تازہ ترین

کورونا وائرس؛4اموات،مہلوکین کی تعداد67

مزید108کا اضافہ،ڈاکٹر،حاملہ خاتون اور استاد بھی شامل

تاریخ    18 جون 2020 (00 : 03 AM)   


پرویز احمد
سرینگر // بدھ کو مزید4ا موات کے بعد جموں و کشمیر میںکورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد67تک پہنچ گئی ہے جن میں سے7جموں جبکہ60کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ اسی دوران ایک استاد، ایک ڈاکٹر ، 3حاملہ خواتین اور فوج، پولیس و نیم فوجی دستوں کے 8اہلکاروں سمیت مزید 108کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں اور اس طرح جموں و کشمیر میں متاثرین کی تعداد5406تک پہنچ گئی ہے جن میں سے 1234جموں جبکہ 4172افراد کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ بدھ کو مثبت قرار دئے گئے 108افراد میں سے 7کولگام،7بارہمولہ،17سرینگر،4اننت ناگ،27شوپیان،9کپوارہ،2بانڈی پورہ، 5بڈگام، 2پلوامہ، ایک گاندربل،2رام بن،17ادھمپور،1کٹھوعہ،3راجوری اور 3ریاسی سے ہے۔ 

4اموات

 سکمز کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ پروفیسرڈاکٹر فاروق جان نے بتایا’’ شوپیان کا65سالہ شہری 15جون بروزسوموار بخار اور سانس لینے میں تکلیف کی شکایت کو لیکر اسپتال میں داخل ہوا ، 16جون کو اسکی تشخیصی رپورٹ مثبت آئی لیکن 2دن زیر علاج رہنے کے بعد وہ بدھ کی صبح فوت ہوگیا ‘‘۔دوسرا شخص خان پورہ بارہمولہ کا رہنے والے 70سالہ شہری  ہے جوکورونا وائرس سے صدر اسپتال میں فوت ہوگیا ۔میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر نذیر احمد چودھری نے بتایا ’’70سالہ معمر شخص15جون کو اسپتال میں داخل ہوا اور 16کو اسکی رپورٹ مثبت آئی‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ فوت ہونے والا شخص پہلے ہی چھاتی کے مختلف امراض میں مبتلا تھا اور نمونیا کی وجہ سے اسکے دونوں پھیپھڑوں میں پانی جمع ہوگیا تھا جسکی وجہ سے وہ فوت ہوگیا‘‘۔ڈاکٹر نذیر احمد چودھری نے بتایا کہ ٹینگہ پورہ بٹہ مالو کی ایک 65سالہ خاتون بھی وائرس کی وجہ سے فوت ہوگئی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ خاتون کو13جون کو اسپتال میں نمونیا کی بیماری کی شکایت کی بنا پر داخل کیا گیا تھا،14جون کو اسکے نمونے حاصل کئے گئے اور16جون کو وہ مثبت پائے گئے تھے۔انکا کہنا تھا کہ مزکورہ خاتون شام 6بجے انتقال کرگئی۔۔ادھر دیر شام گئے وڈون بڈگام سے تعلق رکھنے والے ایک 70سالہ معمر شخص بھی کورونا سے فوت ہوگیا ۔ چیف میڈیکل آفیسر بڈگام ڈاکٹر تجمل حسین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ 70سالہ شہری 16جون کو صدر اسپتال سرینگر میں نمونیا کی بیماری کی وجہ سے داخل ہوالیکن17تاریخ کی شام فوت ہوگیا‘‘۔چیف میڈیکل آفیسر نے بتایا کہ 70سالہ شہری کی رپورٹ مرنے کے بعد مثبت آئی ہے اور اسکی تدفین کا انتظام کیا جارہا ہے‘‘۔  

سکمز صورہ

میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق احمد جان نے بتایا ’’ پچھلے 24گھنٹوں کے دوران2144نمونوں کی تشخیص کی گئی جن میں سے58مثبت جبکہ 2086کی رپورٹیں منفی آئیں ہیں‘‘۔ ڈاکٹر جان نے بتایا کہ 58متاثرین میں سے 32شوپیان،6کولگام، 5سرینگر،5بارہمولہ، 4اننت ناگ،2بانڈی پورہ،2کپوارہ، ایک پلوامہ اور ایک گاندربل سے تعلق رکھتا ہے۔ڈاکٹر جان نے بتایا ’’ضلع اسپتال اننت ناگ سے موصول نمونوں میں سے 5کی رپورٹ مثبت آئیں ہیں جن میں سے ایک گڈی ہرن کولگام اور اننت ناگ کے 4متاثرین شامل ہیں جن میں ایک ویر اننت ناگ، ایک ہلر، ایک اکورہ مٹن اور ایک ڈورو اننت ناگ  شامل ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ سی ایم او بانڈی پورہ کی جانب سے 2کی رپورٹ مثبت آئی ہے جن میں سے ایک 36سالہ خاتون بنکوٹ بانڈی پورہ اور ایک 6سالہ کمسن بچہ ہے‘‘۔ ڈاکٹر جان نے بتایا کہ سی آر پی ایف  سے 15اور 16جون کو ہونے والے نمونوں میں سے 3کی رپورٹیں مثبت آئیں ہیں جن میں سے2 اہلکار79بٹالین  سی آر پی ایف سونہ وار اور 144بٹالین سی آر پی ایف نہرو پارک سرینگر  شامل ہیں‘‘۔ڈاکٹر جان نے بتایا کہ ضلع اسپتال کولگام سے موصولہ نمونوں میں سے 5کی رپورٹیں مثبت آئیں ہیں جن میں سے 2مین ٹائون کولگام،1کھار گنڈ، ایک کش گنڈ اور ایک ڈونگریواری کولگام سے تعلق رکھتا ہے۔ ڈاکٹر جان نے بتایا ’’ضلع اسپتال پلوامہ سے موصولہ نمونوں میں سے 42آر آر ستورہ پلوامہ کا ایک اہلکار شامل ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ 15اور 16جون کو ضلع اسپتال شوپیان سے موصول نمونوں میں سے 32کی رپورٹیں مثبت آئیں ہیں جن میں سے 3 تھیرن کنڈی شوپیان، 4شاہلٹو،3کڈگام،2ڈی پی ایل شوپیان،ایک ڈی سی شوپیان، 6کھلر شوپیان، 3گڈی پورہ شوپیان اور 3سیدھو شوپیان سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی ایم او سوپور کی جانب سے بھیجے گئے نمونوں میں سے 4کی رپورٹیں مثبت آئیں ہیں جن میں سے 2پنجی پورہ سوپور اور ایک چنکی پورہ سوپورجبکہ ایک کا سرحدی ضلع کپوارہ سے ہے۔  انہوں نے کہا کہ سی ایم او سرینگر کی طرف سے بھیجے گئے نمونوں میں سے ایک کی رپورٹ مثبت آئی ہے جو اشبر نشان کی رہنے والی ایک لڑکی کا ہے۔ انسٹی ٹیوٹ کے شعبہ عوامی رابطہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی جانب سے جاری کئے گئے اعدادوشمار میںبتایا گیا ہے کہ ابتک کل605مشتبہ مریضوں کا داخلہ کیا گیا جن میں سے479مریضوں کو قرنطینہ کی مدت مکمل کرنے کے بعد گھر روانہ کردیا گیا جبکہ69مثبت قرار دئے گئے مریضوں کو گھر بھیجا گیا ہے۔ابتک84422نمونوں کی تشخیص کی گئی ہے جن میں سے827255کو منفی قرار دیا گیا ہے جبکہ1697مریضوں کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔

جے وی سی بمنہ

سکمز میڈیکل کالج بمنہ سرینگر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ پچھلے24گھنٹوں کے دوران 565نمونوں کی تشخیص کی گئی جن میں سے 13مثبت جبکہ 552کی رپورٹیں منفی آئیں ہیں۔  انہوں نے کہا کہ 13افراد میں سے 7سرینگر اور 6کا تعلق بڈگام ضلع سے ہے۔ڈاکٹر ریاض نے بتایا ’’ سرینگر کے 7افراد میں سے 4منڈی بل، ایک خانیار ، ایک بمنہ اور ایک متاثر مجہ گنڈ سے تعلق رکھتا ہے۔ ڈاکٹر ریاض اینتو نے بتایا ’’بڈگام کے 6متاثرین میں سے  ایک کاوسہ بڈگام، ایک اٹنی بیروہ، ایک گموبورہ بڈگام، ایک ہرد شرش بڈگام، ایک بڈت پورہ ٹنگمرگ اور ایئرپورٹ پر تعینات ایک سی آئی ایس ایف اہلکار شامل ہیں۔

سی ڈی اسپتال ڈلگیٹ

سی ڈی اسپتال ڈلگیٹ میں پچھلے 24گھنٹوں کے دوران 18افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں ہیں۔ گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے ذرائع نے بتایا کہ 18متاثرین میں 3حاملہ خواتین، ایک استاد اور کیمونٹی ہیلتھ سینٹر سوگام میں تعینات ایک ڈاکٹر شامل ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ 18متاثرین میں سے 4ٹنگڈار کرنا، 3سکہ ڈافر سرینگر، ایک جہ گنڈ سرینگر ، ایک سلطان پورہ، ایک مندی گرام کپوارہ اور ایک لنگیٹ ہندوارہ سے تعلق رکھتا ہے۔  

جموں

جموں صوبے میں بدھ کو 27افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں ہیں جن میں سے 17کمانڈ اسپتال ادھمپور، 3آئی آئی آئی ایم،6کرشنا اور 2جی ایم سی جموں میں مثبت قرار دئے گئے ہیں۔

حکومتی بیان

حکومت نے کہا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے108نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیںجن میں سے81کا تعلق کشمیر صوبے سے اور 27 کا تعلق جموں صوبے سے ہیں اور اس طرح مثبت معاملات کی کل تعداد5,406تک پہنچ گئی ہے۔ میڈیا بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ نوول کورونا وائرس کے5,406 مثبت معاملات سامنے آئے ہیں جن میں سے 2,428سرگرم معاملات ہیں ۔ اب تک 2,781اَفراد شفایاب ہوئے ہیں ۔جموں وکشمیر میں کوروناوائرس سے مرنے والوں کی تعداد64تک پہنچ گئی ،جن میں سے 57کاتعلق کشمیر   صوبہ سے اور07کاتعلق جموں صوبہ سے ہیں۔اِس دوران آج مزید133 مریض صحتیاب ہوئے ہیںجن میںجموں صوبے کے55 اور کشمیر صوبے کے 78 اَفراد شامل ہیں ، جن کو جموں و کشمیر کے مختلف ہسپتالوں سے رخصت کیا گیا۔بلیٹن میں مزید کہا گیا ہے کہ اب تک 2,82,268ٹیسٹوں کے نتائج دستیاب ہوئے ہیں جن میں سے  17؍جون2020ء کی شام تک 2,76,862نمونوں کی رِپورٹ منفی پائی گئی ہے ۔علاوہ ازیں اب تک2,43,887افراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے جن کا سفر ی پس منظر ہے اور جو مشتبہ معاملات کے رابطے میں آئے ہیں۔ ان میں 40,152 اَفراد کو ہوم قرنطین میں رکھا گیا ہے جس میں سرکار کی طرف سے چلائے جارہے قرنطین مراکز بھی شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ28 اَفراد کو ہسپتال قرنطین میں رکھا گیا ہے۔2,428کو ہسپتال آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے جبکہ 47,960 اَفراد کو گھروں میں نگرانی میں رکھا گیا ہے۔اسی طرح بلیٹن کے مطابق1,53,255اَفرادنے 28روزہ نگرانی مدت پوری کی ہے۔بلیٹن کے مطابق کولگام میں650مثبت معاملات پائے گئے ہیںجن میں211سرگرم معاملات ہیںاور 431صحتیاب ہوئے ہیںاور08 کی موت واقع ہوئی ہے۔ضلع بارہمولہ میں اب تک کورونامریضوں کی تعداد 532ہوئی ہیںجن میں سے 298سرگرم معاملات ہیں اور11مریضوں کی موت واقع ہوئی ہیںاور 223صحتیاب ہوئے ہیںجبکہ سری نگر میں اب تک کورونا وائرس کے 566 معاملات کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے337 سرگرم معاملات ہیں ۔215 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ14 کی موت واقع ہوئی ہے۔ اُدھر ضلع اننت ناگ میں 583 مثبت معاملے سامنے آئے ہیںجن میں168 سرگرم ہیں۔ 410 شفایاب ہوئے ہیں اور05 کی موت واقع ہوئی ہے۔ضلع شوپیان میں 585 مثبت معاملات سامنے آئے ہیںجن میں256 سرگرم ہیں اور 322صحتیا ب ہوئے ہیںجبکہ 07کی موت واقع ہوئی ہے۔ اِدھرکپواڑہ میں 419مثبت معاملات درج کئے گئے ہیں اور 106 سرگرم معاملات ہیں اور308صحتیاب ہوئے ہیںجبکہ 05 کی موت واقع ہوئی ہے۔بانڈی پورہ میں اب تک 248 مثبت معاملات سامنے آئے ہیں جن میں سے44 سرگرم معاملات ہیں ، 203مریض صحتیاب ہوئے ہیںجبکہ ایک کی موت واقع ہوئی ہے۔ضلع بڈگام میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی کُل تعداد اب تک 264ہوئی ہیںجن میں سے 144سرگرم ہیں اور116اَفراد صحتیاب ہوئے ہیںجبکہ04 کی موت واقع ہوئی ہے ۔پلوامہ ضلع میں کووِڈ ۔19کے 261 معاملات کی تصدیق ہوئی ہے جن میں189 سرگرم معاملات ہیں اور 70  مریض صحتیاب ہوئے ہیںجبکہ02 کی موت واقع ہوئی ہے۔ گاندربل میں کل 64مثبت معاملات سامنے آئے ہیں جن میں09 سرگرم معاملات ہیں اور 55 اَفراد شفایاب ہوئے ہیں۔اسی طرح  جموں میں وائر س کے 279مثبت معاملات پائے گئے ہیں جن میں116سرگرم معاملات ہیں اور159صحت یاب ہوئے ہیںاور04 کی موت واقع ہوئی ہیجبکہ رام بن میں201معاملات سامنے آئے ہیںجن میں 117سرگرم معاملات ہیں اور84 شفایاب ہوئے ہیںجبکہاودھمپور ضلع میں اب تک کورونا مریضوں کی کُل تعداد 185 ہوئی ہیں جن میں سے 103معاملات سرگرم ہیں۔ 81اَفراد صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ ایک کی موت واقع ہوئی ہے۔دریں اثنأ کٹھوعہ میں163مثبت معاملہ سامنے آئے ہیںجن میں 82 سرگرم معاملات ہیںاور 81اَفراد صحتیاب ہوئے ہیں۔اس طرح پونچھ میں105معاملے سامنے آئے ہیں جن میں 56سرگرم معاملات ہیں جبکہ49مریض شفایاب ہوئے ہیں۔ضلع سانبہ میں 113 مثبت معاملے کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 71 سرگرم معاملات ہیں اور 42اَفراد شفایاب ہوئے ہیں۔راجوری ضلع میں کورونا کے اب تک72 مریض پائے گئے ہیںجن میں 57 معاملے سرگرم ہیں اور 14مریض شفایاب ہوئے ہیںجبکہ ایک کی موت واقع ہوئی ہے اورریاسی میں بھی30 معاملات سامنے آئے ہیں جن میں17سرگرم ہیں اور13 اَفراد شفایاب ہوئے ہیں۔ کشتواڑ میں23 مثبت معاملے سامنے آئے ہیں جن میں15 معاملے سرگرم ہیں اور08 مریض پوری طرح سے صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ ڈوڈہ میں 63 معاملات سامنے آئے ہیںجن میں سے32معاملات سرگرم ہیں جبکہ30مریض پوری طرح شفایاب ہوئے ہیں اور ایک مریض کی موت واقع ہوئی ہے۔
 

پولیس وفورسز کے مزید7اہلکار متاثر

سی آر پی ایف کے 134،پولیس کے 187 

پر ویز احمد
 
سرینگر// وادی میں پولیس و فورسز کی مختلف ایجنسیوں سے وابستہ اہلکاروں کی بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔پچھلے 24گھنٹوں کے دوران سی آر پی ایف کے مزید 3،پولیس کے دو کانسٹیبل، فوج کا ایک اہلکار اور سینٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورسز کا ایک اہلکار بھی متاثر ہوا ہے۔اس طرح ابتک متاثرہ پولیس جوانوں کی تعداد187تک پہنچ گئی ہے۔جبکہ سی آر پی ایف اہلکاروں کی تعداد 134، فوج کے 4 , بی ایس ایف کے 4 اور سی آئی ایس ایف کا اہلکار متاثر ہوچکا ہے۔سرکاری اعدادوشمار کے مطابق بدھ کو79بٹالین سی آر پی ایف سونہ وارکے2 اور 144بٹالین نہرو پارک کے ایک جوان میں وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔ادھر42آر آر ستورہ ترال کے ایک فوجی اہلکار میں وائرس پایا گیا ہے جبکہ سرینگر ائر پورٹ پر تعینات سی آئی ایس ایف کا ایک اہلکار بھی کورونا میں مبتلا پایا گیا ہے۔اس دوران پولیس اہلکاروں میں متواتر طور پر اضافہ ہورہا ہے اور بدھ کوضلع پولیس لائنز شوپیان میں تعینات مزید 2کانسٹیبل وائرس میں مبتلا پائے گئے۔ اس سے قبل ہی ڈسٹرکٹ پولیس لائنز شوپیان  کے10اہلکار وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ ترہگام کپوارہ  میں 102بٹالین بی ایس ایف کیمپ میں تعینات 4اہلکاروں کو بھی وائرس ہوا ہے۔90 بٹالین سی آر پی ایف کیمپ ارن ہال بجبہاڑہ اننت ناگ کے34اہلکار وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔بادامی باغ فوجی اسپتال میں دو فوجی اہلکاروں کے نمونے بھی مثبت پائے گئے ہیں۔
 

لداخ میں مزید 38

کی تصدیق،تعداد594

غلام نبی رینہ
 
کنگن// لداخ میں کورونا معاملات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ بدھ کو مرکزی زیر انتظام لداخ میں مزید 38افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے اور تعداد 594تک پہنچ گئی ہے جبکہ 7افراد کو رخصت کیا گیا، ان میں کرگل سے 5جبکہ لیہہ کا ایک مریض شامل ہے۔ بدھ کو جن 38مریضوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ، ان میں لیہہ سے 11اور کرگل ضلع سے 27 کیس شامل ہیں۔ اس وقت کرگل میں 479جبکہ لیہہ میں 115کیسز سرگرم ہیں۔ کورونا وائرس میں اضافہ کی وجہ سے دراس اور کرگل میں لاک ڈاؤن دوبارہ لگادیا ہے ۔