ڈوڈہ میں کورونا کی پھر سے دستک ،کمسن بچے اور 2نوجوانوں کی رپورٹ مثبت

تاریخ    31 مئی 2020 (00 : 03 AM)   


اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے کے کئی روز بعد ایک کمسن سمیت مزید3 افراد کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ 2سالہ لڑکا اپنی ماں کے ہمراہ پنجاب گرداس پور سے واپس ڈوڈہ آیا تھا اور اسی روز جی ایم سی ڈوڈہ میں اس کا نمونہ لیا گیا جبکہ بچے کی ماں کوحاملہ ہونے کی وجہ سے ہوم قرنطینہ بھیجا گیا تاہم ہفتہ کے روز2 سالہ بچے کی رپورٹ مثبت آئی ۔اس کے بعد انتظامیہ نے سبھی اہل خانہ کو جی ایم سی ڈوڈہ کے آئیسو لیشن وارڈ بھیج دیاہے ۔ بچے کا والد گذشتہ روز ڈوڈہ بھی آیا تھا جس کے پیش نظر انتظامیہ نے پنجاب نیشنل بینک کو سیل کرکے سبھی عملہ کو قرنطینہ میں منتقل کیا ہے۔ وہیں عسر کے نزدیکی گاؤں سے ایک نوجوان کا ٹیسٹ مثبت آنے سے پورے علاقہ میں افرا تفری پھیل گئی ہے۔مذکورہ نوجوان نے نوکری کی غرض سے ایک نجی کمپنی میں فارم داخل کیا تھا جس کے بعد کمپنی نے اسے اپنا ٹیسٹ دینے کو کہاجس کیلئے اسے بٹوت جاناپڑااسی کے بعد اس کی رپورٹ مثبت آئی ہے ۔ انتظامیہ نے پورے گاؤں کو سیل کرکے سبھی راستوں کو بند کردیاہے۔ بھلیسہ کے ایک30 سالہ نوجوان کی رپورٹ بھی مثبت آئی ہے۔مذکورہ نوجوان سانبہ میں مزدوری کرتا تھا جس کا گذشتہ دنوں ٹیسٹ ادھمپور کے چیننی میں کیا گیا جس کی رپورٹ مثبت آئی ۔ ادھر انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سماجی دوری کا خاص خیال رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ واضح رہے کہ ڈوڈہ ضلع میں گذشتہ دنوں ایک طالبہ ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد اسے جی ایم سی کے آئیسو لیشن وارڈ میں رکھا گیا اور دو روز قبل اس کا ٹیسٹ منفی آیا جس کے بعد اسے ہوم قرنطینہ بھیجا گیا تھا اور اسطرح سے ڈوڈہ ضلع کرونا سے صاف ہوگیا تھا تاہم آج مثبت کیس آنے سے ڈوڈہ ضلع میں مجموعی تعداد تین ہو گئی تھی۔
 

تازہ ترین