لیفٹنٹ گورنر کا اُدھمپور ریلوے سٹیشن کا دورہ

واپس آنے والے لوگوں کو فراہم کی جا رہی سہولیات کا جائزہ لیا

20 مئی 2020 (00 : 03 AM)   
(      )

نیوز ڈیسک
اودھمپور//لیفٹنٹ گورنر گریش چندر مرمو نے جموں کشمیر یونین ٹیر ٹری کی خاتونِ اول سمتا مرمو کے ہمراہ اودھمپور ریلوے سٹیشن کا دورہ کر کے یہاں خصوصی ریل گاڑیوں کے ذریعے ملک کے مختلف حصوں سے واپس آ رہے جموں کشمیر کے درماندہ لوگوں کو فراہم کی جا رہی سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ کمشنر سیکرٹری محکمہ صنعت و حرفت جو کہ اودھمپور میں واپس آ رہے درماندہ لوگوں کیلئے انتظامات کے نوڈل افسر بھی ہیں ،نے  لیفٹنٹ گورنر کو واپس آنے والوں کو فراہم کی جا رہی مختلف سہولیات کے بارے میں تفصیل دی ۔ انہوں نے لفٹینٹ گورنر کو جانکاری دی کہ جموں کشمیر کے قریباً 60 ہزار لوگ 60 خصوصی ریل گاڑیوں میں اوسطاً ایک ہزار مسافروں کو لیکر یو ٹی واپس آ رہے ہیں ۔ڈپٹی کمشنر اودھمپور نے مسافروں کے خیر مقدم اور انہیں اُن کے آبائی اضلاع کی جانب روانہ کرنے سے متعلق ایک مفصل پاور پوائینٹ پرذنٹیشن پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ درماندہ مسافر وںکی ریل گاڑی سے اترتے ہی پلیٹ فارم پر ٹرانزٹ منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم پر آن لائین رجسٹریشن کی جاتی ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس ضمن میں بہتر کارکردگی کیلئے مختلف سطحوں پر نوڈل افسران تعینات کئے گئے ہیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے اس ضمن میں تمام ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ درماندہ لوگوں کو واپس یو ٹی کے عمل کے دوران کووِڈ-   19 پروٹوکول کی عمل آوری یقینی بنائی جانی چاہئیے ۔ انہوں نے ان مسافروں کی تھرمل سکیننگ پر بھی زور دیا تا کہ کووڈ 19 مثبت معاملات کی بروقت نشاندہی ہو سکے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کووڈ 19  پروٹوکول کے تحت ہی پی پی ای کٹس کو ٹھکانے لگانے  پر بھی زور دیا اور واپس آنے والوں کیلئے وافر مقدار میں کھانے پینے کی اشیاء دستیاب رکھنے اور اُن مقامات جہاں وہ قیا م پذیر ہیں، پر پنکھے وغیرہ لگانے کیلئے کہا ۔ انہوں نے مشن ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ مشن جے اینڈ کے کو مزید پی پی ای کٹس کے حصول کے عمل میں سرعت لانے اور ضلع انتظامیہ اودھمپور کو وافر مقدار میں یہ کٹس فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے اس سلسلے میں ہر سطح پر بہتر تال میل قائم رکھنے کی بھی ہدایت دی تا کہ یہ سارا عمل احسن طور اپنے منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے ۔ لفٹینٹ گورنر نے ضلع میں نمونے اکٹھا کرنے کے عمل کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی اور کووڈ 19 وباء کو مزید پھیلنے سے روکنے کیلئے سماجی دوری بنائے رکھنے پر زور دیا ۔ انہوں نے پلیٹ فارم کا دورہ کر کے وہاں مسافروں کی خیر مقدم کیلئے تعینات عملے کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ بعد میں لفٹینٹ گورنر مسافروں کیلئے عارضی قیام گاہ، فوڈ کاؤنٹر ، ٹرانسپورٹ ایریا وغیرہ کا بھی دورہ کر کے واپس آنے والوں کیلئے انتظامات کا مفصل جائیزہ لیا ۔ انہوں نے مسافروں کی سہولت کیلئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ 

تازہ ترین