تازہ ترین

گیلانی کا استعفیٰ علیحدگی پسندوں کی ناکامی کا ثبوت : ڈی جی

تاریخ    1 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


سمت بھارگو
 راجوری //جموں وکشمیر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے بزرگ علیحدگی پسند رہنما سید علی شاہ گیلانی کے استعفیٰ کو علیحدگی پسند خیمہ کی منفی اپروچ کی ناکامی کا عکاس قرار دیاہے ۔دلباغ سنگھ نے ان باتوں کا اظہار پونچھ میں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔راجوری میں وومنز پولیس اسٹیشن کا افتتاح کرتے ہوئے دلباغ سنگھ نے کہاکہ سید علی شاہ گیلانی نے حریت کانفرنس سے استعفیٰ دے دیاہے اور ان کے استعفیٰ کے خط سے بہت سی چیزیں صاف سامنے آتی ہیں ۔پولیس سربراہ کاکہناتھا’’انہوں نے اس بات کو قبول کیاہے کہ طویل عرصہ سے کشمیر کے لوگوں کے مال کو جان کو نقصان پہنچا،یہ بات بھی قبول کی ہے کہ کشمیر وادی میں علیحدگی پسنداپنے مشن میں ناکام ہوئے ہیں‘‘۔انہوں نے حریت لیڈر کے استعفیٰ کو ہر ایک کیلئے حیران کن قرا ردیتے ہوئے کہا’’گیلانی کے اس بیان سے کہ حریت پلیٹ فارم کو لوگوں نے اپنے ذاتی مفاد کیلئے استعمال کیا، سے ان لیڈروں کی شروع سے ہی رہی منفی اپروچ کا پتہ چلتاہے جس کا اب خاتمہ ہونا شروع ہوگیاہے‘‘۔حد متارکہ پر سیکورٹی صورتحال کے بارے میں انہوں نے کہاکہ راجوری پونچھ بشمول نوشہرہ سے جنگجوئوںکی طرف سے دراندازی کی کچھ کوششیں ہوئی ہیں جبکہ اسی طرح کی کوششیں کپوارہ اور مژھل سے بھی ہوئیں ۔کشمیر میں ملی ٹینسی مخالف آپریشنز پر انہو ں نے کہاکہ اس سال اب تک 148جنگجوئوں کو ماراجاچکاہے اور صرف جون کے مہینے میں 48جنگجو مارے گئے جواب تک کسی بھی مہینے میں سب سے زیادہ تعداد ہے ۔پولیس سربراہ کاکہناتھا’’ڈوڈہ ضلع ملی ٹینسی سے پاک ہوگیاہے۔ انہوں نے کہا’’میں کشمیر سے ملی ٹینسی کے خاتمے کے ٹائم فریم کے بارے میں نہیں بتاسکتالیکن فورسز کی طرف سے ملی ٹینسی ختم کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ کوششیں کی جارہی ہیں ‘‘۔قبل ازیں پولیس سربراہ نے آئی جی جموں زون مکیش سنگھ کے ہمراہ راجوری پونچھ میں سیکورٹی اور خفیہ اداروں کے افسران کے ساتھ میٹنگ کرکے سیکورٹی صورتحال کاجائزہ لیا۔