تازہ ترین

نوین چودھری نے محکمہ پشو پالن کی کار کردگی کا جائیزہ لیا

ڈیری سے وابستہ کسانوں کیلئے کے سی سی سہولت بہم رکھنے کی ہدایت

تاریخ    1 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


جموں//پرنسپل سیکرٹری پشو ، بھیڑ و ماہی پالن نوین کمار چودھری نے کل جہاں محکمہ کی مختلف سکیموں پر عملدرآمد کا جائیزہ لیا ۔ اس ضمن میں منعقدہ میٹنگ میں ناظمِ پشو پالن جموں ، مشن ڈائریکٹر ڈیری ڈیولپمنٹ جے اینڈ کے ، ناظمِ منصوبہ بندی ، پشو و بھیڑ پالن ، جوائینٹ ڈائریکٹر فارمز ، جوائینٹ ڈائریکٹر پولٹری اور صوبہ جموں کے چیف انیمل ہسبنڈری افسران موجود تھے ۔ جبکہ ڈائریکٹر پشو پالن کشمیر اور صوبے کے دیگر متعلقہ افسران نے میٹنگ میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی ۔ پرنسپل سیکرٹری نے کسان کریڈٹ کارڈ سکیم کے دائرے میں صد فیصد کسانوں کے اندراج اور آتم نربھر کی عمل آوری پر زور دیا تا کہ کسانوں کی آمدن دوگنی کی جا سکے ۔ انہوں نے افسروں کو مقررہ اہداف کے حصول پر زور دیا اور کسان طبقے کے ساتھ جُڑے رہنے کی ہدایت دی۔ بعد میں پرنسپل سیکرٹری نے مختلف فیلڈ مراکز کا تفصیلی دورہ کر کے پولٹری اور ڈیری کسانوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے  پونی چک میں محکمہ پشو پالن کے پشو و بھینس افزایش نسل فارم کا معائینہ کیا جو 144 کنال اراضی پر پھیلا ہوا ہے اور جو خصوصی طور گائے اور بھینسوں کی افزائش نسل اور چارہ کی پیداوار کیلئے استعمال کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے فارم احاطے کا چکر لگایا اور محکمہ کے اہلکاروں کے کام کی ستائش کی ۔ انہوں نے فارم میں ساہیوال گائے اور مررہ بھینس کے پالن پوشن کیلئے اختیار کئے گئے طریقہ کار کو سراہا ۔