تازہ ترین

دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد1کروڑ 2لاکھ | اب تک ساڑھے 5لاکھ لوگ زندگی کی جنگ ہار گئے

تاریخ    1 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


یو این آئی
بیجنگ // عالمی وبائی کورونا وائرس (کووڈ 19) کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اس بیماری سے متاثرہ افراد کی تعداد دنیا بھر میں 1.02 کروڑ ہوگئی ہے اور تعداد اموات کی تعداد بھی پانچ سے زیادہ ہوگئی ہے ۔امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر فار سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 10275599 تک جا پہنچی ہے جبکہ 504830 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔کووڈ ۔19 کے معاملے میں، امریکہ دنیا بھر میں پہلے ، برازیل دوسرے اور روس تیسرے نمبر پر ہے ۔ دوسری طرف اس وبا کی وجہ سے تعداد اموات کے لحاظ سے ، امریکہ پہلے ، برازیل دوسرے اور برطانیہ تیسرے نمبر پر ہے ۔ہندوستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران، کورونا انفیکشن کے 18522 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں اور اب متاثرین کی کل تعداد 566840 ہوگئی ہے ۔ اسی مدت کے دوران کورونا وائرس کی وجہ سے 418 اموات کے ساتھ تعداد اموات 16893 ہوگئی ہے ۔ اس وقت ملک میں کورونا کے 215125 فعال معاملے ہیں اور اب تک 334822 افراد اس وبا سے صحت یاب ہوئے ہیں۔ انفیکشن کے معاملے میں ہندوستان دنیا کے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے ۔عالمی سپر پاور مانے جانے والے امریکہ میں اب تک 2587154 افراد کورونا سے متاثر اور 126127 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ برازیل میں اب تک 1368195 افراد اس کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ 58314 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔روس میں بھی کووڈ 19 کی وبا رکنے کا نام نہیں لے رہی ہے اور 641156 افراد متاثر ہوئے ہیں اور یہاں پر انفیکشن کی وجہ سے اب تک 9152 اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اس انفیکشن کی وجہ سے برطانیہ میں صورتحال مزید خراب ہوتی جارہی ہے ۔ اب تک 311965 افراد اس وبا سے متاثر ہوچکے ہیں اور 43575 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ پیرو اور چلی انفیکشن کے معاملے میں دنیا میں بالترتیب چھٹے اور ساتویں نمبر پر ہیں۔ پیرو میں متاثرہ افراد کی تعداد 282365 ہے اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد 9504 ہے ۔ چلی میں اب تک 275999 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں ۔
 
 
 
 
 
 

کورونا وبا کے خاتمے کا ابھی کوئی امکان نہیں

عالمی صحت تنظیم کی ٹیم ذرائع کا پتہ لگانے چین جائے گی

سرینگر//عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ پوری دنیا میں کورونا وائرس کے شکار لوگوں کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 5لاکھ سے زیادہ ہے۔ مذکورہ ادارے کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈراس عدنان گیبری ایسیس کا کہنا ہے کہ پوری دنیا اس کی لپیٹ میں ہے اور اس کے خاتمے کے آثار نظر نہیں آرہے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈراس عدنان گیبری ایسیس نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی عالمگیر وبا خاتمے کے قریب بھی نہیں ہے اور اس کا عالم گیر سطح پر پھیلاؤ بڑھتا جا رہا ہے۔پیر کے روز ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہیلتھ ایجنسی کو پہلی مرتبہ اس وائرس کے بارے میں اطلاع ملنے کے چھ ماہ کل منگل کو پورے ہو جائیں گے۔ ان کے ادارے کو اطلاع ملی تھی کہ چین میں نمونیا کے غیر معمولی کیسز ہوئے ہیں۔ یہی کرونا وائرس کے آغاز کی پہلی علامت تھی۔ان کا کہناتھا کہ چھ مہینے پہلے ہم میں کوئی بھی یہ سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ یہ نیا وائرس عالمگیر وبا بن جائے گا۔ اس کے بعد سے عالمی ادارہ صحت نے شکار اور ہلاک ہونے والوں کا پورا ریکارڈ رکھا ہے۔ اسی ریکارڈ کے مطابق اب تک پوری دنیا میں کرونا متاثرین کی تعداد ایک کروڑ سے زیادہ اور ہلاک شدگان کی تعداد پانچ لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔ٹیڈراس نے کہا کہ اکثر ملک یہ سوال کرتے ہیں کہ ہم کرونا وائرس کے ساتھ زندگی گذارنے کی کس طرح کی منصوبہ بندی کریں۔ کیونکہ یہ زندگی کا نیا معمول بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ بہت سے ملکوں نے اس پر بہت حد تک قابو پایا ہے اور پھیلنے کی رفتار کو سست کیا ہے، مگر وہ اس کو مکمل طور سے مٹا نہیں سکے۔ کچھ ملکوں نے جب اپنی معیشت کو کھولا تو انہوں نے دیکھا کہ وائرس کا پھیلاؤ بڑھ گیا۔ٹیڈراس نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ لوگ اب بھی تذبذب کا شکار ہیں، کیوں کہ وائرس کے پھیلنے کی گنجائیش موجود ہے۔ ٹھوس حقیقت یہی ہے کہ وائرس ختم ہونے کا نام بھی نہیں لے رہا ہے۔ٹیڈراس نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت اس ہفتے اپنا اجلاس بلا رہا ہے، جس میں کورونا وائرس کے بارے میں ہونے والی اب تک کی تحقیقات کا جائزہ لیا جائے گا۔
 
 
 
 

مصرکے اسپتال میں آتشزدگی  |  کروناکے 7مریضوں کی موت

قاہرہ// مصر کے ساحلی شہر اسکندریہ کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں خوفناک آتشزدگی میں کورونا وائرس سے متاثر کم سے کم سات مریضوں کی موت ہوگئی۔البدروی اسپتال نے منگل کے روز فیس بک پر ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) وارڈ میں ائیر کنڈیشنر کے شارٹ سرکٹ میں آگ لگ گئی ، جس میں کووڈ 19 کے 7 مریض ہلاک ہوگئے ۔ جبکہ سات دیگر بری طرح جھلس گئے ۔ فائر ڈپارٹمنٹ کی پانچ گاڑیوں نے کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا۔مریضوں کو ایمبولینسوں سے دوسرے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔دریں اثنا مصر میں کورونا وائرس سے مزید 83افراد کی موت سے ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 2872 ہوگئی ہے ۔منگل کے روز مصر کی وزارت صحت کے ترجمان خالد مجاہد نے بتایا کہ اس عرصے کے دوران کورونا وائرس کے 1566 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ، جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 66754ہو گئی ہے :(یو این آئی )
 
 

کیلیفورنیا کی جیلوں میں  2600 قیدی متاثر

 
یو این آئی
 
واشنگٹن// امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا کی جیلوں میں تقریباً 2600 قیدی کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسوم نے منگل کے روزنامہ نگاروں کو بتایا کہ ان میں سے ایک ہزار سے زائد قیدی صرف سین کوئنٹن کی جیلوں میں ہی متاثر پائے گئے ہیں۔ نیوسوم نے کہا ‘‘کیلیفورنیا کے اصلاحی نظام میں 2589 قیدی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے پائے گئے ہیں۔ سین کوئنٹن کی جیل میں ہی 1011 قیدی کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔گورنر نے بتایا کہ کیلیفورنیا کے اصلاحی سسٹم میں تقریباً 113000قیدی ہیں ۔غورطلب بات یہ ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے خطرے کے مدنظر میں کیلیفورنیا کی مختلف جیلوں سے اب تک تقریباً 3500 قیدی کو رہا کیا جا چکا ہے ۔
 
 
 

چین میں کورونا انفیکشن کے 19نئے معاملے 

بیجنگ// چین میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 19 نئے معاملے درج کئے گئے ہیں، جن میں سے آٹھ مقامی جبکہ 11 باہر سے آئے ہوئے معاملے ہیں۔چین کے قومی صحت کمیشن کی جانب سے منگل کو جاری یومیہ رپورٹ کے مطابق مقامی انفیکشن کے معاملوں میں بیجنگ میں سات اور شنگھائی میں ایک معاملہ سامنے آیا ہے ۔چین کے قومی صحت کمیشن کے مطابق اس دوران کووڈ۔ 19 سے کسی بھی شخص کی موت نہیں ہوئی ہے ۔
۔یو این آئی