کورونا متاثرین میں ریکارڈ 8909 کا اضافہ،ملک میں مجموعی تعداد2,07,615

تاریخ    3 جون 2020 (47 : 11 AM)   


یو این آئی
نئی دہلی// ملک میں کوورونا وائرس کا قہر انتہائی تیزی سے بڑھ رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ 8909 نئے کیس درج کئے جانے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد دو لاکھ سے متجاوز کر گئی۔
صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے بدھ کو جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متاثرین کی تعداد بڑھ کر 2,07,615ہو گئی۔ اس دوران 217 لوگوں کی موت کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 5815 ہو گئی۔ ملک میں اب تک کل 100303 لوگ صحت مند بھی ہو چکے ہیں اور فعال کیسوں کی تعداد بڑھ کر 101497 ہو گئی ہے۔
مہاراشٹر اس وبا سے ملک میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2287 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور 103 افراد کی موت ہوئی ہے جس کے ساتھ ہی ریاست میں اس وباسے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 72،300 اور اس جان لیوا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 2،465 ہو گئی ہے۔ اس دوران ریاست میں 1،225 لوگ شفایایب ہوئے ہیں جس سے صحت مند ہونے والوں کی مجموعی تعداد 31،333 ہو گئی ہے۔

تازہ ترین