خان جی ایم سی سرینگر ، ایس ایم ہسپتال لہیہ کے اینستھیٹسٹ کنسلٹینٹ ڈاکٹر چیرنگ مورپ تھے ۔ انہوں نے ڈاکٹری پیشہ کی ذمہ داریوں اور ڈاکٹروں کے کردار پر روشنی ڈالی ۔ پروگرام کی کارروائی میں ممبر سیکرٹری جے اینڈ کے ایس ایل ایس اے ایم کے شرما اور جے اینڈ کے جوڈیشل اکیڈمی کے ڈائریکٹر راجیو گپتا نے معاونت کی ۔ اپنے کلیدی خطبے میں ایم کے شرما نے ہر سال یکم جولائی کو ڈاکٹروں کے قومی دن کو منانے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ معروف فزیشن ڈاکٹر بی سی رائے کی بے لوث خدمات کے اعتراف کی ایک علامت کے طور پر منایا جاتا ہے جن کا یومِ پیدائش اور یومِ وفات یکم جولائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ملک بھر کے ڈاکٹروں کیلئے اظہارِ تشکر کے طور پر بھی منایا جاتا ہے ۔ اس موقعہ پر ڈاکٹر سنجے کمار بھسین ، ڈاکٹر ایس محمد سلیم خان ، ڈاکٹر چیرنگ مورپ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ 
 
 
 
 

راجوری پونچھ میں سڑک حادثات | پولیس فوٹو گرافرلقمۂ اجل،14افراد زخمی 

سمت بھارگو+جاوید اقبال 

راجوری +مینڈھر//راجوری اور پونچھ میں 5مختلف سڑک حادثات میں پولیس کے ساتھ کام کرنے والا کرائم فوٹو گرافر لقمہ اجل بن گیاجبکہ دیگر14افراد زخمی ہوئے ہیں ۔پولیس کے مطابق منگل کی رات 11بجے پیر بالا دلوگڑہ راجوری میں کار زیر نمبر JK02BD 0708 مخالف سمت سے آرہے ایک ٹپر سے ٹکر اگئی جس کے نتیجہ میں کار ڈرائیور عاصف اقبال ولد منور اقبال ساکن چوہدری ناڑ راجوری شدید زخمی ہواجسے راجوری ہسپتال منتقل کیاگیاجہاں اس نے دم توڑ دیا۔متوفی جموں وکشمیر پولیس کے کرائم برانچ سیکشن میں فوٹوگرافر کے طور پر کام کررہاتھاجس کا ایک ہفتہ قبل ہی جموں تبادلہ ہواتھا۔دوسرا حادثہ بدھ کے روز سہ پہرجموں پونچھ شاہراہ پر تھالکہ نوشہرہ میں پیش آیا جہاں موٹرسائیکل زیر نمبرJK02 2687اور کار کی ٹکر ہونے سے موٹرسائیکل سوار محمد الطاف ولد محمد لطیف ،اس کی اہلیہ یاسمین کوثر اور اس کی 5سالہ بیٹی زخمی ہوئے ۔تینوں زخمیوں کو سب ضلع ہسپتال نوشہرہ میں ابتدائی طبی امدا د دینے کے بعد گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال راجوری منتقل کیاگیا۔ایک اور حادثہ بھی نوشہرہ کے نزدیک دلیاں گائوں میں پیش آیا جس میں نئی خریدی گئی آلٹو کار دوسری کار زیر نمبرJK11B 0326سے ٹکرائی جس کے باعث 5افراد زخمی ہوئے جن کو زیر علاج رکھاگیاہے۔دریں اثناء پونچھ میں بھی دو حادثات رونما ہوئے جن کی وجہ سے 5افراد زخمی ہوئے ۔پولیس کے مطابق ایک ٹاٹاموبائل زیر نمبرJK12 1245کرشنا گھاٹی چیک پوسٹ کے نزدیک حادثے کاشکا رہوئی جس سے 3افراد زخمی ہوئے جن کی شناخت شاہد فاروق ، افراز جاوید اور محمد فاضل ساکنان لوہر گھانی مینڈھرکے طور پر ہوئی ہے ۔تینوں زخمیوں کو ضلع ہسپتال پونچھ منتقل کیاگیاہے ۔مینڈھر کے ساگرہ منکوٹ علاقے میں ایک کار زیر نمبرJK12B 2360سڑک سے لڑھک گئی جس کے نتیجہ میں بھی چار افراد زخمی ہوئے ہیں جن کو مینڈھر ہسپتال منتقل کیاگیاجہا ں سے دو کو راجوری ریفر کردیاگیا۔پولیس نے تمام معاملات میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شرو ع کردی ہے۔
 
 
 

کووِڈ- 19کی ایک اورلہر | عالمی سطح پر34کروڑ نوکریاں ختم ہونے کاخدشہ

اقوام متحدہ//بین الاقوامی محنت تنظیم نے خبردار کیا ہے کہ اگررواں برس کے دوسرے نصف میں کووِڈ-  19کی ایک اورلہرپھیل گئی تو اِس سے 11.9فیصد اوقات کار  ضائع ہوں گے جو 34کروڑ کل وقتی نوکریوں کے ختم ہونے کے برابر ہے۔انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن مونیٹر کے مطابق ،کووِڈ  19- اورروزگار کی دنیا،عالمی روزگار کے بازار میں سال کا باقی حصہ غیریقینی اورنامکمل ہوگا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ رواں سال کے دوسرے سہ ماہی میں عالمی سطح پر 14 فیصد اوقات کار کم ہوگئے جو40کروڑ کل وقتی نوکریوں کے ختم ہونے کے برابر ہے۔ایجنسی نے متنبہ کیا کہ سال2020کے پہلے نصف حصے میں دنیا بھرمیںضائع ہوئے اوقات کار پہلے کے اندازوں سے زیادہ تھے۔بحالی کی غیریقینی کی وجہ سے سال کا دوسرا نصف بہترین ماحول کے باوجودبھی وباء سے پہلے جیسا نہیں ہوگا۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ قنوطیت پر مبنی منظر نامے میں 2020کے دوسرے نصف میں حالات ایسے ہی مشکل ہوں گے جیسے دوسرے سہ ماہی میں تھے۔ اس میں کہاگیا ہے کہ اگر مان بھی لیں کہ بہترین پالیسیوں اورسال کے پہلے نصف میں حاصل تجربات سے استفادہ کیاجائے تب بھی سال2020کے آخر میں عالمی سطح پر11.9فیصد اوقات کارکانقصان ہوگاجو 34کروڑ کل وقتی نوکریوں کے کھوجانے کے برابر ہے۔قنوطیت پر مبنی منظرنامے میں وباء کی دوسری لہرکی وجہ سے پابندیاں پھر عائد کی جائیں گی جن سے بحالی کاکام سست پڑ جائے گا۔پُرامیدمنظر نامے میںیہ مان لیاجائے کہ ورکرکام پر جلدجائیں گے جس کی وجہ سے طلب میں اضافہ ہونے سے روزگار کے وسائل پیداہوں گے۔ اس طرح تیزرفتار بحالی سے عالمی سطح پر 1.2فیصد اوقات کار کانقصان ہوگا۔ایجنسی نے رپورٹ میں کہا کہ تین ممکنہ منظر ناموں میں آنے والے چھ ماہ کے دوران عالمی حالات بہتر نہیں ہوں گے جیسے لاک ڈائون اقدام سے قبل تھے۔
 
 
 

1,77,922 درماندہ شہریوں کو یوٹی واپس لایاگیا

جموں//حکومت جموں وکشمیر نے کووِڈلاک ڈاون کے سبب ملک کے مختلف حصوں میں درماندہ جموںوکشمیر کے 1,77,922 شہریوں کو براستہ لکھن پور بسوں کے ذریعے اور کووِڈخصوصی ریل گاڑیوں میں تمام رہنما خطوط اور ایس او پیز پر عمل پیرا رہ کر یوٹی واپس لایا۔حکومت نے لکھن پور کے ذریعے اب تک بیرون ملک سے 657شہریوں کویوٹی واپس لایا ۔اِس طرح جموںوکشمیر حکومت نے اب تک 70 کووِڈ خصوصی ریل گاڑیوں اور براستہ لکھن پور بسو ںکے کاروان میں اب تک بیرون یوٹی درماندہ 1,77,922 شہریو ں کو کووڈِ۔19 وَبا سے متعلق تمام احتیاطی تدابیر پرعمل کرکے واپس لایا ۔تفصیلات کے مطابق 30جون سے یکم جولائی 2020ء کی صبح تک لکھن پور کے راستے سے1,845  درماندہ مسافر یوٹی میں داخل ہوئے جبکہ911مسافر آج 49ویں دلّی کووِڈ خصوصی ریل گاڑی سے جموں پہنچے ۔اب تک 49ریل گاڑیاں یوٹی کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے41,358درماندہ مسافر جموں پہنچے جبکہ 21خصوصی ریل گاڑیوں سے 15,696مسافر اودھمپور ریلوے سٹیشن پر اُترے۔
 
 
 

گھریلو پروازو ں کا  38واںدِن | 13اُڑانوں میں1,737مسافر سرینگرپہنچے

جموں//جموں وکشمیر یونین ٹریٹری میں گھریلو پروازوں کے دوبار ہ چالوہونے کے38ویں دِن  2,319 مسافروں کو لے کر آج 21 پروازیں جموں اور سری نگر ہوائی اڈے پر اتریں ۔582مسافروں سمیت 8کمرشل پروازیں جموں ہوائی اڈے اور 1,737مسافروں کو لے کر13 پروازیں سری نگر کے ہوائی اڈے پر اتریں۔ہوائی اڈے پر اُترتے ہی تمام مسافروں کا کووِڈ۔19ٹیسٹ کیا گیا اوردونوں ہوائی اڈوں سے مسافروںکو  اپنے منازل کی طرف تما م احتیاطی تدابیر پر عمل پیر ا رہ کر روانہ کیاگیا۔ اس دوران مرکزی  شہری ہوا بازی اور صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارتوں کی جانب سے مقرر کئے گئے رہنما خطوط اور ایس او پیز کا خاص خیال رکھا جارہا ہے۔
 
 
 
 
 

۔بارہمولہ میں 900 کا ہندسہ پار |  اموات کی تعداد 17

بارہمولہ //فیاض بخاری// بارہمولہ ضلع میں بدھ کومزید49مثبت کوروناوائرس معاملوں کے سامنے آنے کے بعد کورونا وائرس متاثرہ مثبت کیسوں کی تعدادنے 900 کا ہندسہ عبورپارکیا جبکہ ضلع میں کووِڈ- 19سے اموات کی تعداد 17 ہوگئی ۔ضلع میں بدھوارکو مزید 49 کووِڈ- 19کیس مثبت پائے گئے  جس کے بعد ضلع میںمثبت کیسوں کی تعداد 909 تک پہنچ گئی جن میں بیرون ریاستوں سے آئے 75 افراد بھی شامل ہیں ۔ان میں سے  507سرگرم ہیں جبکہ دیگر  385اسپتالوں سے صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کواسپتالوں سے رخصت کئے گئے۔اس طرح جموں کشمیر میں ضلع بارہمولہ مثبت کیسوں اور اموات کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔
 
 
 

شادی پورہ میں پولیس چوکی بند  | تعینات پولیس اہلکار قرنطینہ منتقل

گاندربل//ارشاد احمد// گاندربل ضلع میںبدھ وار کو گیارہ افرادکو کووِڈ- 19سے متاثر پایا گیا جس کے ساتھ ہی ضلع میں کروناوائرس متاثرین کی تعداد 103 ہوگئی جن میں سے 63 صحت یاب ہوکر ہسپتال سے رخصت کئے گئے جبکہ اس وقت ضلع ہسپتال میں 35 کورونا وائرس مریض زیرعلاج ہیں۔شادی پورہ پولیس چوکی میں کئی اہلکاروں کے مثبت آنے کے بعد چوکی کو سیل کر دیا گیا ہے۔ معلوم رہے بدھوار کو پہلی مرتبہ گاندربل میں گیارہ افراد کورونا وائرس وبائی بیماری سے متاثر پائے گئے جن میں سے پولیس کے 9 اہلکار شامل ہیں۔شادی پورہ پولیس چوکی میں تعینات پانچ  پولیس اہلکار جبکہ آئی آر پی بٹالین کے چار اہلکار بھی کورونامثبت پائے گئے۔شادی پورہ پولیس چوکی کے اب تک آٹھ اہلکار کروناوائرس مثبت پائے گئے جس کے ساتھ ہی پولیس چوکی کو بند کردیا گیاجبکہ چوکی میں تعینات دیگر اہلکاروں کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے ۔
 
 
 

سوپور میں شہری کی ہلاکت پر سیاسی جماعتیں برہم | کشمیرکے تشددمیں ہرچیزپروپیگنڈے کاہتھیار:عمرعبداللہ

نیشنل کانفرنس کاخاطیوں کو سزادینے کامطالبہ

یواین آئی

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سوپور میں فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے شہری کی لاش پر بیٹھے اس کے نواسے کی تصاویر کی تشہیر کے ردعمل میں کہا ہے کہ کشمیر کے خونین تشدد میں ہر چیز کو پروپیگنڈے کا ہتھیار بنایا جاتا ہے جبکہ پارٹی نے شہری کی ہلاکت میں ملوث قصورواروں کوسزادینے کا مطالبہ کیاہے۔  سوپور میں بدھ کی صبح جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں ایک عام شہری ہلاک ہوا جس کی لاش کے سینے پر بیٹھے اس کے نواسے کی تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں اور یہ پورا واقعہ سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن چکا ہے۔عمر عبداللہ نے چھوٹے بچے کی تصاویر کو مشتہر کرنے کے ردعمل میں اپنے ایک ٹویٹ میں کہا،’’کشمیر میں خونین تشدد میں ہر چیز پروپیگنڈا کا آلہ بن جاتا ہے۔ ایک تین سالہ کمسن بچے کو اپنی تکلیف کو دنیا بھر کے سامنے نشر کرنا پڑتی ہے تاکہ یہ بات مان لی جائے کہ ہم اچھے، وہ برے ہیں۔ ہم یہ بات اس کی تکلیف کو فلمانے اور شیئر کرنے کے بغیر بھی سمجھتے ہیں، بمہربانی ان تصاویر کو شیئر نہ کریں‘‘۔انہوں نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہا،’’'وردی پوشوں سے بچے کو بچانے کی ہی توقع تھی اس کے لئے ہم ان کے مشکور ہیں لیکن ان سے بچے کی تکلیف کو استعمال کرنے، جس طریقے سے آج کل کیا جارہا ہے، سے بہتر کی امید ہے‘‘۔دوسری جانب سوپور واقعے میں جاں بحق عام شہری کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ اس کو گاڑی سے گھسیٹ کر سی آر پی ایف اہلکاروں نے گولی ماری ہے اور بچہ کو اس کی لاش پر بٹھایا گیا جبکہ سوپور پولیس نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دے کر سوشل میڈیا پر ایسی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کی وارننگ دی ہے۔ ادھر نیشنل کانفرنس نے سوپورمیں جھڑپ کے دوران عام شہری کی ہلاکت پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات اور حقائق کو عوام کے سامنے لاکر خاطیوں کو قرارواقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی کے ترجمان عمران نبی ڈار نے ایک بیان میں ہلاکت کے پیچھے کے حقائق منظر عام پر لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عام شہریوں اور بچوں کو نشانہ بنانے کے  واقعات ناقابل قبول اور ناقابل برداشت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوپور کی سڑک پر پڑی گولیوں سے چھلنی لاش کی ساتھ معصوم بچے کی تصویر دیکھ کر ہر ذی حس شہری کا دل چھلنی ہورہا ہے۔ اس طرح کے واقعات روح کو زخمی اور ضمیر کو مشتعل کرتے ہیں۔ ایسے واقعات کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہوسکتے۔ ترجمان نے بیان میں کہا کہ حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اس قسم کے ناخوشگوار واقعات کے پیچھے کی حقیقت کا پتہ لگا ئے۔انہوں نے پارٹی کی طرف سے مہلوک شہری کے لواحقین کیساتھ تعزیت کی اور اُن کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ 
 
 
 

حریت (ع) کی مذمت

سرینگر//سوپور میں جنگجوئوں اور فورسزکے درمیان تصادم آرائی میں ایک شہری کی ہلاکت کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا کہ فیملی ذرائع کے مطابق مذکورہ شہری کو فورسزنے راست نشانہ بناکرہلاک کردیا۔ایک بیان میں حریت نے کہا کہ مذکورہ شہری کی لاش پراُس کے تین برس کے نواسے کی تصویرانتہائی دردانگیزاور دل دہلا دینے والی ہے ۔بیان میں انسانی حقوق تنظیموں سے اپیل کی گئی کہ وہ اس طرح کے افسوسناک واقعات کوسنجیدہ نوٹس لیں ۔
 
 
 

معینہ مدت کے اندرغیر جانبدار تحقیقات کی جائے:پی ڈی پی

سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی نے سوپور تشدد،جس میں ایک شہری اوراہلکارہلاک ہوئے، کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس مہیب واقعہ کی معینہ مدت کے اندرتحقیقات کی جانی چاہیے۔پارٹی ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ اس واقعہ کی جو تصاویراورویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں جن میں تین برس کاچھوٹابچہ لاش پر بیٹھا رورہا ہے،اس واقعہ کابدقسمت پہلو ہے ۔ترجمان نے کہا کہ مہلوک شہری کے لواحقین نے جوبیان دیا ہے وہ حفاظتی اداروں کے بیانات کے برعکس ہے۔ترجمان نے کہا کہ اس کی معینہ مدت کے اندرغیرجانبدار تحقیقات ہونی چاہیے ۔ غمزدہ خاندان کی ڈھارس بندھاتے ہوئے پی ڈی پی نے اس بات کودہرایا کہ ایسے تشددآمیزواقعات قابل مذمت ہیں۔
 
 

لائیگرونے ہلاکت کی مذمت کی

سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کے یوتھ سیکریٹری عارف لائیگروں نے سوپور جھڑپ کے دوران ہوئی شہری ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے اس کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ فائرنگ کو ٹالاجاناچاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ معصوم جانوں کے ضائع ہونے سے لوگوں کے مزیدالگ تھلگ ہونے کاخدشہ ہے ۔ لائیگرونے اس واقعہ کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ پتہ چلے کہ کن حالات کی وجہ سے شہری کی جان چلی گئی ۔انہوں نے کہا کہ شہری کوگولی ماردینے میں جمہوریت کام نہیں کرسکتی۔اس کی تحقیقات کی جانی چاہیے تاکہ قصورواروں کو قرارواقعی سزادی جاسکے۔ انہوں نے غمزدہ خاندان کے ساتھ یکجہتی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ نے لوگوں کو رنجیدہ کردیا ہے ۔
 
 

عدالتی تحقیقات کی جائے:عوامی نیشنل کانفرنس

سرینگر// سوپور کا دلخراش واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور اس کی عدالتی تحقیقات کی جانی چاہیے۔ اس بات کااظہار عوامی نیشنل کانفرنس کے سینئرنائب صدرمظفراحمدشاہ نے ایک بیان میں کیاہے۔کے این ایس کے مطابق انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال 5اگست کے بعد کشمیرکی صورتحال نے انتہائی تشویشناک رُخ اختیار کیا ہے۔انہوں نے کہا ،’’سوپور میں آج کیا ہوا؟دلخراش اور ناقابل معافی ہے،جس کسی نے بھی کیا ہو‘‘۔انہوں نے کہا کہ کشمیرکاسانحہ یہ ہے کہ یہاں جان ومال کی کوئی ضمانت نہیں ہے۔انہوں نے سوپورواقعہ میں شہری کی ہلاکت کوافسوسناک قراردیتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ یکجہتی کااظہار کیا۔انہوں نے وزیرداخلہ سے اس واقعہ کی عدالتی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا۔
 
 
 

معیادبندتحقیقات کااپنی پارٹی کامطالبہ

سرینگر// اپنی پارٹی نے مصطفی کالونی ایچ ایم ٹی سرینگر کے شہری بشیر احمد خان جس کی سوپور میںجھڑپ کے نزدیک ہلاکت ہوئی، کی غیر جانبدرانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک بیان میں پارٹی ترجمان نے کہا ہے کہ لواحقین کے بیان، جائے وقوعہ کے ثبوت اور باد ی النظر میں  لگتا ہے کہ شہری کو ماراگیا ہے ۔ حکومت کو ایک غیر جانبدارانہ تحقیقات کا حکم صادر کرنا چاہئے تاکہ یہ پتہ لگایاجاسکے کن حالات کی وجہ سے شہری کی  ہلاکت ہوئی جو اپنے ذاتی کام کے سلسلہ میں سوپور کی طرف جارہاتھا۔ پارٹی ترجمان نے کہاکہ صرف معیاد بند اور شفاف تحقیقات سے ہی  واقعہ کی اصلیت کا پتہ چل سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیکورٹی فورسز کو ایسی صورتحال کے دوران زیادہ سے زیادہ تحمل مزاجی کا مظاہرہ کرنا چاہئے اوراِس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ اِس طرح کے واقعات کے دوران کسی قسم کا جانی نقصان نہ ہو۔لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی پارٹی ترجمان نے جاں بحق ہوئے شہری کیلئے دعا مغفرت کی ۔
 

نوین چودھری کی وضاحت

کئی برسوں سے سوشل میڈیا کااستعمال نہیں کررہے ہیں

جموں//پرنسپل سیکرٹری زراعت ، باغبانی ، پشو و بھیڑ پالن اور امداد باہمی نوین کمار چودھری نے اُن کے نام سے فیک ٹویٹر اکاؤنٹ پر بھیجے جا رہے پیغامات اور تصاویر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ گذشتہ کئی برسوں سے ٹویٹر، فیس بُک ، لنکڈ اِن وغیرہ استعمال نہیں کر رہے ہیں ۔ پرنسپل سیکرٹری نے مزید کہا کہ یہ معاملہ انہوں نے پہلے ہی جموں کشمیر پولیس کی سائیبر سیل کی نوٹس میں معقول کاروائی عمل میں لانے کیلئے لایا ہے اور ساتھ ہی ٹویٹر ڈاٹ کام کو بھی معاملے کی سنگین نوعیت سے آگاہ کیا ہے ۔
 
 

زمین جائیداد کسی بھی قیمت پرغیرریاستیوں کوفروخت نہ کریں

حریت(ع) کا اقامتی اسناد کی اجرائی بندکرنے کا مطالبہ

سرینگر//حریت کانفرنس (ع)نے اقامتی اسناد کے جاری کئے جانے پرتشویش کااظہارکرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ موجودہ نازک وقت میں پوری طرح ہوشیار اورچوکنا رہیں اور اپنی اراضی اور جائیداد کسی بھی قیمت پربیرون جموں کشمیرکے شہریوں کو فروخت نہ کریں۔ایک بیان کے مطابق حریت(ع) کے ایگزیکیٹوممبران پروفیسرعبدالغنی بٹ اور بلال غنی لون نے سابق چیئرمین مولانا عباس انصاری کی رہائش گاہ پر اُن سے ملاقات کی ۔ اس دوران انہوں نے ایک میٹنگ بھی کی جس میں جملہ ممبران نے حریت کانفرنس کے موقف کاایک بار پھر اعادہ کیا کہ جموں کشمیر تنازعہ کو پرامن طوریہاں کی عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل کرنا ناگزیر ہے۔میٹنگ میں بتایاگیا کہ مسئلہ کشمیرکے تینوں فریق بھارت ،پاکستان اور جموں کشمیرآپس میں پرامن مذاکرات کے ذریعہ ایساحل تلاش کریں جو تینوں فریقوں کیلئے قابل قبول ہو۔بیان میں کہاگیا کہ 1947کے بعدسے جموں کشمیرکے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کی بارہا کوششیں کی گئیں تاہم اگست2019کواس تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی گئی۔بیان کے مطابق حریت نے واضح کیا کہ آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششیں جموں وکشمیرکے عوام کو ہرگزقبول نہیں ہیں ۔میٹنگ میں مطالبہ کیاگیا کہ اقامتی اسناد کی اجرائی کو بندکیاجائے۔
 
 
 

داور گریز میں مفت طبی کیمپ

نیوز ڈیسک

سرینگر//داورگریز میں جی آر بیگ میموریل ٹرسٹ کی جانب سے ایک طبی کیمپ کا انعقادکیا گیا۔کیمپ کا افتتاح دیہی ترقی کشمیر کے ناظم قاضی سرورنے کیا۔ کیمپ کے دوران سینکڑوں مریضوں کا مفت علاج کیاگیا اور ادویات بھی مفت تقسیم کی گئیں۔لوگوں کو کووڈ19سے متعلق جانکاری فراہم کرنے علاوہ ان میں ماسک بھی تقسیم کی گئیں۔
 
 
 
 
 
 
 
 

بڈگام میں مذہبی رہنماؤں کے ساتھ ترقیاتی کمشنر کی نشست

کورونا سے نمٹنے کیلئے لاک ڈاؤن کے رہنما خطوط پر عمل کرنے کی تلقین

 
بڈگام //ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام شہباز مرزا نے ضلع کے مذہبی رہنمائوں، ائمہ مساجد اور مفتی صاحبان کے ساتھ ایک میٹنگ کر کے انہیں کورونا وائرس ایس اوپیزکے بارے میں آگاہ کیا ۔ڈپٹی کمشنرنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس میٹنگ کا مقصد شرکاء کو لاک ڈائون رہنما خطوط سے آگاہ کرناہے اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کسی بھی طرح کا اجتماع یا ضلع کی کسی بھی مسجد یا پھر زیارت میں جمع نہیں ہونے دینا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ضلع میں کورونا وائرس کے پھلائو کو روکنے کیلئے اٹھایا گیا ہے ۔کمشنر نے کہا کہ مفتی اور امام مساجد سماج کے مہذب شہری ہوتے ہیں اور تمام شہریوں کی رہنمائی کرتے ہیں ۔اس لئے اُمید کی جاتی ہے وہ لوگوں کو انتظامیہ کی جانب سے دی گئی ہدایات پر عمل کرانے پر زور دیں گے ۔ انہوں نے امام مساجد سے کہا کہ وہ اُن ولیج لیول کمیٹی ممبران کے ساتھ بھی رابطہ میں رہیں جنہیں کورونا وائرس کے متعلق جاری فراہم کرنے کیلئے ہر ایک جگہ پر منتخب کیا گیا ہے ۔انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ماسک کا استعمال کریں سماجی دوریاں قائم کریں اور حکام کی جانب سے دی گئی ہدایات پر عمل کریں ۔
 

IIT رودکی نے سابق طالب علموں کا عالمی نیٹ ورک شروع کیا

سرینگر//موجودہ حالات میں کووِڈ19- کے پھیلاؤ کو روکنے اور عوام کو نزدیک تر بینکنگ سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے جموں و کشمیر بینک نے جنوبی کشمیر کے تاریگام کولگام میں اپنے ایک نئے اے ٹی ایم کو عوام کے نام وقف کیا۔اس اے ٹی ایم کو ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام شوکت اعجاز بٹ اور بینک کے زونل ہیڈ فیاض احمد بٹ نے مشترکہ طور کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈی سی شبیر احمد بٹ ، کلسٹر ہیڈ کولگام افتخار عبداللہ صوفی، لیڈ ڈسٹرکٹ منیجر غلام رسول میر اورتاریگام برانچ ہیڈ میر شکیل احمداوربینک کے کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔ جے کے بینک اے ٹی ایم کا افتتاح کرتے ہوئے مہمان خصوصی شوکت اعجاز بٹ نے کہا کہ موجودہ حالات میں ڈیجیٹل خدمات کی بہت زیادہ اہمیت ہے اور اس حوالے سے جموں و کشمیر بینک قابل قدر کام انجام دے رہا ہے۔
 
 
 

دارپورہ لولاب سڑک خستہ

سرینگر//لولاب دار پورہ سونہ نار سڑک خستہ ہونے کے نتیجے میں لوگوں کوعبورومرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔سڑک پر گہرے کھڈ ہونے کے نتیجے میں بارشوں میں یہ جھیل کا منظر پیش کرتی ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سڑک پر پیدل سفرکرنا لوگوں کیلئے پریشانی کا باعث بن گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سڑ ک کی مرمت کے سلسلے میں اگرچہ متعلقہ حکام سے کئی بار مداخلت کی اپیل کی گئی لیکن کوئی دادرسی نہین ہوئی ۔ لوگوں نے متعلقہ حکام اور ضلع انتظامیہ سے اس سڑک کی مرمت کیلئے فوری طور پر کام شروع کرنے کی اپیل کی۔
 

 انجینئر گریجویٹ ایسوسی ایشن کا نیا نظم تشکیل

سرینگر //جموں و کشمیر الیکٹریکل انجینئر گریجویٹ ایسوسی ایشن کے صدارتی انتخابات میں منشی ماجد علی اگلے دو برسوں کیلئے ایسوسی ایشن کے صدر منتخب ہوئے۔موصولہ بیان کے مطابق وادی کے پانچ مقامات پر ووٹنگ کا عمل 29جون صبح کوشروع ہوا اور کل 705 میں سے 640ممبران نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ۔

ملک نیوز ایجنسی کی سروس بحال

ٹنگمرگ//جنوبی کشمیر کی معروف نیوز ایجنسی ملک نیوز ایجنسی آرونی نے لاک ڈائون کے بعدآج پہلی بار عوام تک اخبارات پہنچانے کیلئے اپنی سروس دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کیاہے ۔ آرونی کے معزز قارئین سے گزراش ہے کہ وہ آج سے اخبارات حاصل کرنے کیلئے ملک نیوز ایجنسی سے رابطہ کریں۔
 
 

تازہ ترین