کورونا سے حاملہ خواتین کاتحفظ

کپوارہ انتظامیہ کو اقدام کرنے کی عدالت کی ہدایت

تاریخ    7 جون 2020 (00 : 03 AM)   


اشرف چراغ
کپوارہ//ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کپوارہ نے ضلع انتطامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ ضلع میں حاملہ خواتین کوکوروناوائرس سے تحفظ فراہم کرنے اور انہیں اسپتال پہنچانے کیلئے مفت ٹرانسپورٹ سروس مہیا رکھے۔کپوارہ میں حاملہ خواتین کے کووِڈ- 19 کا شکار ہونے کے معاملات میں اضافہ کے پیش نظرایڈوکیٹ عمرمیر نے لیگل اتھارٹی ایکٹ کے تحت انچارج پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں عرضی دائر کی ۔عدالت نے معاملے کی سماعت کے دوران انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ ضلع میں حاملہ خواتین کے تحفظ کیلئے اقدامات اُٹھائیں ۔درخواست گزار نے عدالت سے مطالبہ کیاکہ ضلع کے ہر گائوں میں حاملہ خواتین کی سروے کی جائے تاکہ انہیں اسپتال پہنچانے کیلئے مفت ٹرانسپورٹ فراہم کیاجائے۔ عدالت نے چیف میڈیکل افسر کپوارہ کو ہدایت دی کہ وہ ہر بلاک کے میڈیکل افسر کو متحرک کریں اورہرگائوں میں آشاورکروں کے ذریعے حاملہ خواتین کی فہرست مرتب کریں تاکہ حاملہ خواتین کو اسپتال پہنچانے کیلئے ایمبولینس کابندوبست کیاجائے۔موصوف جج نے  ڈپٹی کمشنر کپوارہ کو بھی ہدایت دی کہ وہ لاک ڈائون کے دوران حاملہ خواتین کو اسپتال پہنچانے کیلئے مفت ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کیلئے اقدام کرے۔ڈپٹی کمشنر،ایس ایس پی اور چیف میڈیکل افسر کپوارہ کے نام ایک مشترکہ ہدایت میں عدالت نے کہا کہ لاک ڈائون کے دوران حاملہ خواتین کو اسپتال پہنچنے کیلئے بغیر کسی رکاوٹ کے انتظامات کوحتمی شکل دیں ۔عدالت نے کہا کہ اسپتالوں میں حاملہ خواتین اورنوزائیدبچوں کو کوروناوائرس سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے تسلی بخش اقدامات کئے جائیں۔   
 

تازہ ترین