مستقلی کی مانگ کو لیکر عارضی ملازمین کااحتجاج | اہل و عیال سمیت سڑکوں پر آنے کی دھمکی

تاریخ    1 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   
(عکاسی: مبشرخان)

بلال فرقانی
سرینگر// سرکاری محکموں میں تعینات عارضی ملازمین نے منگل کو احتجاج کرتے ہوئے حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر انکی مستقلی عمل میں نہیں لائی گئی تو وہ اہل و عیال لیکر سڑکوں پر احتجاج کریں گے۔کیجول ڈیلی ویجرس فورم نے منگل کو عارضی ملازمین کی مستقلی کے حق میں احتجاج کی کال دی تھی۔سرینگر میں محکمہ آب رسانی(پی ایچ ای) کے دفتر میں بیسوں ملازمین جمع ہوئے اور ماسکیں پہن کر احتجاج کیا۔احتجاجیوں نے کتبے بھی اٹھا رکھے تھے جن پر اپنی مستقلی کے حق میں نعرے درج کئے گئے تھے۔اس موقعہ پرکیجول ڈیلی ویجرس فورم کے صدر سجاد احمد پرے نے خبردار کیا ہے کہ سرکاری نے ا گر مستقلی کے حوالے سے کوئی بھی کارگر اور ٹھوس قدم نہیں اٹھایا تو ہزاروں کنبے سڑکوں کا رخ کرینگے۔انہوں نے کہا” عارضی ملازمین کو سخت مالی مسائل کا سامنا ہے،ان کے چولہے ٹھنڈے ہوچکے ہیں،بچوں کیلئے اسکولوں کی فیس نہیں ،جس کے نتیجے میں انکے بچے،بچہ مزدوری کی طرف مائل ہوئے ہیں اور ادویات خریدنے کی سکت بھی باقی نہیں رہی“۔پرے کا کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال عارضی ملازمین کیلئے کسی بھی دہشت سے کم نہیں اور اس صورتحال سے باہر نکلنے کیلئے اپنے اہل و عیال کے ہمراہ احتجاج کرنے کے علاوہ ان کے پاس کوئی دوسرا چارا نہیں ہے“۔فورم کے صدرنے کہا کہ5 اگست کے بعد عارضی ملازمین کی مستقلی کے عمل کو سرد خانے کی نذر کر دیا گیا،جس کے نتیجے میں ہزاروں عارضی ملازمین ذہنی تناﺅ میں مبتلا ہوچکے ہیں۔انہوں نے لیفٹنٹ گورنر سے اپیل کی کہ وہ وزیر اعظم ہند کی طرف سے عارضی ملازمین کی مستقلی اور کم از کم مشاہرے قانون کے نفاذ کے اعلان کو عملی جامہ پہنائیں۔اس دوران پریس کالونی میں محکمہ سیاحت میں کام کرنے والے عارضی ملازمین نے کیجول ڈیلی ویجرس فورم کے جھنڈے تلے احتجاج کرتے ہوئے نعرہ بازی کی۔ احتجاجی مظاہرے میں شامل سرور حسین نے کہا کہ عارضی ملازمین کی مستقلی کا نہ صرف جواز بنتا ہے بلکہ انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے بھی ضروری ہے، کیونکہ انہوں نے عرصہ ہائے سے عوامی خدمات کو انجام دیا ہے۔ان کا کہنا تھا”حال ہی میں انتظامیہ نے ملازموں کی بھرتی کی پالیسی مرتب کی ہے اس سے قبل یہاں پچیس برسوں سے مختلف محکموں میں کام کرنے والے عارضی ملازمین کی نوکریوں کو مستقل کرنے کے لئے ایک پالیسی بنائی جانی چاہئے“۔

تازہ ترین