تازہ ترین

بدرمنہ میں ریچھ پکڑا گیا | بٹہ گنڈ میں تیندوے کی لاش بر آمد

تاریخ    17 جون 2020 (00 : 03 AM)   


عارف بلوچ
اننت ناگ//بدرمنہ ڈورو میں محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے نصب کئے گئے پنجرے میں بھاری بھر کم ریچھ پکڑا گیا ۔بدرمنہ اور اس کے مضافاتی علاقوں میں گذشتہ کئی ہفتوں سے ریچھ نے دہشت مچا رکھی تھی ،ریچھ نے باغوں میں نصب شہد کے کئی ڈبوں کو نقصان پہنچا یا تھا ،جس کے سبب یہاں کے مکینوں میں کافی خوف و ہراس پھیل گیا تھا ۔اس بیچ محکمہ وائلڈ لائیف نے یہاں پنجرہ نصب کیا ۔سوموار اور منگل کی درمیانی رات کو بھاری بھر کم ریچھ پنجرے میں پھنس گیا ،جوہنی ریچھ کے پھنسے کی خبر پھیلی لوگوں کی بھاری بھیڑ ریچھ کو دیکھنے کے لئے اُمڈ پڑی ۔اس دوران محکمہ وائلڈ لائیف کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے جنہوں نے ریچھ کو بے ہوش کرکے اپنی تحویل میں لے لیا ۔ادھر بٹہ گنڈ ویری ناگ میں محکمہ کے اہلکاروں نے مردہ تیندوے کو بر آمد کیا ۔محکمہ کے ایک ملازم منیب منظور نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ علاقہ میں جنگلی درندوں کی موجودگی کے باعث مکینوں میں کافی خوف و ہراس پھیل گیا ہے تاہم محکمہ وائلڈ لائف کی کوششوں سے ریچھ کو قابو میں کیا گیا ہے ۔انہوں نے مردہ تیندوے کے بارے میں کہا کہ غالباََ تیندوہ ریچھ یا کسی اور جانور کا شکار ہوا ہے ،تاہم لاش کو تحویل میں لیا گیا ہے اور حقائق جاننے کی کوشش کی جارہی ہے ۔