مریضوں کو گھروں کی دہلیزپرطبی سہولیات کی فراہمی

لداخ میں موبائل میڈیکل ٹیموں کو ہری جھنڈی

تاریخ    19 اپریل 2020 (09 : 12 AM)   


یواین آئی
لیہہ// لداخ یونین ٹریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر آر کے ماتھر نے ہفتے کے روز خطے کے مریضوں کی دہلیز پر پہنچ کر انہیں طبی ضروریات فراہم کرنے والے موبائل میڈیکل یونٹوں کو ہری جھنڈی دکھائی۔ ان موبائل میڈیکل یونٹس کی ٹیمیں ایس این ایم ہسپتال لیہہ کے اسپیشلسٹس پر مشتمل ہوں گی۔اس موقع پر لیفٹنٹ گورنر نے کہا،’’یہ وقت کی ضرورت بھی ہے اور ہر لحاظ سے لوگوں کی خدمت ہے‘‘۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر کے دفتر کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا گیا،’’لیفٹیننٹ گورنر لداخ آر کے ماتھر نے آج موبائل میڈیکل یونٹس کو ہری جھنڈی دکھائی، یہ ٹیمیں لیہہ کے ایس این ایم ہسپتال کے سپیشلسٹس پر مشتمل ہوں گی جو خطے کے مریضوں کے دہلیز پر پہنچ کر انہیں طبی ضروریات فراہم کریں گی‘‘۔قابل ذکر ہے کہ لداخ یونین ٹریٹری میں اب تک کورونا وائرس کے 18 مثبت کیسز درج ہوئے ہیں جن میں سے چار ایکٹو ہیں جبکہ 14 متاثرین روبہ صحت ہوئے ہیں۔لداخ یونین ٹریٹری میں اگرچہ جموں وکشمیر سے پہلے ہی کورونا وائرس کے مریض درج ہوئے تھے تاہم اب یہاں حالات نسبتاً قابو میں ہیں۔لداخ میں کورونا وائرس کے پیش نظر مکمل لاک ڈاؤن جاری ہے اور لوگ گھروں میں بیٹھ کر ہی اس وائرس کے خلاف بر سر پیکار ہیں۔