تازہ ترین

پاکستانی کرکٹ ٹیم پر کورونا کا قہر ، 10کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت

فخر زمان، محمد حفیظ،محمد حسنین، وہاب ریاض، حیدر علی ، شاداب خان بھی شامل

تاریخ    24 جون 2020 (00 : 03 AM)   


 لاہور//شاداب خان، حیدر علی اورحارث رئوف کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیط اور بیٹسمین فخر زمان سمیت سات مزید کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔ منگل کو جاری کیے گئے ایک بیان میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ سات کھلاڑیوں اور ٹیم منیجمنٹ میں شامل ایک رکن کے کووڈ 19 ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ’مجموعی طور پراسکواڈ میں شامل 35 کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کووڈ 19 ٹیسٹ پیر کے روز لیے گئے۔ ان کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ٹیسٹ لاہور، کراچی اور پشاور میں لیے گئے تھے۔‘جن  کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ان میں فخر زمان، عمران خان، کاشف بھٹی، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد رضوان اور وہاب ریاض شامل ہیں۔جن کھلاڑیوں کے ٹیسٹ منفی آئے ان میں عابد علی، اسد شفیق، اظہر علی، بابراعظم، فہیم اشرف، فواد عالم، افتخار احمد، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد عباس، نسیم شاہ، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، سہیل خان اور یاسر شاہ شامل ہیں۔کرکٹ بورڈ کے مطابق ٹیم منیجمنٹ میں شامل ملنگ علی (مساجر) کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ تاحال شعیب ملک، کلف ڈیکن اور وقار یونس کے کورونا ٹیسٹ نہیں کیے جا سکے۔ جبکہ ٹیم منیجمنٹ میں شامل جن آفیشلز کے ٹیسٹ منفی آئے ان میں منصور رانا (منیجر )، مصباح الحق (ہیڈ کوچ)، شاہد اسلم (اسسٹنٹ ٹو ہیڈ کوچ)، یونس خان (بیٹنگ کوچ)، مشتاق احمد (اسپن باؤلنگ کوچ)، عبدالمجید (فیلڈنگ کوچ)، طلحہٰ بٹ ( ٹیم اینالسٹ)، یاسر ملک (اسٹرینتھ اینڈکنڈیشننگ کوچ)، ڈاکٹر سہیل سلیم (ٹیم ڈاکٹر)، لیفٹننٹ کرنل ریٹائرڈ عثمان رفعت (سیکورٹی منیجر ) اور رضا کیچلو (میڈیا اینڈ ڈیجیٹل کنٹنٹ منیجر) شامل ہیں۔کرکٹ بورڈ کے مطابق حیدر علی، حارث رؤف اور شاداب خان کی طرح ان ساتوں کھلاڑیوں اور سکواڈ میں شامل ٹیم مساجر میں بھی ٹیسٹنگ سے قبل  کوویڈ 19 کی کوئی علامات نہیں پائی گئیں۔پی سی بی کا میڈیکل پینل ان تمام کھلاڑیوں اور ٹیم مساجر سے مسلسل رابطے میں ہے اور ان تمام اراکین کو فوری طور پر سیلف آئسولیشن میں جانے کی ہدایت کردی گئی ہے جو کہ ان کے اور ان کی فیملی کے صحت اور حفاظت کے لیے بھی ضروری ہے۔کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ اگیا لائحہ عمل میں سکواڈ میں شامل ایسے کھلاڑی اور آفیشلز جن کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں وہ 24 جون  کو لاہور کے بائیو سیکیور ماحول میں اکٹھے ہوں گے۔ ان تمام اراکین کی دوسری کوویڈ19 ٹیسٹنگ 25 جون کو ہوگی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے بیان میں کہا ہے کہ لاہور کے بائیو سیکیور ماحول میں موجود جن کھلاڑیوں اور آفیشلز کے25 جون کو لیے جانے والے ٹیسٹ بھی منفی آئیں گے تو وہ 28 جون کو چارٹرڈ پرواز پر مانچسٹر روانہ ہوں گے ،پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ جن کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ان کی مسلسل نگرانی کی جائے  گی، اس دوران ان کی ہر ممکن مدد کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے دیگر ٹیسٹ لیے جائیں گے اور جیسے ہی ان کے 2 ٹیسٹ منفی آئیں گے تو وہ سکواڈ کو جوائن کرنے کے لیے انگلینڈ روانہ ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال ان تمام کھلاڑیوں اور ٹیم مساجر کو فوری طور پر قرنطینہ میں جانے کی ہدایت کردی گئی ہے کیونکہ یہ ان کی صحت کے ساتھ ساتھ ان کے پیاروں کی حفاظت کے لیے بھی ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس دوران مصباح الحق انگلینڈ میں مجوزہ ٹریننگ شیڈول کا دوبارہ جائزہ لیں گے اوراس حوالے سے وہ ریزرو کھلاڑیوں کی بیک اپ کے طور پر ٹیسٹنگ کا لائحہ عمل تیار کریں گے۔

تازہ ترین