تازہ ترین

جزیرہ سینا مصر میں جھڑپ،19جنگجو اور5اہلکار ہلاک

تاریخ    1 جون 2020 (00 : 03 AM)   


یو این آئی
قاہرہ//مصر کے شمالی علاقے جزیزہ سینا میں فوج اورجنگجووں کے درمیان جھڑپ میں 5 سپاہیوں سمیت 24 افراد ہلاک ہوگئے۔ایک بین الاقوامی ٹیلی ویژن چینل کے مطابق مصری فوج نے ویڈیو بیان میں کہا کہ گزشتہ ہفتے بیرالعبد، رفاہ اور شیخ زوید میں حملے ہوئے تھے اور اسی حوالے سے کارروائی کے دوران جنگجووں سے جھڑپ ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ جھڑپ میں 19 جنگجووں مارے گئے اور فوج کا بھی جانی نقصان ہوا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج کی کارروائی میں مارے گئے جنگجووں میں تین 'انتہائی خطرناک' تھے جبکہ دیگر 16 شدت پسندوں کے ٹھکانوں میں چھپے ہوئے تھے۔مصری فوج کے مطابق جنگجووں کے قبضے سے آٹومیٹک رائفلز، ہینڈ گرینیڈز اور راکٹ بھی برآمد کرلیے گئے ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جھڑپ میں دو افسر اور 2 فوجی مارے گئے اور متعدد زخمی ہوئے۔غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق ایک اور عہدیدار کا کہنا تھا کہ فوجی قافلے کی گاڑی دھماکا خیز مواد سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں ایک کرنیل سمیت دو افسران اور تین فوجی مارے گئے۔مصر کے جزیرہ سینا میں ہونیوالے ان کارروائیوں کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔فوج کے ترجمان نے 4 مئی کو ایک بیان میں کہا تھا کہ جزیرہ سینا میں آپریشن کے دوران 126 جنگجو اور 15 فوجی بھی مارے گئے۔ان کا کہنا تھا کہ فوج نے چند دنوں میں ایام میں جزیرہ سینا کے وسطی اور شمالی علاقوں میں 22 چھاپے اور 16 آپریشن کیے جس کے نتیجے میں 126 جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔فوجی ترجمان نے کہا تھا کہ جنگجووں سے جھڑپوں کے دوران 15 فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے جبکہ جنگجووں کی 228 پناہ گاہوں کو فضائی کارروائی میں تباہ کردیا گیا۔انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ 226 عسکریت پسندوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔خیال رہے کہ سینا کا علاقہ طویل عرصے سے بدامنی کا شکار ہے جہاں داعش کا مقامی مسلح گروپ موجود تھا جس نے کئی حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔سینا میں جھڑپوں میں 2013 میں سابق صدر محمد مرسی کی حکومت کو ختم کرکے فوج کے سربراہ جنرل عبدالفتح السیسی کے برسر اقتدار میں آنے کے بعد تیزی آئی ہے۔
 

تازہ ترین