ضلع ہسپتال گاندربل کووِڈ- 19کیلئے وقف کرنے سے دیگر مریضوں کو مشکلات

تاریخ    1 جون 2020 (00 : 03 AM)   


ارشاداحمد
گاندربل//ضلع اسپتال گاندربل کو کورونامتاثرین کیلئے وقف کئے جانے کے بعد سے گاندربل میں دیگر مریضوں کو گوناگوں مشکلات کا سامنا ہے۔ایک ہفتہ قبل لیفٹنٹ گورنر کے صلاح کار بصیراحمدخان نے ضلع کا دورہ کرکے ہاتھبرہ میں موجود نودہ ودیالیہ اسکول ،جہاں کوروناوائرس میں مبتلاء مریضوں کیلئے انتظامات کئے گئے ہیں،کا جائزہ لیااورہدایت دی کہ ضلع میں کوروناوائرس میں مبتلاء مریضوں کوضلع اسپتال سے یہاں منتقل کیاجائے لیکن ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود بھی ضلع اسپتال سے کروناوائرس مریضوں کویہاں منتقل نہیں کیا گیا،جس کی وجہ سے ضلع بھر کے دیگر مریضوں کو گوناگوں مشکلات کا سامنا ہے۔عوامی حلقوں، سماجی انجمنوں اورسول سو سائٹی  نے ضلع اسپتال کوقرنطینہ مرکز میں تبدیل کرنے پر ناراضگی کااظہار کیاہے۔ ادھر ضلع ہسپتال گاندربل میں کروناوائرس بیماری میں مبتلا افراد کے مطابق ہسپتال میں داخل کروناوائرس مریضوں کے لئے وہ سہولیات اور علاج معالجہ میسر نہیں ہے،جو ان کو دی  جانی چاہئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ضلع اسپتال میں کورونا وائرس مریضوں کیلئے ایک ہی غسل خانہ دستیا ب ہے ۔کئی سیاسی جماعتوں،سماجی وسول سوسائٹی نمائندوں نے ضلع اسپتال کو کورونا وائرس مریضوں سے خالی کرکے دیگر بیماریوں میں مبتلاء مریضوں کیلئے پھر سے شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔اس بارے میں گاندربل سپیکس نامی سماجی انجمن کے سجاد احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ضلع ہسپتال گاندربل کو کروناوائرس بیماری میں مبتلا افراد کے لئے وقف کرنا ضلع انتظامیہ کی بہت بڑی غلطی تھی کیونکہ اس فیصلے سے ضلع میں موجود ہزاروں مختلف امراض میں مبتلا مریضوں کو کافی مشکلات درپیش آئے، اگرچہ ضلع میں کروناوائرس بیماری میں مبتلا افراد کے کئی مراکز میسر تھے ،جیسے ہتبرہ نودہو دیالیہ سکول، مانسبل سینک سکول،فزیکل  ایجوکیشن کالج گاڑورہ،میٹرنٹی ہسپتال وتہ لار، لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر ضلع ہسپتال ہی اس کیلئے وقف کیا گیا جو کہ غلط فیصلہ مانا جارہا ہے۔اس بارے میں جب کشمیر عظمیٰ نے ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شفقت اقبال سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ ضلع ہسپتال مرکزی وزارت صحت میں درج ہوچکا ہے ہم نے اس بارے میں ان کو آگاہی دی ہے کہ ہمیں کروناوائرس بیماری میں مبتلا افراد کو دوسری جگہ منتقل کرنے کی اجازت دی جائے اور امید ہے کہ جلد ہی منتقلی کا عمل شروع ہوجائے گا ۔
 

تازہ ترین