سڑک یا دریاکنارے مردہ جانوروں کی موجودگی | اننت ناگ کے مختلف علاقوں میں عوام کوذہنی کوفت

تاریخ    31 مئی 2020 (00 : 03 AM)   


عارف بلوچ
اننت ناگ//اننت ناگ ضلع کے اکثر علاقوں میں مردہ جانوروں کو سڑک یا دریا کنارے پھینکنے سے بدبو پھیل جاتی ہے اورلوگوں کومشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے ۔ضلع کے کم چنار نوپورہ،مڈگج براگام،وانگنڈ قاضی گنڈ اور کوڈیگام وغیرہ علاقوں میں نامعلوم افراد کی جانب سے مردہ جانوروں کو سڑک یا دریا کنارے پھینکنے کا یہ سلسلہ جاری ہے۔شوکت احمد حجام نامی ایک شخص نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گرمی کے ایام میں اب یہ بدبو سوہان روح بن جاتی ہے ۔یہی نہیں بلکہ آوارہ کتوں کی آماجگاہ بھی ثابت ہوتی ہے اورپھر بچوں اور عمر رسیدہ اشخاص کو گھروں سے باہر نکلنے میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔محکمہ صحت کے ایک ملازم نے کہا کہ بدقسمتی سے کشمیر میں مردہ جانوروں کو ٹھکانے لگانے کے لئے کوئی منصوبہ بند پالیسی نہیں ہے اور یہی وجہ ہے کہ اکثر ایسے جانور دریااورسڑک کنارے ملتے ہیں اور ان مقامات سے پھیلنے والی بدبو اکثر بیماریاں پھیلنے کی وجہ بن جاتے ہیں ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مردہ جانوروںکو ٹھکانے لگانے کے لئے منصوبہ بند پالیسی کی ضرورت ہے ۔صدر میونسپل کمیٹی محمد اقبال نے کہا کہ وہ صرف میونسپلٹی حدود میں ایسے مسائل حل کرسکتے ہیںبلکہ سنیچر کو بھی کلم چنار و گگڈ ژونڈ میں سڑک کے کنارے پڑے مردہ جانوروں کو اٹھایاگیا ۔
 

تازہ ترین