مزید خبرں

تاریخ    7 جون 2020 (00 : 03 AM)   


بانڈی پورہ مزید3مثبت

بندشوں میں سختی

بانڈی پورہ//عازم جان //بانڈی پورہ میں سنیچرکوکوروناوائرس سے متاثرہ 3 مثبت معاملات کے سامنے آنے کے بعد ضلع میں سخت بندشیں عائد کی گئیں۔اطلاعات کے مطابق سنیچروار کوپٹھکوٹ میں دو اورقصبہ کے وارڈ نمبر5میں ایک بچے کا کووِڈ- 19ٹیسٹ مثبت آیاجس کے بعدانتظامیہ نے قصبہ بانڈی پورہ کے علاوہ داچھی گام،کلوسہ،مگنی پورہ،اجس،بنہ کوٹ،پتھکوٹ،اہم شریف،خیار،گنڈپورکے علاوہ تلیل اور گریز میں بھی سخت بندشیں عائد کیں۔ انتظامیہ اور پولیس ضلع میں لاک ڈائون پرسختی سے عمل کروارہے ہیں اور لوگوں کو رہنماخطوط پر سختی سے عمل کرنے کی اپیلیں بھی کررہے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ضلع میں کووِڈ- 19کے15 معاملات مثبت آئے جبکہ تین روز کے دوران مثبت کیسوں کی تعداد35ہوگئی۔  
 
 

کسانوں کو نظراندازکیا جارہا ہے،کسان مزدور مہاسنگھ کاالزام

کپوارہ//اشرف چراغ // راشٹریہ کسان مزدور مہا سنگھ نے سرکار پر الزام لگایا ہے کہ وہ کسانو ں کو نظر انداز کر رہی ہے ۔ہفتہ کو ’’ کسان شہید دیوس ‘‘ کے موقعہ پرراشٹریہ کسان مزدور مہاسنگھ جمو ں و کشمیر کے صدر تنویر احمد ڈار نے کہا کہ آج تک کسی بھی حکومت نے کسانو ں کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے، جو سر اسر نا انصافی ہے ۔انہو ں نے کہا کہ شعبہ زراعت اقتصادیات میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ،مگر اس شعبے سے وابستہ کسان سب سے زیادہ پریشان حال ہیں، جو بدقسمتی ہے ۔انہو ں نے مطالبہ کیا کہ کسانو ں کے ساتھ کئے گئے وعدے فوری طور پورا کئے جائیں اور ان کے بینک قرضے معاف کئے جائیں ۔
 
 
 

پاکستان کا بھارتی کوڈکاپٹرمار گرانے کا دعویٰ

سرینگر//پاکستان نے ایک بھارتی کاڈکاپٹر کومار گرانے کادعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ یہ طیارہ مبینہ طور حدمتارکہ پار کرگیاتھا۔کے این ایس کے مطابق پاکستان کے فوجی ترجمان میجر جنرل بابر افتخارنے ایک بیان میں کہا کہ منی کاپٹر نے حدمتارکہ کے خنجر سیکٹر میں ملک کے ہوائی علاقے کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا کہ حدمتارکہ پر کواڈ کاپٹر نے پاکستانی حدودمیں500  میٹر کی دوری طے کی گئی تھی ،جو ہوائی علاقے کی خلاف ورزی مانا گیا۔پاکستانی ترجمان نے دعویٰ کیا کہ اس سال پاکستانی فوج کے جوانوں کے ذریعے مار گرائے جانے والا یہ آٹھواں بھارتی کواڈکاپٹر تھا۔
 
 

رامحال ہندوارہ میں آگ

رہائشی مکان خاکستر 

اشرف چراغ 
 
کپوارہ//رامحال ہندوارہ میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں ایک دومنزلہ مکان خاکستر ہوا ۔کینل رامحال کے غلام محمد خان ولد غلا م احمد خان کے مکان میں دوپہر کو اچانک آگ نمو دار ہوئی جس نے فوری طور پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔مقامی لوگو ں نے فوری طور مکان میں موجود افراد کو باہر نکالا اور اس دوران کرالہ پورہ اور ولگام سے فائرسروس ٹینڈر جائے واردات پر پہنچ گئے تاہم مکان مکمل طور خاکستر ہوا ۔اس دوران تحصیلدار تارت پورہ محمد مقبول جائے واردات پر پہنچ گئے اور صورتحال کی جانکاری حاصل کر کے متا ثرین میں ریڈ کراس فنڈ سے امداد فراہم کی۔انہو ں نے کہا کہ نقصان کا تخمینہ لگا کر متا ثرین کو بھر پور مدد کی جائے گی ۔
 

ہماری بازآبادکاری کیلئے اقدامات کئے جائیں

وادی کے ٹیلی ویژن فنکاروں کا حکومت سے مطالبہ 

سرینگر//وادی سے تعلق رکھنے والے ٹیلی ویژن فنکاروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اُن کے حق میں خصوصی پیکیج کا اعلان کیا جائے کیونکہ لاک ڈائون کی وجہ سے وہ بھی دیگر محنت کش طبقوں کی طرح متاثر ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ5ہزار فنکاروں کے29کروڑ روپے دور درشن کیندرسرینگر کے پاس واجب الادا ہیں ۔انہوں نے واجب الادا رقوم کوفوری طور پر واگزار کرنے کا مطالبہ کیا۔ جے کے یوتھ میڈیا فیڈریشن کے صدر جاوید احمد خان نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی سے کشمیر کا فنکار طبقہ طرح طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔انہوں نے کہا ’یہاں کا فنکار سرکاری چینل ڈی ڈی کاشر پر انحصار کرتا ہے لیکن اس چینل پر کشمیری فنکاروں کو کوئی موقع فراہم نہیں کیا جاتاہے۔انہوں نے کہاکہ دور درشن کیندر سرینگر کے پاس 5ہزار فنکاروں کے29کروڑ روپے واجب الادا ہیں جنہیں واگزار نہیں کیا جارہا ہے اور اُن معاشی حالت تباہ ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ دیگر محنت کشوں کی طرح اُن کی بحالی یا باز آباد کاری کیلئے اقدامات کئے جائیں۔
 

۔113 عارضی لیکچرر تنخواہوں سے محروم

سرینگر//وادی کشمیر کے مختلف کالجوں میں کام کر رہے 113عارضی لیکچراروںکی تنخواہیںرکی پڑی ہیں۔عید الفطر سے قبل1037 لیکچراروں کی تنخواہیں واگزار کی گئیں لیکن113لیکچررابھی بھی محروم ہیں۔ انہوں نے سرکار سے اُن کی تنخواہیں واگزار کرنے کا مطالبہ کیا۔اس سلسلے میں جموںو کشمیر کالج کنٹریکچول ٹیچرس ایسو سی ایشن کے ایک رکن ڈاکٹر محمد یوسف ننگرو نے لیفٹننٹ گورنر گریش چندر مرمو ، ایڈ وائزر کے کے شرما، سیکریٹری ہائر ایجوکیشن طلت پرویز اور ڈائریکٹر کالجز یاسین شاہ سے اپیل کی ہے کہ اُن کی تنخواہیںواگزار کی جائیں ۔ کے این ایس
 

گورو ارجن دیو جی کی برسی

ڈاکٹر فاروق کا خراج عقیدت

سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے گورو ارجن دیو جی کی برسی پر آنجہانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے لوگ صدیوں سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کواستحکام بخشنے میں پیش پیش رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھائی چارہ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو تقویت بخشنے میں ہر فرقہ کے پیشوائوں نے درس دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے لوگوں نے ہمیشہ ہندو مسلم سکھ اتحاد کی مشعل کو زندہ رکھا ہے اور یہ روایت ہمیشہ قائم رہے گی۔ صوبائی صدر جموں دیوندر سنگھ رانا، اراکین پارلیمان محمد اکبر لون، حسنین مسعودی اوراقلیتی سیل کے آرگنائزر جگدیش سنگھ آزاد نے بھی آنجہانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
 

پاور کنٹرولر کی شوپیان کے صارفین کیلئے اطلاع

سرینگر//پاور کنٹرولر کشمیر (پی ڈی ڈی)بمنہ کی ایک اطلاع کے مطابق 33کے وی شوپیان بٹہ پورہ  اور شوپیان پنجورہ میں ترسیلی لائنوں کی مرمت کے پیش نظر بجلی سپلائی بند رہے گی۔اس سلسلے میں بٹہ پورہ، گاگرن، پنجورہ اور چودھری گنڈ رسیونگ سٹیشنوں سے جن علاقوں کو بجلی فراہم ہوتی ہے وہاں 7،11،14،18،21اور 25جون کو صبح ساڑھے نو بجے سے لیکر ساڑھے چار بجے تک بجلی بندرہے گی۔
 

پنگلش ترال بجلی سپلائی سے محروم

سید اعجاز
 
ترال//پنگلش ترال میںبجلی کی عدم دستیابی کے نتیجے میں لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوںنے کہا کہ علاقے میں ابھی تک کٹوتی شیدول میں کوئی تبدیلی نہیں لائی جارہی ہے۔انہوں نے محکمہ کے افسران سے اپیل کی کہ علاقے میں نئے شڈول کے مطابق بجلی فراہم کی جائے تاکہ آبادی کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
 

سرکاری چاول کی چور بازاری

نادی گام بڈگام میں گاڑی ضبط،ڈرایئور فرار

سرینگر //بڈگام پولیس کو اس وقت ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی جب انہوں نے سرکاری چاول کو بلیک مارکیٹنگ میں فروخت کرنے کی ایک کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ایک ٹاٹا موبائل سے سرکاری چاول برآمد کرلیا۔پولیس کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ انہوں نے جونہی ایک ٹاٹا موبائل گاڑی زیر نمبرJKA055/ 57661 کو نادی گام بڈگام میں رکنے کا اشارہ کیا تو گاڑی کے ڈرایئور نے فرار ہونے میں کامیابی حاصل کرلی۔اس دوران پولیس نے گاڑی کی تلاشی لیتے ہوئے اس میں چھپائے گئے 25 سے زائد چاول کی بوریاں ضبط کیں۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرلیا ہے جبکہ اس بارے میں مزید تحقیقات جاری ہے۔کے این ٹی
 

عوامی مجلس عمل کا مولوی مشتاق کو خراج عقیدت

سرینگر//عوامی مجلس عمل نے تنظیم کے سرکردہ رہنما اور میرواعظ خاندان کے چشم و چراغ مولوی مشتاق احمد کی 16ویں برسی پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے اُن کی انسانی خدمات کو انتہائی قابل قد ر اور ناقابل فراموش قرار دیا ہے۔کووڈ۔19 کی قہر انگیز وباء کے پیش نظر فاتحہ خوانی اور خراج عقیدت کی تقریبات ملتوی کی گئیں۔بیان میں کہا گیا کہ مرحوم انتہائی مخلص ، بے لوث اور اپنوں اور پرائیوں کے تئیں درد دل رکھنے والے ایک ایسے رہنما تھے جنہوں نے اپنے خاندانی روایات کے پیش نظر اہلیان کشمیر کی خدمت کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چوڑی۔
 

گنڈ کنگن میں کل سے دکانیں کھولنے کی اجازت

غلام نبی رینہ
 
کنگن//لاک ڈاؤن میں نرمی کے اعلان کے ساتھ ہی تحصیلدار گنڈ فریدالدین کھٹانہ نے دکانداروں اورمساجد کمیٹیوں کے ساتھ ایک میٹنگ کی جس میں دکانداروں سے کہا گیا کہ سوموار سے صبح آٹھ بجے سے گیارہ بجے تک اور شام چار بجے سے نو بجے تک دکانیں کھولیںتاہم اس دوران جسمانی دوریوں کا خاص خیال رکھا جائے۔ اس دوران مساجد کمیٹیوںکے ممبران سے کہا گیا ہے کہ مساجد میں دس افراد تک نمازیں ادا کرسکتے ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بازاروں میں سامان خریدنے کے دوران سماجی دوریوں کا خیال رکھنے کے ساتھ ساتھ ماسک پہن لیں۔
 

BPLصارفین کوAPLنرخوں پر راشن کی فروخت

اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جائے :راجہ مظفر 
سرینگر //جموں وکشمیر آر ٹی آئی موومنٹ نے بی پی ایل صارفین کو اے پی ایل نرخوں پر راشن فراہم کرنے پر تشویس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی اعلیٰ سطح تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔راجہ مظفر نے محکمہ امورصارفین وعوامی تقسیم کاری کے عہدیداروں کے خلاف اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) کے ذریعے تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا ہے ۔راجہ مظفر بٹ نے کہا کہ بڈگام اوردیگر اضلاع کے بہت سے گائوں میں ایف سی ایس اور سی اے کے عہدیدار گذشتہ 4 سے 5 برسوں کے دوران بی پی ایل راشن کارڈ ہولڈر کو (اے پی ایل کی شرح) پر راشن فروخت کررہے ہیںجو کہ ان کے ساتھ سر ا سر ناانصافی ہے انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی اعلیٰ سطی تحقیقات کی جائے ۔
 

محکمہ ایکسائز کی کارروائیاں جاری

۔179کنال اراضی پر پھیلی خشخاش کی فصل تباہ

سرینگر//محکمہ ایکسائز کشمیر نے مختلف اضلاع میں 179 کنال زمین پر خشخاش کی فصل کو ختم کردیا ہے۔ڈپٹی ایکسائز کمشنر کشمیر نے بتایا کہ ایکسائز اور ٹیکزیشن آفیسر جنوبی کشمیر ، شمالی کشمیر اوروسطی کشمیر کی سربراہی میں ایکسائز انفورسمنٹ ٹیموں نے 4 جون اور 5 جون کو اننت ناگ ، شوپیاں ،پلوامہ، کولگام ، بانڈی پورہ ، گاندربل ،بارہمولہ اور بڈگام کے مختلف علاقوںمیں یہ کارروائیاں انجام دیں۔بیان کے مطابق اب تک 2423 کنال اراضی پر پھیلی خشخاش کی فصل کو تباہ کردیا گیا ہے اور یہ مہم مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔
 
 

رتنی پورہ کے نامور شاعرعبدالرشید قرار فوت 

سرینگر// وادی کشمیر کے نامور ماہر تعلیم اور کشمیری و اردو زبان کے شاعر عبدالرشید قرارساکن رتنی پورہ پلوامہ انتقال کر گئے۔اُن کی عمر85برس تھی۔اُن کے انتقال پر کئی ادبی، سماجی اور دینی انجمنوں نے دکھ کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیاہے۔ نو ادبی کارواں پلوامہ کے ایک وفدنے سرپرست اعلیٰ عبدالرحمان فدا کی قیادت میں لواحقین کے ساتھ تعزیتی پرسی کی۔ ا دھرڈسڑکٹ کلچر سوسائٹی پلوامہ، مراز ادبی سنگم، اے آرآزاد میموریل فائونڈیشن قوئل اور قاضی کلچر ل فورم روہمو نے موصوف کے انتقال پر سخت صدمے کا اظہار کیا۔ اُدھر ڈسڑکٹ کلچر سو سائٹی پلوامہ کے جنرل سیکریٹری جلال الدین دلنواز نے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی۔کے این ایس
 

آغا حسن کا اظہار تعزیت

سرینگر//انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن نے تنظیم کے دیرینہ کارکن اور صدرِ ضلع بانڈی پورہ کے برادر اکبر محمد جعفر ڈار ساکن گامدو سوناواری کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین و پسماندگان بالخصوص حاجی عبدالرحیم ڈار سے تعزیت کی۔ آغا حسن نے مرحوم کے بلند درجات اور بخشش و مغفرت کی دعا کی۔
 

سرینگر میں5 قمار باز گرفتار

سرینگر// سرینگر پولیس نے عمر ہیربژھ پورہ صورہ میں قمار بازوں کے ایک اڈے پر چھاپہ مار کر 5 قمار بازوں کو گرفتار کیااور داو پر لگائے گئے27200 روپئے اور تاش کے پتے ضبط کئے۔ پولیس تھانہ صورہ میں اس سلسلے میںکیس زیرایف آئی آر نمبر /2020 55درج کیاگیا۔
 

تازہ ترین