تازہ ترین

کورونا کا قہر: ایک دن میں12ہزار سے زیادہ معاملے سامنے

ملک میں12237اموات،366946 متاثر

تاریخ    19 جون 2020 (00 : 03 AM)   


نئی دہلی// گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس (کووڈ 19) کے انفیکشن کے 12 ہزار سے زیادہ نئے معاملے سامنے آئے ہیں، جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد گذشتہ روز کے مقابلے میں کافی کم ہے اور سات ہزار سے زیادہ افراد صحت مند ہوئے ہیں۔صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزیر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس کے انفیکشن کے 12881 نئے معاملوں کے ساتھ متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 366946 ہوگئی ہے ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 334 افراد ہلاک جبکہ گذشتہ روز مرنے والوں کی تعداد 2003 تھی۔ اس بیماری سے اموات کی تعداد اب بڑھ کر 12237 ہوگئی ہے ۔ اس وقت ملک میں کورونا کے 160384 سرگرم کیسز ہیں اور مزید 7390 افراد کی صحت یابی کے ساتھ بیماری سے پاک ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 194325 ہوگئی ہے ۔ کورونا وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ مہاراشٹرا میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے انفیکشن کے 3307 معاملے اور 114 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 116752 اور مرنے والوں کی تعداد 5651 ہوگئی ہے ۔ اس مدت کے دوران ریاست میں 1315 افراد بیماری سے صحت مند ہوئے ہیں، جس کے بعد صحت مند افراد کی تعداد 59166 ہوگئی ہے ۔کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملے میں تامل ناڈو دوسرے نمبر پر ہے ، جہاں اس کے متاثرین کی تعداد 50000 سے تجاوز کر گئی ہے ۔ متاثرہ افراد کی کل تعداد اب 50193 تک جا پہنچی ہے اور اب تک 576 افراد اس وائرس کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ ریاست میں 27624 افراد کو علاج کے بعد اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے ۔
 
 

دہلی کے وزیر صحت کا ٹیسٹ مثبت آیا

 وزارتوں کا چارج سسودیا کوسونپاگیا

 
نئی دہلی // دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے پیش نظر ان کے ماتحت وزارتوں کا کام فی الحال نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کو سونپا گیا ہے ۔مسٹر جین کو تیز بخار اور سانس لینے میں تکلیف کی شکایت پر پیر کی رات راجیو گاندھی سپر اسپیشلائٹی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا ، جہاں بدھ کے روز ان کی جانچ میں کورونا انفیکشن کی تصدیق ہوگئی۔ان کے بیمار ہونے کی وجہ سے وزارت صحت سمیت ان کے ماتحت دیگر وزارتوں کا چارج مسٹر سیسودیا کو سونپا گیا ہے ۔