ڈلگیٹ میں دکانداروں اورسبزی فروشوں کیخلاف کارروائی

بازار کمیٹی کی پہل کے بعدمحکمہ فوڈ گراں بازار ی کیخلاف سرگرم

تاریخ    2 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


نیوزڈیسک
سرینگر//بازار کمیٹی ڈلگیٹ کی پہل کے بعدمحکمہ خوراک ،رسدات وعوامی تقسیم کاری کے انفورسمنٹ اسکارڈ نے بدھ کو ڈلگیٹ ،درگجن اوربچھوارہ کے بازاروں میں اچانک چیکنگ کرکے گلی سڑی سبزیاں ومیوہ جات فروخت کرنے والو ں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی۔ معلوم ہواکہ بازار کمیٹی ڈلگیٹ سری نگرکی جانب سے گراں بازاری اورناجائز منافع خوری کیخلاف چھیڑ ی گئی مہم کے بعداس پورے علاقہ میںقصابوں نے اپنے دکانات گزشتہ کئی دنوں سے بندرکھے ہیں کیونکہ وہ منہ مانگے داموں پرگوشت فروخت کرنے پربضد ہیں ۔بازار کمیٹی کے ایک ذمہ دار نے بتایاکہ ہم نے قصابوں سے کہاتھاکہ وہ سرکار کی جانب سے مقرر کردہ قیمت پرہی گوشت فروخت کریں لیکن قصاب 650روپے فی کلوکے حساب سے گوشت فروخت کرنے پربضد رہے ،انہوں نے کہاکہ جب ہم نے قصابوں کوایسا کرنے سے منع کیاتوانہوں نے لوگوں کوپریشان کرکے منہ مانگے داموں پرگوشت خریدنے پرمجبور کرنے کیلئے اپنے دکانات مقفل کردئیے اورگزشتہ کئی دنوں سے ڈلگیٹ ،گوگجی باغ اوربچھوارہ میں صارفین گوشت خریدنے سے قاصر ہیں ۔اُنہوں نے کہاکہ بازارکمیٹی کاایک وفد ڈپٹی کمشنرسری نگر اورڈائریکٹر محکمہ خوراک ،رسدات وعوامی تقسیم کاری کشمیرسے ملاقی ہوا اوراُنھیں ڈلگیٹ کی جانکاری فراہم کی ۔حکام نے بازار کمیٹی کی پہل کوسراہا اورڈائریکٹر کی ہدایت پر محکمہ کی ایک ٹیم ڈلگیٹ پہنچی اورانہوں نے یہاں ڈلگیٹ ،درگجن اوربچھوارہ کے بازاروں میں اچانک چیکنگ عمل میں لاکر سڑی سبزیاں ومیوہ جات فروخت کرنے والو ں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جبکہ اس دوران مقامی بازار کمیٹی کی مہم کیخلاف بطوراحتجاج اپنے دکانات بند رکھنے والے قصابوں کووارننگ دی گئی کہ اگرانہوں نے دکانات کھول کر سرکاری نرخ کے مطابق گوشت فروخت نہیں کیاتواُن کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کیساتھ ساتھ اُن کی لائسنوں کو منسوخ کیا جائے گا ۔(جے کے این ایس)
 

تازہ ترین