قابل اعتماد 5جی فروخت کنندگان کے حق میں بدلتے حالات

تاریخ    1 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


یو این آئی
 واشنگٹن// امریکی وزیر خارجہ مائیکل آر پومپیو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حالات ’’ہواوے’’ کے خلاف ہو رہے ہیں کیونکہ دنیا بھر کے شہریوں کو چینی کمیونسٹ پارٹی کے نگرانی کے نظام سے لاحق خطرے کا احساس ہو رہا ہے۔ ہواوے کے دنیا بھر میں مواصلاتی عاملین سے کیے گئے معاہدے ختم ہو رہے ہیں کیونکہ ممالک اپنے 5 جی نیٹ ورک میں صرف قابل اعتماد فروخت کنندگان کو ہی کام کی اجازت دے رہے ہیں۔ چیک ریپبلک، پولینڈ، سویڈن، ایسٹونیا، رومانیہ، ڈنمارک اور لٹویا ایسے ممالک کی نمایاں مثال ہیں۔ حال ہی میں یونان نے اپنے 5جی انفراسٹرکچر کی تعمیر کیلئے ہواوے کے بجائے ایرکسن سے خدمات حاصل کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔دنیا بھر میں چند سب سے بڑی ٹیلی کام کمپنیاں بھی صاف ستھرے مواصلاتی اداروں میں تبدیل ہو رہی ہیں۔ ہم نے فرانس میں اورنج، انڈیا میں جیو، آسٹریلیا میں ٹیلسٹرا، جنوبی کوریا میں ایس کے اور کے ٹی، جاپان میں این ٹی ٹی اور برطانیہ میں او2 کا یہی معاملہ دیکھا ہے۔ چند ہفتے پہلے کینیڈ امیں تین بڑی مواصلاتی کمپنیوں نے ایرکسن، نوکیا اور سام سنگ کے ساتھ شراکت قائم کرنے کا فیصلہ کیا کیونکہ رائے عامہ ہواوے کو کینیڈا کے 5 جی نیٹ ورکس تعمیرکرنے کی اجازت دینے کے بڑی حد تک خلاف تھی۔ٹیلی فونیکا نے اپنے ڈیجیٹل منشور میں کہا ہے کہ ’’تحفظ بے حد اہم ہے’’  اور اس کے سی ای او اور چیئرمین ہوزے ماریا الواریز۔ پیلٹ لوپز نے حال ہی میں اعلان کیا کہ ’’ٹیلی فونیکا کو 5جی کے حوالے سے صاف راستہ اختیار کرنے والی کمپنی ہونے پر فخر ہے۔’’ ٹیلی فونیکا اسپین اور او2 (برطانیہ) مکمل طور سے صاف شفاف نیٹ ورکس ہیں اور ٹیلی فونیکا ڈوئچے لینڈ (جرمنی) اور ویوو (برازیل) مستقبل قریب میں کسی بھی ناقابل اعتماد فروخت کنندہ کے سازوسامان سے پاک کمپنیاں بن جائیں گی۔صورتحال تیزی سے محفوظ  5 جی کے حق میں تبدیل ہو رہی ہے۔ جتنے زیادہ ممالک، کمپنیاں اور شہری یہ پوچھتے ہیں کہ انہیں اپنی انتہائی حساس معلومات کی حفاظت کیلئے کس پر اعتماد کرنا چاہیے تو اس کا یہی جواب واضح طور پر سامنے آتا ہے کہ: چینی کمیونسٹ پارٹی کے نگرانی کے نظام پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔
 

تازہ ترین