جموں میں’ اپنی پارٹی‘ کے دفتر کاافتتاح | ریاستی درجہ کی بحالی کیلئے جموں کیساتھ مل کرلڑینگے :الطاف بخاری

تاریخ    23 جون 2020 (00 : 03 AM)   


سید امجد شاہ
جموں // اپنی پارٹی نے جموں کے گاندھی نگر علاقہ میں اپنے دفترکے افتتاح کے ساتھ ہی پارٹی کی پہلی میٹنگ بھی منعقد کی ۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے پارٹی صدر الطاف بخاری نے کہاکہ جموں وکشمیر کے لوگ ریاست کا درجہ واپس چاہتے ہیں اوران کی جماعت اس سلسلے میں جموں کے ساتھ مل کر جدوجہد کرے گی ۔ انہوں نے کہا’’ہم دوخطوں جموں وکشمیر کے درمیان پل کی حیثیت سے کام کررہے ہیں اوردونوں ہی صوبوں کی ایک جیسی مانگیں ہیں جن میں ریاستی درجہ کی بحالی ، زمین اور ملازمت کے حقوق کا تحفظ اور اسمبلی انتخابات کا انعقاد شامل ہے‘‘۔انہوں نے کہاکہ لوگوں کو بلیک میل کرنے کیلئے ان کی جماعت کے کوئی جذباتی نعرے نہیں اور وہ حقیقت پسندانہ سیاست کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ان کی توجہ روزگار کے مواقع اور عام لوگوں کو انصاف کی فراہمی ہے۔پارٹی دفتر کا افتتاح سابق وزیر غلام حسن میر کے ہاتھوں ہوااور انہی کی قیادت میں کارکنان و لیڈران کی میٹنگ ہوئی ۔میر نے پارٹی کارکنان پرزور دیاکہ وہ دونوں خطوں کے عوام کے درمیان پائی جارہی دوریوں کومٹانے کیلئے کام کریں ۔انہوں نے کہاکہ فرقہ پرستانہ اور علاقائی سیاست کا جموں وکشمیر میں خاتمہ ہوناچاہئے اور دونوں خطو ں کے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لایاجائے ۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں جموں وکشمیر اپنی پارٹی پل کا کام کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ وہ بغیر کسی نمائندگی کے حکومت اور عوام کے درمیان کورونا وائرس کے اس دور میں بھی پل کے طور پر کام کریں۔
 

تازہ ترین