تازہ ترین

مینڈھر سیکٹر میں آر پار گولہ باری

۔17سالہ نوجوان لقمہ ٔ اجل ،بھائی زخمی

1 مئی 2020 (00 : 01 AM)   
(   File Photo    )

جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر میں آر پار گولہ باری اور فائرنگ کے نتیجہ میں 17سالہ نوجوان کی ہلاکت ہوگئی جبکہ اس کا بڑا بھائی زخمی ہواہے۔ہندوپاک افواج کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری کا تازہ سلسلہ جمعرات کی شام ساڑھے 6بجے شروع ہواجو آخری اطلاعات موصول ہونے تک جاری تھا ۔اس کشیدگی کے نتیجہ میں 17سالہ گلفراز احمد ولد محمد رشید ساکن ٹائیں منکوٹ لقمہ اجل بن گیا ۔گلفراز شام کے وقت اپنے گھر کے باہر تھاکہ اچانک ایک مارٹر گولہ اس کے قریب آن گراجس کی زد میں آکر وہ لقمہ اجل بن گیا۔اسی دوران بھائی کو خون میں لت پت دیکھ کر بڑا بھائی اسے اٹھانے کیلئے دوڑا جو دوسرے مارٹر گولے کی زد میں آکر زخمی ہواتاہم خوش قسمتی سے اس کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ شام کے وقت جب وہ افطاری کی تیاری میں مصروف تھے تو گولہ باری اور فائرنگ شروع ہوگئی جس دوران کئی مارٹر گولے رہائشی علاقوں میں گرے اوراسی کے نتیجہ میں یہ ہلاکت ہوئی ۔پولیس کے ایک افسر نے بتایاکہ ٹائیں منکوٹ سے تعلق رکھنے والا نوجوان مارٹر شیل کی زد میں آنے سے لقمہ اجل بناجبکہ اس کا بھائی زخمی ہواہے ۔انہوں نے بتایاکہ مارٹر شیل مہلوک نوجوان کے گھر کے نزدیک گرا اوراس کی موقعہ پر ہی ہلاکت واقع ہوئی ۔انہوں نے بتایاکہ آخری اطلاعات ملنے تک فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری تھا۔