کورونا کا قہرجاری؛ ایک دن میں5سو سے زائداموات

مـتـاثـریـن کی تـعـداد5.85لاکـھ سے مـتـجاوز

تاریخ    2 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


 نئی دہلی//ملک میں دو دن سے کورونا وائرس کے یومیہ کے کیسز میں کمی آنے کے بعد اس وبا کا پھیلاؤ ایک بار پھر بڑھنا شروع ہوگیاہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں میں18ہزار653 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 5.85 لاکھ سے متجاوز کر گئی ہے اور اسی عرصے میں مرنے والوں کی تعداد میں 500 سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے ۔ مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی بدھ کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 5لاکھ85ہزار493 ہوگئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 507 افراد ہلاک ہوئے ہیں ، جس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 17ہزار400 ہوگئی ہے ۔ مہاراشٹرکورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4878 کیسز رپورٹ ہوئے اور 245 افراد کی موت ہوگئی۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 1لاکھ74ہزار761 اور مرنے والوں کی تعداد 7ہزار855 ہوگئی ہے ۔تمل ناڈو میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں لگاتار اضافے سے یہ کورونا وائرس کے کیسز کے معاملے میں ملک میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں متاثرہ افراد کی تعداد3ہزار943 میں مزید اضافہ سے سے بڑھ کر 90ہزار167 ہوگئی ہے اور اسی عرصے میں 60 افراد کی ہلاکت سے اب تک مرنے والوں کی تعداد 1201 ہوگئی ہے ۔ ریاست میں 50074 افراد کو علاج کے بعد اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے ۔دارالحکومت دہلی میں بھی کورونا کی وبا نے تباہی مچا دی ہے اوریہاں متاثرہ افراد کی تعداد 87ہزار360 اور مرنے والوں کی تعداد 2742 ہوگئی ہے ۔ دارالحکومت میں 58ہزار348 مریض شفایاب ہوچکے ہیں جن کو مختلف اسپتالوں سے فارغ کیا گیا ہے ۔ملک کی مغربی ریاست گجرات کووڈ 19 سے متاثر ہونے والوں کی تعداد کے لحاظ سے چوتھے نمبر پر ہے ، لیکن اموات کی تعداد کے لحاظ سے یہ ریاست مہاراشٹر اور دہلی کے بعد تیسرے نمبر پر ہے ۔ گجرات میں اب تک 32ہزار557 افراد اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں اور 1846 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں اب تک کورونا وائرس کے 23ہزار492 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور اس وبا سے 697 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 16ہزار084 مریض صحت مند ہوچکے ہیں۔ ریاست مغربی بنگال میں18ہزار559 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں ۔
 

تازہ ترین