تازہ ترین

بروقت علاج نہ ملنے کاشاخسانہ | کرالہ پورہ کپوارہ کی دردزہ میں مبتلاء خاتون فوت

تاریخ    14 جون 2020 (00 : 03 AM)   


اشرف چراغ
کپوارہ//کپوارہ میں دردزہ میں مبتلاء ایک خاتون بروقت علاج نہ ملنے کی وجہ سے دم توڑ بیٹھی ۔اطلاعات کے مطابق جمعہ کے روزپنجواہ رامحال کی دردزہ میں مبتلاء حفیظہ زوجہ عاشق حسین میرکوسب ضلع اسپتال کرالہ پورہ میں داخل کیا گیاجہاں ڈاکٹروں نے ملاحظہ کرنے کے بعداُسے کپوارہ منتقل کیا۔لواحقین نے الزام لگایا کہ کپوارہ اسپتال میں اس کا علاج کرنے کے بجائے اُسے ضلع اسپتال ہندوارہ منتقل کیا۔حفیظہ کے خاوندکے مطابق ہندوراہ اسپتال میں بھی اس کا علاج نہیں کیاگیاجس کے بعد اُس نے اُسے ایک نجی کلنک پر لیاجہاں ڈاکٹرنے اُسے ضلع اسپتال بارہمولہ منتقل کرنے کی صلاح دی ۔عاشق حسین کے مطابق بارہ مولہ اسپتال میںجونہی دردزہ میں مبتلاء حاملہ کوداخل کیاگیا تووہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی علاج کے دوران کئی ٹیسٹ کئے،لیکن اس دوران دردزہ میں مبتلاء خاتون دم توڑ بیٹھی۔لواحقین کے مطابق کرالہ پورہ سے کپوارہ،کپوارہ سے ہندوارہ اور ہندوارہ سے بارہ مولہ تک کافی وقت ضائع ہوگیا اورحفیظہ بروقت علاج نہ ملنے کے سبب بچے کو جنم دینے سے قبل ہی فوت ہوگئی۔اس دوران عوامی حلقوں نے کہا کہ کپوارہ سے بارہ مولہ یاسرینگر حاملہ خواتین کو ریفر کرنا اب معمول بن گیا ہے اوراتنا لمبا سفر حاملہ کیلئے اکثر آکری سفر ثابت ہوتا ہے۔ عوامی حلقوں نے کپوارہ ضلع کے اسپتالوں میں زچگی سہولیات کے فقدان پر برہمی کااظہار کیا۔