تازہ ترین

انتظامیہ کی طرف سے سرینگر میں 31مئی تک مکمل لاک ڈاﺅن کے احکامات

23 مئی 2020 (36 : 05 PM)   
(      )

نیوز ڈیسک
سرینگر//ضلع مجسٹریٹ سرینگر نے ہفتے کے روز ہدایت دی کہ سرینگر میں 31مئی تک مکمل اور سخت لاک ڈاﺅن نافذ رہے گا۔اس ہدایت کا اعلان کورونا وائرس سے پیدا صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا۔
ضلع مجسٹریٹ سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے یہ احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس کا فیصلہ گذشتہ ایک ہفتے سے مختلف علاقوں میں لاک ڈاﺅن کی سنگین خلاف ورزیوں کے پیش نظر لیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسا کرنا اس لئے بھی ضروری ہے تاکہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے پہلے کی گئی کوششیں ضائع نہ ہوں ۔
یہ فیصلہ ضلع انتظامیہ کی تفصیلی میٹنگ میں لیا گیا جو کورونا وائرس اور اس کے پھیلاﺅ سے پیدا صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے طلب کی گئی تھی۔
 میٹنگ میں حصہ لیتے ہوئے ایس ایس پی سرینگر ڈاکٹر حسیب مغل نے کہا کہ لاک ڈاﺅن نافذ العمل بنانے کیلئے کارگر منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے لاک ڈاﺅن کے دوران اٹھائے جانے والے حفاظتی انتظامات کا خاکہ بھی پیش کیا۔
میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ کل یعنی اتوار سے ضلع سرینگر میں سخت ترین بندشیں عائد رہیں گی ،تاہم اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو ہر صورت ممکن بنایا جائے گا۔ 
میٹنگ میں آر ٹی او کشمیر کو بتایا گیا کہ لاک ڈاﺅن کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کیخلاف سنگین کارروائی عمل میں لائی جائے۔